عبداللہ بن عباس رضی الله عنہما کہتے ہیں کہ جب نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم معراج کے لیے تشریف لے گئے تو وہاں آپ کا ایک نبی اور کئی نبیوں کے پاس سے گزر ہوا، ان میں سے کسی نبی کے ساتھ ان کی پوری امت تھی، کسی کے ساتھ ایک جماعت تھی، کسی کے ساتھ کوئی نہ تھا، یہاں تک کہ آپ کا گزر ایک بڑے گروہ سے ہوا، تو آپ نے پوچھا یہ کون ہیں؟ کہا گیا: یہ موسیٰ اور ان کی قوم ہے، آپ اپنے سر کو بلند کیجئے اور دیکھئیے: تو یکایک میں نے ایک بہت بڑا گروہ دیکھا جس نے آسمان کے کناروں کو اس جانب سے اس جانب تک گھیر رکھا تھا، مجھ سے کہا گیا کہ یہ آپ کی امت ہے اور اس کے سوا آپ کی امت میں ستر ہزار اور ہیں جو جنت میں بغیر حساب کے داخل ہوں گے، پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم گھر میں تشریف لے گئے اور لوگ آپ سے اس کی بابت نہیں پوچھ سکے اور نہ ہی آپ نے ان کے سامنے اس کی تفسیر بیان کی، چنانچہ ان میں سے بعض صحابہ نے کہا: شاید وہ ہم ہی لوگ ہوں اور بعض نے کہا: شاید ہماری وہ اولاد ہیں جو فطرت اسلام پر پیدا ہوئیں۔ لوگ گفتگو کر ہی رہے تھے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم باہر نکل آئے اور فرمایا: ”یہ وہ لوگ ہوں گے جو نہ بدن پر داغ لگواتے ہیں اور نہ جھاڑ پھونک اور منتر کرواتے ہیں اور نہ ہی بدفالی لیتے ہیں، وہ صرف اپنے رب پر توکل و اعتماد کرتے ہیں“، اسی اثناء میں عکاشہ بن محصن رضی الله عنہ نے کھڑے ہو کر عرض کیا: اللہ کے رسول! کیا میں بھی انہیں میں سے ہوں؟ آپ نے فرمایا: ”ہاں“، (تم بھی انہی میں سے ہو) پھر ایک دوسرے شخص نے کھڑے ہو کر عرض کیا: کیا میں بھی انہیں میں سے ہوں؟ تو آپ نے فرمایا: ”عکاشہ نے تم پر سبقت حاصل کر لی“۱؎۔
امام ترمذی کہتے ہیں: ۱- یہ حدیث حسن صحیح ہے، ۲- اس باب میں ابوہریرہ اور ابن مسعود رضی الله عنہما سے بھی احادیث آئی ہیں۔ [سنن ترمذي/كتاب صفة القيامة والرقائق والورع عن رسول الله صلى الله عليه وسلم/حدیث: 2446]
وضاحت: ۱؎: اس حدیث سے ان لوگوں کی فضیلت ثابت ہوتی ہے جو اللہ پر اعتماد، بھروسہ اور توکل کرتے ہیں، جھاڑ پھونک اور بدشگونی وغیرہ سے بھی بچتے ہیں باوجود یکہ مسنون دعاؤں کے ساتھ دم کرنا اور علاج معالجہ کرنا جائز ہے یہ اللہ رب العالمین پر اعتماد و توکل کی اعلی مثال ہے۔
عرضت علي الأمم جعل يمر النبي معه الرجل النبي معه الرجلان النبي معه الرهط النبي ليس معه أحد رأيت سوادا كثيرا سد الأفق فرجوت أن تكون أمتي فقيل هذا موسى وقومه انظر فرأيت سوادا كثيرا سد الأفق فقيل لي انظر هكذا وهكذا فرأيت سوادا كثيرا سد الأفق هؤلاء أمتك مع هؤ
عرضت علي الأمم أخذ النبي يمر معه الأمة النبي يمر معه النفر النبي يمر معه العشرة النبي يمر معه الخمسة النبي يمر وحده إذا سواد كثير قلت يا جبريل هؤلاء أمتي قال لا انظر إلى الأفق فنظرت فإذا سواد كثير هؤلاء أمتك هؤلاء سبعون ألفا قدامهم لا حساب عليهم ولا عذاب
لما أسري بالنبي جعل يمر بالنبي والنبيين ومعهم القوم النبي والنبيين ومعهم الرهط النبي والنبيين وليس معهم أحد حتى مر بسواد عظيم فقلت من هذا قيل موسى وقومه ارفع رأسك فانظر قال فإذا سواد عظيم قد سد الأفق من ذا الجانب ومن ذا الجانب هؤلاء أمتك من أمتك سبعون ألف
الشیخ ڈاکٹر عبد الرحمٰن فریوائی حفظ اللہ، فوائد و مسائل، سنن ترمذی، تحت الحديث 2446
اردو حاشہ: وضاحت: 1؎: اس حدیث سے ان لوگوں کی فضیلت ثابت ہوتی ہے جو اللہ پر اعتماد، بھروسہ اور توکل کرتے ہیں، جھاڑ پھونک اور بدشگونی وغیرہ سے بھی بچتے ہیں باوجود یکہ مسنون دعاؤں کے ساتھ دم کرنا اور علاج معالجہ کرنا جائز ہے یہ اللہ رب العالمین پراعتمادوتوکل کی اعلی مثال ہے۔
سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 2446
تخریج الحدیث کے تحت دیگر کتب سے حدیث کے فوائد و مسائل
حافظ عمران ايوب لاهوري حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري 5752
´ دم جھاڑ نہ کرانے کی فضیلت ` «. . . فَبَلَغَ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، فَقَالَ: " هُمُ الَّذِينَ لَا يَتَطَيَّرُونَ، وَلَا يَسْتَرْقُونَ، وَلَا يَكْتَوُونَ، وَعَلَى رَبِّهِمْ يَتَوَكَّلُونَ . . .» ”. . . آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ یہ ستر ہزار وہ لوگ ہوں گے جو بدفالی نہیں کرتے، نہ منتر سے جھاڑ پھونک کراتے ہیں اور نہ داغ لگاتے ہیں بلکہ اپنے رب پر بھروسہ کرتے ہیں . . .“[صحيح البخاري/كِتَاب الطِّبِّ/بَابُ مَنْ لَمْ يَرْقِ: 5752]
تخريج الحديث: [131۔ البخاري فى: 76 كتاب الطب: 42 باب من لم يرق 3410، مسلم 220، ابن ماجه 6430] لغوی توضیح: «لَا يَتَطَيَّرُوْنَ» وہ بدشگونی نہیں پکڑتے۔ «لَا يَسْتَرْقُوْنَ» وہ دم طلب نہیں کرتے، حالانکہ دم کرنا اور کرانا جائز ہے جب تک کہ شرکیہ امور پر مشتمل نہ ہو۔ [مسلم: كتاب السلام: باب لا بأس بالرقي ما لم يكن فيه شرك 2200] لیکن وہ لوگ اللہ تعالیٰ پر کمال توکل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس جائز چیز کو بھی ترک کر دیتے ہیں۔ «وَلَا يَكْتَوُوْنَ» وہ داغ نہیں لگواتے۔ یہ علاج کا ایک طریقہ تھا کہ جسم میں درد کے مقام پر گرم لوہے کی سلاخ سے داغ لگایا جاتا تھا۔ یہ کام اب جائز نہیں کیونکہ اس سے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے منع فرما دیا ہے۔ [بخاري: كتاب الطب 5680، ابن ماجه 3491، مسند أحمد 245/2]
جواہر الایمان شرح الولووالمرجان، حدیث/صفحہ نمبر: 131
الشيخ حافظ عبدالشكور ترمذي حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث مسند اسحاق بن راهويه 28
´بغیر حساب و کتاب جنت میں جانے والے ستر ہزار لوگ` سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”میری امت میں سے ستر ہزار بغیر حساب جنت میں جائیں گے۔“ عکاشہ بن محصن رضی اللہ عنہ نے عرض کیا: اللہ سے دعا فرمائیں کہ وہ مجھے ان میں سے بنا دے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اے اللہ! اسے ان میں سے بنا دے۔“ پھر دوسرے شخص نے عرض کیا: اللہ سے دعا فرمائیں کہ وہ مجھے ان میں سے بنا دے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”عکاشہ اس میں تم پر بازی لے گیا۔“[مسند اسحاق بن راهويه/كتاب الايمان/حدیث: 28]
فوائد: ایک حدیث میں ہے سیدنا ابوامامہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں: میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے ہوئے سُنا کہ میرے رب نے میرے ساتھ وعدہ کیا ہے کہ میری امت سے ستر ہزار افراد کو وہ بلا حساب اور عذاب، جنت میں داخل فرمائے گا۔ اور ہر ہزار کے ساتھ (مزید) ستر ہزار آدمی جنت میں داخل فرمائے گا اور تین لپ بھرے ہوئے میرے رب کے اور بھی جنت میں داخل ہوں گے۔ [سنن ترمذي۔ ابواب صفة القيامه۔ باب ماجاء في الشفاعة] مذکورہ حدیث سے اُمت محمدیہ کی فضیلت واضح ہے کہ انچاس لاکھ ستر ہزار افراد بغیر حساب و کتاب جنت میں داخل ہوں گے۔ بعض روایات میں ہے نبی مکرم صلی اللہ علیہ وسلم مذکورہ بالا روایت سنا کر گھر تشریف لے گئے اور صحابہ کرام رضی اللہ عنہم آپس میں ان ستر ہزار کے بارے میں قیاس آرائیاں کرنے لگے، بعض نے کہا: یہ وہ ہوں گے جو اسلام پر پیدا ہوئے اور انہوں نے شرک نہیں کیا۔ بعض نے کہا: جن کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی صحبت کا شرف حاصل ہوا ہے یہ وہ لوگ ہیں۔ جب نبی مکرم صلی اللہ علیہ وسلم تشریف لائے تو صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے اپنی مختلف آراء کا اظہار کیا۔ نبی مکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ یہ وہ ہیں: «لَا يكتُوونَ وَلَا يَستَرِقونَ وَلايَتطَيَّرُونَ وَ علٰي رَبِّهِم يَتَوَكَلُونَ .»[صحيح بخاري: رقم: 6541] ”جو داغ نہیں لگواتے، دم جھاڑ نہیں کرواتے، شگون نہیں لیتے، اپنے رب پر بھروسہ کرتے ہیں۔“ مذکورہ حدیث مبارکہ میں بغیر حساب و کتاب جنت میں داخل ہونے والوں کی نمایاں صفات بیان کی گئی ہیں کہ وہ شرک کی کسی بھی قسم میں مبتلا نہیں ہوتے اور ان کا دم، داغ پر بھروسہ نہیں ہوتا بلکہ اللہ پر توکل کرتے ہیں کہ اس دوائی دم میں تب شفا ہو گی جب اللہ ذوالجلال نے دی یعنی اللہ پر پختہ یقین ہونا چاہئے۔ مذکورہ حدیث سے سیدنا عکاشہ بن محصن اسدی رضی اللہ عنہ کی فضیلت کا بھی اثبات ہے کہ وہ قطعی طور پر بغیر حساب و کتاب جنت میں جائیں گے۔ جو دوسرے صحابی کھڑے ہوئے۔ وہ سیدنا سعد بن عبادہ رضی اللہ عنہ تھے تو فرمایا: ”عکاشہ اس میں تم پر بازی لے گیا“ مطلب یہ کہ وہ قبولیت کی گھڑی تھی جو اب نکل چکی ہے۔
مسند اسحاق بن راھویہ، حدیث/صفحہ نمبر: 28
مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 5752
5752. حضرت ابن عباس ؓ سے روایت ہے انہوں نے کہا کہ نبی ﷺ ایک دن ہمارے پاس تشریف لائے اور فرمایا: تمام امتیں میرے سامنے پیش کی گئیں۔ بعض ایسے انبیا گزرے جن کے ساتھ صرف ایک ایک آدمی تھا اور بعض ایسے نبی بھی گزرے ہیں جن کے ساتھ دو آدمی تھے۔ کچھ انبیاء ایسے بھی تھے جن کے ساتھ ایک چھوٹی سی جماعت تھی اور کچھ ایسے تھی تھے ان کے ساتھ کوئی بھی نہیں تھا۔ پھر میں نے ایک بڑی جماعت دیکھی جس نے افق کو ڈھانپ رکھا تھا میں نے خیال کیا شاید یہ میری امت ہے مجھے کہا گیا کہ یہ حضرت موسیٰ ؑ اور ان کی امت کے لوگ ہیں پھر مجھے کہا گیا دیکھو۔ میں نے دیکھا وہاں بے شمار لوگ ہیں جن سے تمام افق بھرے پڑے تھے۔ پھر مجھ سے کہا گیا دیکھو، ادھر دیکھو۔ میں نے دیکھا بہت سے لوگ ہیں جنہوں نے افق کو ڈھانپ رکھا ہے مجھ سے کہا گیا: یہ لوگ آپ کی امت ہیں اور ان میں سے ستر ہزار لوگ ہوں گے جو جنت۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔)[صحيح بخاري، حديث نمبر:5752]
حدیث حاشیہ: یہ ستر ہزار بڑے بڑے صحابہ اور اولیاءامت ہوں گے ورنہ امت محمدیہ تو کروڑوں اربوں گزر چکی ہے اور ہر وقت دنیا میں کروڑھا کروڑ رہتی ہے۔ ستر ہزار کا ان اربوں میں کیا شمار۔ بہر حال امت محمدی تمام امتوں سے زیادہ ہوگی اور آپ اپنی امت کی یہ کثرت دیکھ کر فخر کریں گے۔ یا اللہ! آپ کی سچی امت میں ہمارا بھی حشر فرمائیو اور آپ کا حوض کوثر پر دیدار نصیب کیجیو آمین یا رب العالمین۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 5752
مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 6541
6541. حضرت ابن عباس ؓ سے روایت ہے انہوں نے کہا کہ نبی ﷺ نے فرمایا: میرے سامنے امتیں پیش کی گئیں۔ ایک نبی گزرا اس کے ساتھ دس آدمی تھے جبکہ ایک نبی کے ساتھ پانچ لوگ تھے۔ ایک نبی تن تنہا تھا۔ پھر میں نے دیکھا تو لوگوں کی ایک بہت بڑی جماعت دور نظرآئی۔ میں نے جبریل ؑ سے پوچھا: کیا یہ میری امت ہے؟ انہوں نے کہا: بلکہ آپ افق کی طرف دیکھیں، میں نے ادھر ادھر دیکہا تو ایک زبردست جماعت دکھائی دی۔ جبریل ؑ نے کہا: یہ آپ کی امت ہے ان کے آگے آگے جو ستر ہزار کی تعداد ہے، ان سے نہ حساب لیا جائے گا اور نہ انہیں عذاب ہوگا۔ میں نے پوچھا: ایسا کیوں ہوگا؟ انہوں نے کہا: یہ لوگ بدن کو نہیں داغتے نہ دم جھاڑ کراتے ہیں اور نہ بد شگونی ہی لیتے ہیں بلکہ اپنے رب پر بھروسا کرتے ہیں۔ پھر عکاشہ بن محصین ؓ اٹھ کر آپ کی طرف اگے بڑھے اور عرض کی: آپ دعا فرمائیں کہ اللہ تعالٰی مجھے ان لوگوں میں سے کر۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔)[صحيح بخاري، حديث نمبر:6541]
حدیث حاشیہ: یہ عکاشہ بن محصن اسی بنی امیہ کے حلیف ہیں۔ جنگ بدر میں ان کی تلوار ٹوٹ گئی تھی تو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کو ایک چھڑی دے دی جو ان کے ہاتھ میں تلوار ہوگئی۔ بعد کی لڑائیوں میں بھی شریک رہے۔ فضلائے صحابہ میں سے تھے جو خلافت صدیقی میں بعمر48 سال فوت ہوگئے۔ حضرت ابن عباس، حضرت ابوہریرہ اور ان کی بہن ام قیس رضی اللہ عنہا ان سے روایت کرتے ہیں۔ سند میں حضرت سعید بن جبیر کا نام آیا ہے۔ جنہیں حجاج بن یوسف نے شعبان95ھ میں ظلم و جور سے قتل کیا تھا۔ سعید بن جبیر کی بددعا سے کچھ دنوں بعد ہی حجاج کا اس بری طرح خاتمہ ہوا کہ وہ لوگوں کے لیے عبرت بن گیا۔ جیسا کہ کتب تواریخ میں مفصل حالات مطالعہ کیے جا سکتے ہیں۔ ہم نے بھی کچھ تفصیل کسی جگہ پیش کی ہے۔ من شاء فلینطر إلیه۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 6541
مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 6472
6472. حضرت ابن عباس ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”میری امت کے ستر ہزار انسان حساب وکتاب کے بغیر جنت میں جائیں گے۔ یہ وہ لوگ ہوں گے جو جھاڑ پھونک نہیں کراتے اور نہ شگون لیتے ہیں بلکہ اپنے رب پرہی بھروسا کرتے ہیں۔“[صحيح بخاري، حديث نمبر:6472]
حدیث حاشیہ: بھروسہ کا یہ مطلب نہیں ہے کہ اسباب کا حاصل کرنا چھوڑ دے بلکہ اسباب کا حاصل کرنا ضروری ہے لیکن عقیدہ یہ ہونا چاہئے کہ جو بھی ہو گا اللہ کے فضل وکرم سے ہوگا۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 6472
الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:3410
3410. حضرت ابن عباس ؓسے روایت ہے، انھوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ ایک دن ہمارے پاس تشریف لائےاور فرمایا: ”تمام امتیں میرے سامنے پیش کی گئیں۔ میں نےدیکھا کہ ایک بہت بڑی جماعت آسمان کے کناروں پرچھائی ہوئی ہے۔ مجھے بتایا گیا کہ یہ اپنی قوم کے ہمراہ حضرت موسیٰ ؑ ہیں۔“[صحيح بخاري، حديث نمبر:3410]
حدیث حاشیہ: 1۔ بہت بڑی جماعت کو سواد سے تعبیر کیا جاتا ہے۔ اس حدیث سے معلوم ہوا کہ رسول اللہ ﷺ کی امت کے بعد حضرت موسیٰ ؑ کی امت تمام انبیاء ؑ کی امتوں سے زیادہ ہوگی۔ امام بخاری ؒ نے متصل طور پر یہ روایت کتاب الطب میں بیان کی ہے۔ آپ نے فرمایا: ”ایک نبی ایسا بھی سامنے آئے گا۔ جس کے ساتھ کوئی امتی نہیں ہو گا۔ “ موسیٰ ؑ کی امت کے بعدآپ اپنی امت کو دیکھیں گے جو تمام امتوں سے زیادہ ہوگی۔ (صحیح البخاري، الطب، حدیث: 5705) 2۔ اس حدیث میں حضرت موسیٰ ؑ اور ان کی امت کا ذکر ہے جو قیامت کے دن پیش کی جائے گی۔ اس لیے امام بخاری ؒ نے مذکورہ عنوان کے تحت اسے بیان فرمایا۔
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 3410
الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:5752
5752. حضرت ابن عباس ؓ سے روایت ہے انہوں نے کہا کہ نبی ﷺ ایک دن ہمارے پاس تشریف لائے اور فرمایا: تمام امتیں میرے سامنے پیش کی گئیں۔ بعض ایسے انبیا گزرے جن کے ساتھ صرف ایک ایک آدمی تھا اور بعض ایسے نبی بھی گزرے ہیں جن کے ساتھ دو آدمی تھے۔ کچھ انبیاء ایسے بھی تھے جن کے ساتھ ایک چھوٹی سی جماعت تھی اور کچھ ایسے تھی تھے ان کے ساتھ کوئی بھی نہیں تھا۔ پھر میں نے ایک بڑی جماعت دیکھی جس نے افق کو ڈھانپ رکھا تھا میں نے خیال کیا شاید یہ میری امت ہے مجھے کہا گیا کہ یہ حضرت موسیٰ ؑ اور ان کی امت کے لوگ ہیں پھر مجھے کہا گیا دیکھو۔ میں نے دیکھا وہاں بے شمار لوگ ہیں جن سے تمام افق بھرے پڑے تھے۔ پھر مجھ سے کہا گیا دیکھو، ادھر دیکھو۔ میں نے دیکھا بہت سے لوگ ہیں جنہوں نے افق کو ڈھانپ رکھا ہے مجھ سے کہا گیا: یہ لوگ آپ کی امت ہیں اور ان میں سے ستر ہزار لوگ ہوں گے جو جنت۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔)[صحيح بخاري، حديث نمبر:5752]
حدیث حاشیہ: (1) عنوان میں دم نہ کرنے والوں کو فضیلت تھی جبکہ حدیث میں دم نہ کرانے والوں کا ذکر ہے، شاید امام بخاری رحمہ اللہ نے اس روایت کی طرف اشارہ کیا ہے جسے امام مسلم رحمہ اللہ نے سعید بن جبیر کے حوالے سے بیان کیا ہے، جس کے الفاظ یہ ہیں کہ وہ ایسے لوگ ہوں گے جو نہ خود دم کرتے ہیں اور نہ کسی دوسرے ہی سے دم کرنے کی درخواست کرتے ہیں، نہ وہ بدشگونی لیتے ہیں بلکہ اپنے رب ہی پر توکل کرتے ہیں۔ (صحیح مسلم، الإیمان، حدیث: 527 (220) یعنی حساب کے بغیر جنت میں جانے والے وہ لوگ ہوں گے جنہوں نے مکمل طور پر خود کو اللہ تعالیٰ کے حوالے کر دیا ہو گا۔ وہ اپنی تکالیف کو دور کرنے کے لیے کسی قسم کے اسباب و ذرائع تلاش نہیں کریں گے۔ (2) اس میں کوئی شبہ نہیں کہ ایسے لوگوں کو اللہ تعالیٰ کے ہاں برتری اور فضیلت حاصل ہو گی کیونکہ علاج معالجہ چھوڑ کر توکل اختیار کرنا بھی حدیث سے ثابت ہے۔ حدیث میں ہے کہ ایک عورت کو مرگی کی تکلیف تھی تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس سے کہا: ”اگر تم صبر کرو تو تمہارے لیے جنت ہے اور اگر تم چاہو تو میں اللہ تعالیٰ سے دعا کرتا ہوں وہ تمہیں شفا عطا فرما دے گا۔ “ اس نے کہا: میں اس بیماری پر صبر کرتی ہوں۔ (صحیح البخاري، المرض، حدیث: 5652) اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا دوا اور علاج کرنا تو آپ کا یہ فعل ہمارے لیے علاج کے اسباب اختیار کرنے کے لیے جواز کی دلیل ہے۔ اس مقام پر حافظ ابن حجر رحمہ اللہ نے بہت عمدہ بحث کی ہے۔ (فتح الباري: 231/10)
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 5752
الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:6472
6472. حضرت ابن عباس ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”میری امت کے ستر ہزار انسان حساب وکتاب کے بغیر جنت میں جائیں گے۔ یہ وہ لوگ ہوں گے جو جھاڑ پھونک نہیں کراتے اور نہ شگون لیتے ہیں بلکہ اپنے رب پرہی بھروسا کرتے ہیں۔“[صحيح بخاري، حديث نمبر:6472]
حدیث حاشیہ: (1) ایک روایت میں ہے: ''وہ آگ سے داغ دے کر اپنا علاج نہیں کریں گے۔ '' (صحیح البخاري، الطب، حدیث: 5705) بعض حضرات نے اس حدیث سے یہ مفہوم کشید کیا ہے کہ وہ خوش قسمت حضرات اسباب کا استعمال کر کے اللہ تعالیٰ پر توکل کرنے والے ہوں گے۔ امام بخاری رحمہ اللہ ان کی تردید کرنا چاہتے ہیں کہ اگر حدیث کا یہ مقصد ہوتا تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اس کی صراحت فرما دیتے لیکن اس حدیث میں صرف تین چیزوں کا ذکر ہے: آگ سے داغ دے کر علاج کروانا۔ دم کا مطالبہ کرنا اور بدشگونی لینا۔ (2) یہ اسباب خود شریعت میں ممنوع ہیں تو حدیث کا مفہوم یہ ہے کہ یہ بندے وہ ہوں گے جو اپنے مقاصد اور ضروریات میں اللہ تعالیٰ پر اعتماد اور بھروسا کرنے کی وجہ سے ان اسباب کو استعمال نہیں کرتے ہوں گے جو اللہ تعالیٰ کو ناپسند ہیں، اس لیے مطلقاً اسباب کو ترک کرنا حدیث کا مقصد نہیں ہے۔ حضرت شاہ ولی اللہ محدث دہلوی نے بھی حدیث کا یہی مفہوم بیان کیا ہے۔ (حجة اللہ البالغة: 92/2)(3) اس حدیث کو صرف پیش گوئی پر ہی محمول نہ کیا جائے بلکہ حدیث کا اصل منشا یہ ہے کہ لوگ اپنی زندگی کو معیاری توکل والی زندگی بنانے کی کوشش کریں تاکہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے جنت میں بے حساب جانے والوں کی فہرست میں ان کا نام آ جائے۔ اللهم اجعلنا منهم۔ آمين يا رب العالمين
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 6472