عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہم سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے جمعہ کے دن نماز سے پہلے حلقہ بنا کر بیٹھنے، اور مسجد میں خرید و فروخت کرنے سے منع فرمایا ہے ۱؎۔ [سنن نسائي/كتاب المساجد/حدیث: 715]
وضاحت: ۱؎: جمعہ کے دن مسجد میں حلقہ بنا کر بیٹھنے سے اس لیے منع کیا گیا ہے کہ جمعہ کے دن مسجد میں خطبہ سننا اور خاموش رہنا ضروری ہے، اور جب لوگ حلقہ بنا کر بیٹھیں گے تو خواہ مخواہ باتیں کریں گے، اور اس کا قطعاً یہ مطلب نہیں ہے کہ جمعہ سے پہلے کسی وقت بھی حلقہ باندھ کر نہیں بیٹھ سکتے۔
فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث 715
715 ۔ اردو حاشیہ: ➊ نماز جمعہ سے قبل علمی حلقے قائم کرنا جمعہ کی اہمیت کو کم کرتا ہے، اس لیے جمعہ کے دن دینی تعلیمی اداروں میں چھٹی کی جاتی ہے۔ یا جمعۃ المبارک کے خطبے کے دوران میں حلقے بنانا منع ہے بلکہ سب لوگ ایک حلقے کی صورت میں امام کیطرف منہ کر کے بیٹھیں۔ یا مطلب یہ ہے کہ خطبۂ جمعہ میں حلقے کی صورت میں نہ بیٹھیں بلکہ صفوں کی سیدھ میں بیٹھیں تاکہ بعد میں نماز کی ادائیگی میں دقت نہ ہو، البتہ صف کی سیدھ میں بیٹھ کر منہ امام کی طرف ہی کیا جائے۔ ➋ مسجد میں خرید و فروخت کا جمعہ سے تعلق نہیں بلکہ مسجد میں خرید و فروخت کرنا ہر وقت منع ہے کیونکہ اس میں شوروغل، جھگڑا اور تکرار ہوتا ہے۔ یہ سب چیزیں مسجد کے تقدس کے خلاف ہیں۔ مسجد تو عبادت، ذکر اور قرأت قرآن کے لیے بنائی جاتی ہے، نیز مسجد میں خرید و فروخت کی اجازت سے نماز وغیرہ میں رکا وٹ پڑے گی اور مسجد کو آنے والا خالص عبادت کے لیے نہیں بلکہ خرید و فروخت کی نیت سے بھی آئے گا، اس طرح وہ آنے کے ثواب سے محروم رہے گا۔ مسجد کی طرف نماز کی تیاری اور نیت کے ساتھ آنا بھی تو بڑے ثواب کا کام ہے۔
سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 715