ابوذر رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”سب سے بہتر چیز جس سے تم بڑھاپے کا رنگ بدلو مہندی اور «کتم» ہے“۔ [سنن نسائي/كتاب الزينة من السنن/حدیث: 5080]
فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث5080
اردو حاشہ: (1) اس حدیث مبارکہ سے معلوم ہوتا ہے کہ مہندی اور وسمے کا خضاب بہترین اور افضل ہے، نیز خضاب صرف یہی دو چیزیں (مہندی اور وسمہ) ہی نہیں بلکہ دیگر بھی کئی ایک خضاب ہیں۔ احتیاط صرف کالے سیاہ خضاب کرنے سے ہے اور یہ ممانعت مرد اور عورت کے لیے یکساں ہے۔ (2) یہ حدیث مبارکہ مخلوط اشیاء سے بنائے گئے خضاب کے استعمال پر بھی دلالت کرتی ہے۔ ّ(3) مہندی اور وسمہ دونوں کو ملانے سے رنگ خالص سیاہ نہیں رہتا بلکہ سر خی مائل ہوجاتا ہے۔
سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 5080