عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جس نے مجھے خواب میں دیکھا، یقیناً اس نے مجھے ہی دیکھا کیونکہ شیطان میری صورت میں نہیں آ سکتا“۔ [سنن ابن ماجه/كتاب تعبير الرؤيا/حدیث: 3905]
تخریج الحدیث دارالدعوہ: «تفرد بہ ابن ماجہ، (تحفة الأشراف: 5581، ومصباح الزجاجة: 1365)، وقد أخرجہ: مسند احمد (1/279، 361) (صحیح) (سند میں جابر جعفی ضعیف راوی ہے، لیکن دوسرے طرق و شواہد سے یہ صحیح ہے)»
مولانا عطا الله ساجد حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابن ماجه، تحت الحديث3905
اردو حاشہ: فوائد و مسائل: (1) بعض خواب اللہ تعالی کی طرف سے ہوتے ہیں جیسے اگلے باب میں آرہا ہے۔ یہ خواب سچے ہوتے ہیں۔ خواب میں رسول اللہ ﷺ کی زیارت بھی اسی قسم میں شامل ہے۔
(2) رسول اللہ ﷺ کا حلیہ مبارک حدیث کی کتابوں میں مذکور ہے۔ اگر رسول اللہ ﷺ کی زیارت اس حلیے کے مطابق ہوتو خواب سچا ہے تعبیر کی ضرورت نہیں۔ اگر خواب میں حلیہ مبارک مختلف نظر آئے تو اس کی تعبیر کی جائے گی۔ اور یہ سیکھنے والے کے دین و خلق میں نقص اور کوتاہی کا اظہار ہے۔ (فتح الباري: 484/13)
(3) شرعی مسائل خواب سے ثابت نہیں ہوتے ان کے لیے قرآن و حدیث کے دلائل ضروری ہے۔
(4) بعض لوگ جھوٹ موٹ نبی ﷺ کی زیارت کا دعویٰ کردیتے ہیں حالانکہ انھیں ایسا کوئی خواب نہیں آیا ہوتا۔ یہ بہت بڑا گناہ اور نہایت سنگین جرم ہے۔ (دیکھیے: حدیث: 3916)
سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 3905