´بیع کی شرائط اور بیع ممنوعہ کی اقسام`
سیدنا عمرو بن شعیب رحمہ اللہ ہی نے اپنے والد سے اور وہ اپنے دادا سے روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے بیع عربان سے منع فرمایا۔ اسے مالک نے روایت کیا ہے۔ امام مالک رحمہ اللہ نے فرمایا کہ مجھے عمرو بن شعیب سے یہ روایت پہنچی ہے۔ «بلوغ المرام/حدیث: 668»
تخریج: «أخرجه مالك في الموطأ:2 /609، وانظر سنن ابن ماجه، التجارات، حديث:2192 بتحقيقي، وللحديث شواهد.»
تشریح:
امیر صنعانی رحمہ اللہ بیع عربان کی بابت بلوغ المرام کی شرح سبل السلام میں یوں لکھتے ہیں:
”اس بیع کے جواز میں فقہاء کا اختلاف ہے۔
امام مالک اور امام شافعی رحمہما اللہ نے منع کی حدیث کی وجہ سے اسے باطل قرار دیا ہے اور اس وجہ سے بھی باطل قرار دیا ہے کہ اس میں ناجائز شرط اور دھوکا ہے اور یہ کسی کا مال ناجائز طریقے سے کھانے میں شامل ہے۔
“ ہمیں یہی رائے صحیح معلوم ہوتی ہے کیونکہ بیع فسخ ہونے کی صورت میں بیچنے والا جو رقم وصول کرتا ہے‘ اس کے عوض وہ خریدار کو کوئی مال یا فائدہ مہیا نہیں کرتا‘ اور بغیر معاوضے کے کسی کا مال لے لینا جائز نہیں‘ نیز بیعانہ کی یہ شرط اس لیے لگائی جاتی ہے کہ خریدار خریدی ہوئی چیز واپس نہ کر دے‘ یہ نیکی سے پہلو تہی ہے جسے مستحسن قرار نہیں دیا جا سکتا‘ جبکہ احادیث میں خریدی ہوئی چیز کے واپس لینے کی فضیلت ثابت ہے‘ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
”جو شخص کسی مسلمان کی بیع واپس کرے گا تو اللہ تعالیٰ قیامت کے دن اس کے گناہ معاف فرما دے گا۔
“ (سنن أبي داود‘ البیوع‘ باب في فضل الإقالۃ‘ حدیث:۳۴۶۰) اس روایت کو شیخ البانی رحمہ اللہ اور مسند احمد کے محققین نے صحیح قرار دیا ہے۔
دیکھیے:
(إرواء الغلیل‘ رقم:۱۳۳۴‘ والصحیحۃ‘ رقم:۲۶۱۴‘ والموسوعۃ الحدیثیۃ مسند الإمام أحمد:۱۲ /۴۰۱‘ ۴۰۲)