ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم عاشوراء (محرم کی دسویں تاریخ) کا روزہ رکھتے، اور اس کے رکھنے کا حکم دیتے تھے ۱؎۔ [سنن ابن ماجه/كتاب الصيام/حدیث: 1733]
وضاحت: ۱؎: محرم کی دسویں تاریخ کو یوم عاشوراء کہتے ہیں،نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم مکہ سے ہجرت کر کے جب مدینہ تشریف لائے تو دیکھا کہ یہودی اس دن روزہ رکھتے ہیں، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان سے پوچھا: ”تم لوگ اس دن روزہ کیوں رکھتے ہو“؟ تو ان لوگوں نے کہا کہ اس دن اللہ تعالی نے موسیٰ علیہ السلام کو فرعون سے نجات عطا فرمائی تھی، اسی خوشی میں ہم روزہ رکھتے ہیں، تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”ہم اس کے تم سے زیادہ حقدار ہیں“ چنانچہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس دن کا روزہ رکھا، اور یہ بھی فرمایا: ”اگر میں آئندہ سال زندہ رہا تو اس کے ساتھ ۹ محرم کا روزہ بھی رکھوں گا“ تاکہ یہود کی مخالفت ہو جائے، بلکہ ایک روایت میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کا حکم بھی دیا ہے کہ تم عاشوراء کا روزہ رکھو، اور یہود کی مخالفت کرو، اس کے ساتھ ایک دن پہلے یا بعد کا روزہ بھی رکھو۔