ابوالدرداء رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جو شخص اپنے بستر پہ آئے، اور ارادہ رکھتا ہو کہ رات میں اٹھ کر نماز پڑھے گا، پھر اسے ایسی نیند آئی کہ صبح ہو گئی، تو اس کا ثواب اس کی نیت کے مطابق لکھا جائے گا، اور اس کا سونا اس کے رب کی طرف سے اس پر صدقہ ہو گا“۔ [سنن ابن ماجه/كتاب إقامة الصلاة والسنة/حدیث: 1344]
مولانا عطا الله ساجد حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابن ماجه، تحت الحديث1344
اردو حاشہ: 1۔ نیت دل کے ارادے کا نام ہے۔ یعنی سوتے وقت پورا پختہ ارادہ ہونا چاہیے۔ کہ آج رات کو جاگنا ضرور ہے۔ تاکہ تہجد ادا کی جائے۔ یہ نہیں کہ دل میں عزم تو نہ ہو۔ صرف زبان سے یہ اظہار کرکے سمجھے کہ نیند بھی پوری کرلیں گے۔ اور ثواب بھی مل جائے گا۔ اس قسم کاارادہ حقیقی نیت ہے ہی نہیں۔ لہذا اس پر مذکورہ ثواب نہیں ملےگا۔ 2۔ خلوص نیت کی یہ برکت ہے۔ کہ عمل نہ ہوسکنے پر بھی ثواب مل جاتاہے۔ بشرط یہ کہ جان بوجھ کر سستی اور کوتاہی نہ کی جائے۔
سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 1344