سیّدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہمانے بیان کیا کہ سیّدنا سعد بن عبادہ رضی اللہ عنہ کسی مرض میں مبتلا ہوئے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم عیادت کے لئے عبدالرحمن بن عوف سعد بن ابی وقاص اور عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ کے ساتھ ان کے یہاں تشریف لے گئے جب آپ اندر گئے تو تیمار داروں کے ہجوم میں انہیں پایا آپ نے دریافت فرمایا کہ کیا وفات ہو گئی؟ لوگوں نے کہا نہیں یا رسول اللہ! نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم (ان کے مرض کی شدت کو دیکھ کر) رو پڑے لوگوں نے جو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو روتے ہوئے دیکھا تو وہ سب بھی رونے لگے پھر آپ نے فرمایا کہ سنو اللہ تعالیٰ آنکھوں سے آنسو نکلنے پر بھی عذاب نہیں کرے گا اور نہ دل کے غم پر ہاں اس کا عذاب اس کی وجہ سے ہوتا ہے آپ نے زبان کی طرف اشارہ کیا (اور اگر اس زبان سے اچھی بات نکلے تو) یہ اس کی رحمت کا بھی باعث بنتی ہے اور میت کو اس کے گھر والوں کے نوحہ و ماتم کی وجہ سے بھی عذاب ہوتا ہے۔ [اللؤلؤ والمرجان/كتاب الجنائز/حدیث: 532]
تخریج الحدیث: «صحیح، أخرجه البخاري في: 23 كتاب الجنائز: 54 باب البكاء عند المريض»