نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی زوجہ حضرت صفیہ رضی اللہ عنہ رمضان کے آخری عشرہ میں، جب رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم اعتکاف میں بیٹھے ہوئے تھے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے ملنے مسجد میں آئیں، تھوڑی دیر تک باتیں کیں پھر واپس ہونے کے لیے کھڑی ہوئیں۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم بھی انھیں پہنچانے کے لیے کھڑے ہوئے۔ جب وہ ام سلمہ رضی اللہ عنہاکے دروازے سے قریب والے مسجد کے دروازے پر پہنچیں تو دو انصاری آدمی ادھر سے گزرے اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو سلام کیا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: کسی سوچ کی ضرورت نہیں، یہ تو (میری بیوی) صفیہ بنت حیی رضی اللہ عنہ ہیں۔ ان دونوں صحابیوں نے عرض کی: سبحان اللہ! یا رسول اللہ! ان پر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ جملہ بڑا شاق گزرا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ شیطان خون کی طرح انسان کے بدن میں دوڑتا رہتا ہے۔ مجھے خطرہ ہوا کہ کہیں تمھارے دلوں میں وہ کوئی بدگمانی نہ ڈال دے۔ [اللؤلؤ والمرجان/كتاب السلام/حدیث: 1404]
تخریج الحدیث: «صحیح، _x000D_ أخرجه البخاري في: 33 كتاب الاعتكاف: 8 باب هل يخرج المعتكف لحوائجه إلى باب المسجد»
وضاحت: امام حاکم نے بیان کیا ہے کہ امام شافعی سفیان بن عیینہ کی مجلس میں بیٹھے تھے انہوں نے امام شافعی سے اس حدیث کے متعلق پوچھا تو امام صاحب فرمانے لگے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان سے یہ اس لیے فرمایا کیونکہ اگر وہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر تہمت کا گمان بھی کر لیتے تو کفر میں داخل ہو جاتے اس لیے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے بطور نصیحت انہیں بتا دیا تاکہ شیطان ان کے دلوں میں وسوسہ نہ ڈال سکے مبادا وہ ہلاک ہو جاتے۔ (مرتب)