ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ ایک شخص نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آیا، وہ ایک خوبصورت آدمی تھا اس نے آ کر عرض کیا: اللہ کے رسول! مجھے خوبصورتی پسند ہے، اور مجھے خوبصورتی دی بھی گئی ہے جسے آپ دیکھ رہے ہیں یہاں تک کہ میں نہیں چاہتا کہ خوبصورتی اور زیب و زینت میں مجھ سے کوئی میری جوتی کے تسمہ کے برابر بھی بڑھنے پائے، کیا یہ کبر ہے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”نہیں بلکہ کبر یہ ہے کہ حق بات کی تغلیط کرے، اور لوگوں کو کمتر سمجھے“۔ [سنن ابي داود/كِتَاب اللِّبَاسِ/حدیث: 4092]
الشيخ عمر فاروق سعيدي حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابي داود ، تحت الحديث 4092
فوائد ومسائل: 1: لوگوں کو اپنے سے حقیرجاننا اور حق واضح ہوجانے کے بعد اسے ٹھکرا دینا اور اس پر عمل نہ کرنا انتہائی کبیرہ گناہ ہے۔
2: ظاہری زیب وزینت کی اشیا کی خواہش اور انہیں اختیار کرنا ممنوع ہے، اللہ تعالی نے فرمایا: کہیے کس نے حرام کیا اللہ کی زینت کو جو اس نے پیدا کی اپنے بندوں کے لئے اور کھانے کی پاکیزہ چیزیں، کہیے یہ نعمتیں اصل میں ایمان والوں کے لئے ہیں دنیا کی زندگی میں اور قیامت کے دن خالص انہی کے واسطے ہیں۔
سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعدی، حدیث/صفحہ نمبر: 4092