ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ ام سلیم انصاریہ انس بن مالک رضی اللہ عنہ کی والدہ نے کہا: اللہ کے رسول! اللہ عزوجل حق سے نہیں شرماتا، آپ ہمیں بتائیے اگر عورت سوتے میں وہ چیز دیکھے جو مرد دیکھتا ہے تو کیا وہ غسل کرے یا نہیں؟ ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں: اس پر نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”ہاں جب وہ تری دیکھے تو ضرور غسل کرے“۔ ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں: میں ام سلیم کی طرف متوجہ ہوئی اور میں نے ان سے کہا: تجھ پر افسوس! کیا عورت بھی ایسا دیکھتی ہے؟ اس پر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم میری طرف متوجہ ہوئے اور فرمایا: ”عائشہ! تیرا داہنا ہاتھ خاک آلود ہو ۱؎(والدین اور ان کی اولاد میں) مشابہت کہاں سے ہوتی ہے“۔ [سنن ابي داود/كِتَاب الطَّهَارَةِ/حدیث: 237]
تخریج الحدیث دارالدعوہ: «تفرد بہ أبو داود، (تحفة الأشراف: 16607(الف)، 16739)، وقد أخرجہ: صحیح مسلم/الحیض 7 (311،313، 314)، سنن الترمذی/الطہارة 90 (122)، سنن النسائی/الطہارة 131 (196)، سنن ابن ماجہ/الطہارة (601)، موطا امام مالک/الطھارة 21 (85)، مسند احمد (6/92)، سنن الدارمی/الطھارة 75 (790) (صحیح)»
وضاحت: ۱؎: حیرت و استعجاب کے موقع پر اس طرح کا جملہ بولا جاتا ہے جس کا مقصد بددعا نہیں۔
الشيخ عمر فاروق سعيدي حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث سنن ابي داود 237
فوائد و مسائل: ➊ امام ابوداود رحمہ اللہ اپنی بحث میں زہری اور ہشام بن عروہ کے مابین اختلاف کا ذکر کر رہے ہیں کہ یہ مکالمہ سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کا ہے یا سیدہ ام سلمہ رضی اللہ عنہا کا، تو امام صاحب کے نزدیک ترجیح زہری کی روایت کو ہے یعنی سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کے مکالمے کو۔ انہوں نے اسی کے شواہد ذکر کیے ہیں، مگر قاضی عیاض کی تحقیق میں یہ مکالمہ سیدہ ام سلمہ اور ام سلیم کے مابین ہوا ہے۔ اس طرح ترجیح ہشام بن عروہ کی روایت کو ہو گی اور امام بخاری رحمہ اللہ کا میلان بھی اسی طرف ہے۔ [صحيح بخاري حديث: 130] تاہم علامہ نووی نے کہا کہ عین ممکن ہے کہ دونوں ہی اس موقع پر موجود ہوں اور دونوں نے تعجب کا اظہار کیا ہو۔ «والله اعلم»[عون المعبود] ➋ سیدہ ام سلیم رضی اللہ عنہا کا یہ جملہ جو انہوں نے اپنے سوال سے پہلے کہا کہ ”اللہ تعالیٰ حق سے نہیں شر ماتا“ ان کے کمال حسن ادب پر دلیل ہے، یعنی جو بات عرفاً زبان پر نہیں لائی جاتی اور مجھے اس کی شرعاًً ضرورت ہے، بتائی جائے۔ ➌ امہات المؤمنین کا اس سوال پر اظہار تعجب دلیل ہے کہ یہ ”کمال درجے کی طیبات و طاہرات“ تھیں، اس حد تک کہ انہیں خواب میں بھی کبھی برائی کا خیال نہ آیاتھا۔ [من افادات الشيخ سلطان محمود رحمه الله]
سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی، حدیث/صفحہ نمبر: 237