ربیعہ بن عبدالرحمٰن بن حصین کہتے ہیں مجھ سے میری دادی سراء بنت نبہان رضی اللہ عنہا نے بیان کیا اور وہ جاہلیت میں گھر کی مالکہ تھیں (جس میں اصنام ہوتے تھے)، وہ کہتی ہیں: ہمیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے یوم الروس ۱؎(ایام تشریق کے دوسرے دن بارہویں ذی الحجہ) کو خطاب کیا اور پوچھا: ”یہ کون سا دن ہے؟“، ہم نے عرض کیا: اللہ اور اس کے رسول زیادہ جانتے ہیں، آپ نے فرمایا: ”کیا یہ ایام تشریق کا بیچ والا دن نہیں ہے“۔ امام ابوداؤد رحمہ اللہ کہتے ہیں: ابوحرہ رقاشی کے چچا سے بھی اسی طرح روایت ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایام تشریق کے بیچ والے دن خطبہ دیا۔ [سنن ابي داود/كِتَاب الْمَنَاسِكِ/حدیث: 1953]
تخریج الحدیث دارالدعوہ: «تفرد بہ أبو دواد، (تحفة الأشراف: 15891) (ضعیف)» (اس کے راوی ربیع لین الحدیث ہیں)
وضاحت: ۱؎: بارہویں ذی الحجہ کو یوم الرؤوس کہا جاتا تھا کیونکہ لوگ اپنی قربانی کے جانوروں کے سر اسی دن کھاتے تھے۔
قال الشيخ الألباني: ضعيف
قال الشيخ زبير على زئي: إسناده حسن صححه ابن خزيمة (2973 وسنده حسن) ربيعة بن عبد الرحمن بن حصن وثقه ابن خزيمة وابن حبان فھو حسن الحديث
الشيخ عمر فاروق سعيدي حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابي داود ، تحت الحديث 1953
1953. اردو حاشیہ: ➊ عید الاضحی ٰ (دس ذوالحجہ) کے بعد تین دنوں کو ایام تشریق کہتے ہیں۔ تشریق کے معنی ہیں، گوشت کے ٹکڑے کر کے دھوپ میں خشک کرنا۔ پہلا دن یوم القراء (نمعنی قرار) اور دوسرا دن یوم لرؤوس کہلاتا ہے۔ یعنی سریوں والا دن کہ وہ قربانیوں کی سریاں پکا کر کھاتے تھے۔ اور تیسرے دن کو یو م النفر (ورانگی کا دن) کہتے ہیں۔ ➋ اس موقع پر امام حج کے لیے خطبہ دینا مستحب ہے جیسے کہ رسو ل اللہ ﷺ سے ثابت ہے۔ حسب موقع اہم اہم مسائل کی تذکیر کی جانی چاہیے۔
سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی، حدیث/صفحہ نمبر: 1953
تخریج الحدیث کے تحت دیگر کتب سے حدیث کے فوائد و مسائل
علامه صفي الرحمن مبارك پوري رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث بلوغ المرام 638
´حج کا طریقہ اور دخول مکہ کا بیان` سیدہ سراء بنت نبھان رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں سروں والے دن خطاب فرمایا اور فرمایا ”کیا یہ دن ایام تشریق کا درمیانہ دن نہیں ہے؟“ اور ساری حدیث ذکر کی۔ اسے ابوداؤد نے حسن سند کے ساتھ روایت کیا ہے۔ [بلوغ المرام/حدیث: 638]
638لغوی تشریح: «يوم الرءُوس» اس میں سب کا اتفاق ہے کہ «يوم الرووس» سے ذوالحجہ کی گیارہ تاریخ مراد ہے۔ اس کا نام ”یوم الرووس“ اس لیے رکھا گیا ہے کہ اس روز کثرت سے قربانی کی جانوروں کے سر ا کٹھے ہو جاتے ہیں۔ «اوسط ايام التشريق» سبل السلام میں ہے کہ «اوسط» کی لفظ میں دو احتمال ہیں: ہو سکتا ہے کہ ”اوسط“ بمعنی افضل ہو اور یہ بھی مراد ہو سکتا ہے کہ یہ چونکہ طرفین (دس ذوالحجہ اور بارہ ذوالحجہ) کے درمیان میں واقع ہے، اس لئے یہ ”اوسط“ ہے اور اس قول کے مطابق یوم النحر ایام تشریق میں شامل ہے، مگر تقریباً تمام علماء کی رائے یہ ہے کہ ایام تشریق سے مراد قربانی کے دن کو چھوڑ کر تین دن ہیں، کیونکہ وہاں لوگ ان تین ایام میں قربانی کے گوشت کو خشک کرنے کے لیے دھوپ میں رکھتے تھے اور گوشت خشک کرنے کے لیے دھوپ میں رکھنے کو عربی زبان میں ”تشریق“ کہتے ہیں، اس لیے ان ایام کا نام ایام تشریق ہے۔
راوئ حدیث: حضرت سراء بنت نبہاں رضی اللہ عنہا، «سراء» کے ”سین“ پر فتحہ ”را“ پر فتحہ و تشدید اور آخر میں الف ممدودہ ہے۔ «نبهان» کے ”نون“ پر فتحہ اور ”فا“ ساکن ہے۔ قبیلہ غنو سے تھیں۔ ربیعہ عبدالرحمٰن نے ان سے روایت بیان کی ہے۔
بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری، حدیث/صفحہ نمبر: 638