´نماز جمعہ کا بیان`
سیدنا سلمہ بن اکوع رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ ہم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ جمعہ ادا کرتے تھے۔ جمعہ سے فارغ ہو کر جب ہم اپنے گھروں کو جاتے تو اس وقت دیواروں کا سایہ نہیں ہوتا تھا کہ جس سے سایہ لیا جا سکے۔ (یا سایہ میں چل کر پہنچ جاتے)۔ (بخاری و مسلم) متن حدیث کے الفاظ بخاری کے ہیں) اور مسلم میں ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ نماز جمعہ ادا کرتے جب زوال ہو جاتا پھر واپس ہوتے۔ «بلوغ المرام/حدیث: 355»
تخریج: «أخرجه البخاري، المغازي، باب غزوة الحديبية، حديث:4168، ومسلم، الجمعة، باب صلاة الجمعة حين تزول الشمس، حديث:860.»
تشریح:
1. اس حدیث سے ثابت ہوتا ہے کہ نبی ٔاکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے عہد مبارک میں نماز جمعہ بہت جلد ادا کی جاتی تھی۔
2.اس حدیث سے یہ بھی معلوم ہوا کہ نماز جمعہ زوال سے پہلے بہرحال نہیں ہوتی تھی۔
اس کا وقت بھی نماز ظہر کا وقت ہے۔
علمائے اسلام کی اکثریت اسی طرف گئی ہے‘ البتہ امام احمد اور اسحٰق بن راہویہ ; کی رائے یہ ہے کہ جمعہ زوال سے پہلے بھی ہو جاتا ہے‘ نیز امام مالک رحمہ اللہ کے نزدیک خطبۂجمعہ تو زوال سے پہلے جائز ہے مگر نماز درست نہیں‘ وہ زوال آفتاب کے بعد ہی ہے۔
آج کل جمعے کی نماز ظہر کی نماز سے بھی زیادہ دیر سے پڑھتے ہیں جو سراسر نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے عمل کے مخالف ہے۔
خطباء و ائمۂ مساجد کو اس پر غور کرنا چاہیے۔
راویٔ حدیث: «حضرت سلمہ بن اکوع رضی اللہ عنہ» ابو مسلم ان کی کنیت ہے۔
نام سلمہ بن عمرو بن اکوع ہے۔
اور اکوع کا نام سنان بن عبداللہ اسلمی مدنی ہے۔
صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم میں سے نہایت بہادروں میں شمار ہوتے تھے۔
اتنے تیز رفتار تھے کہ دوڑنے میں گھوڑے سے بھی آگے نکل جاتے تھے۔
بہت سخی‘ فاضل اور بھلائی کا مجسمہ تھے۔
مدینہ منورہ میں ۷۴ ہجری میں وفات پائی۔