تخریج: «أخرجه البخاري، الصلاة، باب التوجد نحو القبلة حيث كان، حديث:401 وغيره، ومسلم، المساجد، باب السهو في الصلاة، حديث:572، وحديث عبدالله بن جعفر أخرجه أبوداود، الصلاة، حديث:1033، والنسائي، السهو، حديث:1250، وأحمد:1 /205، 206، وسنده حسن، وابن خزيمة:2 /116، حديث:1033.»
تشریح:
1. اس حدیث سے معلوم ہوا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے
«أَنَا بَشَرٌ مِّثْلُکُمْ» کے الفاظ اپنے لیے فرمائے ہیں۔
اس سے ان لوگوں کو اپنے نظریات و عقائد کی اصلاح کرنی چاہیے جو بشریت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے منکر ہیں اور قرآنی نصوص صریحہ کی عجیب تاویل کرتے ہیں جو سراسر باطل اور لغو ہے کہ قرآن مجید میں تو منکروں کو خاموش کرانے کے لیے بشر کہا گیا ہے ورنہ درحقیقت تو وہ بشر نہیں تھے‘ بشریت کا لبادہ اوڑھ رکھا تھا۔
لیکن ان عقلمندوں سے ذرا کوئی پوچھے کہ اس حدیث میں جن لوگوں کو
«أَنَا بَشَرٌ مِّثْلُکُمْ» کہہ کر مخاطب فرما رہے ہیں کیا وہ مسلمان نہ تھے کہ انھیں خاموش کرانا مقصود تھا‘ یا وہ اہل ایمان صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم تھے جن کی صداقت ایمانی پر قرآن خود شاہد ہے۔
2.اس حدیث میں تَحَرِّي إِلَی الصَّوَابِ کا حکم ہے۔
تحری دراصل وہ ہے جسے حضرت عبدالرحمن بن عوف رضی اللہ عنہ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے بیان کیا ہے کہ نمازی کو اگر ایک اور دو میں شبہ ہو تو ایک کو یقین سمجھے اور دو اور تین میں شک لاحق ہو تو دو رکعت کو درست قرار دے اور تین اور چار میں اگر شک پڑ جائے تو تین کو یقینی تصور کرے اور نماز سے فارغ ہو کر سلام پھیرنے سے پہلے سہو کے دو سجدے کر لے‘ نیز یہ مسئلہ بھی معلوم ہوا کہ مقتدیوں کو امام کی اتباع کرنی چاہیے‘ خواہ امام بھول ہی کیوں نہ جائے‘ البتہ بھولنے کی صورت میں مقتدی امام کو سبحان اللہ کہہ کر متنبہ کرنے کی کوشش ضرور کریں جیسا کہ دوسری احادیث میں اس کی وضاحت موجود ہے۔
راویٔ حدیث: «حضرت عبداللہ بن جعفر رضی اللہ عنہما» ابوجعفر ان کی کنیت ہے۔
عبداللہ بن جعفر بن ابو طالب نام ہے۔
ان کی والدہ کا نام اسماء بنت عمیس رضی اللہ عنہا ہے۔
ہجرت حبشہ کے دوران میں حبشہ کے مقام پر اسلام میں سب سے پہلے یہی پیدا ہوئے تھے۔
۷ ہجری کے اوائل میں اپنے والد کے ہمراہ مدینہ واپس آئے۔
بڑے سخی‘ بہادر‘ پاک دامن اور خوش مزاج تھے۔
کثرت سے سخاوت کرنے کی وجہ سے بحر الجود
(سخاوت کا سمندر) کہلاتے تھے۔
اسلام میں ان سے بڑھ کر کوئی سخی نہ تھا۔
۸۰ برس کی عمر میں ۸۰ ہجری میں مدینہ منورہ میں فوت ہوئے۔