سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”کسی مال دار شخص کے لیے صدقہ لینا حلال نہیں اور نہ ہی کسی طاقت ور، تندرست شخص کے لیے۔“[مسند الشهاب/حدیث: 885]
وضاحت: تشریح: - اس حدیث سے معلوم ہوا کہ مال دار اور ایسے تندرست و توانا شخص کے لیے صدقہ لینا حلال نہیں جو کمائی کے قابل ہو۔ عبید اللہ بن عدی بیان کرتے ہیں کہ دو آدمیوں نے مجھے بتایا کہ وہ حجتہ الوداع کے موقع پر نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوئے آپ اس وقت صدقہ تقسیم کر رہے تھے، انہوں نے آپ سے صدقہ کی درخواست کی تو آپ نے نظر اٹھا کر ہمیں دیکھا آپ نے ہمیں طاقت ور دیکھ کر فرمایا: ”اگر تم چاہو تو میں تمہیں دے دیتا ہوں لیکن اس میں کسی مال دار شخص اور کمائی کی طاقت رکھنے والے شخص کے لیے کوئی حصہ نہیں۔“[أبو داود: 1933، وسنده صحيح] مزید دیکھیں حدیث نمبر 826, 822۔