سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما سے مروی ہے کہ سیدنا عمر رضی اﷲ عنہ نے ایک ریشمی جبہ دیکھا جو بیچا جا رہا تھا تو کہا: یا رسول اﷲ! اس کو خرید لیں اور جمعہ کے دن یا جب کوئی وفد آئے اسے پہنا کیجیے۔ فرمایا: ”اس قسم کا لباس وہ لوگ پہنتے ہیں جن کا (آخرت میں) کوئی حصہ نہیں۔“ تو نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس ان میں سے کچھ حلے لائے گئے، ایک حلہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے عمر رضی اللہ عنہ کو بھیج دیا۔ تو عمر نے کہا: میں اس کو کیسے پہنوں جب کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم اس کے بارے میں جو فرمانا تھا فرما چکے ہیں؟ فرمایا: ”میں نے اس لیے تمہیں نہیں دیا کہ تم خود پہن لو بلکہ اس لیے دیا ہے کہ تم فروخت کر کے فائدہ اٹھا لو یا عورتوں کو پہنا دو۔“ تو سیدنا عمر رضی اللہ نے یہ جبہ مکہ میں اپنے بھائی کی طرف بھیج دیا اور ابھی وہ مسلمان نہیں ہوئے تھے۔ [صحيح الادب المفرد/حدیث: 20]