محمد بن حمزہ بن یوسف بن عبداﷲ بن سلام اپنے باپ سے وہ اپنے دادا سے روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اونٹوں کے باڑے کی طرف گئے تو دیکھا سیدنا عثمان بن عفان رضی اللہ عنہ ایک اونٹنی کو کھینچے لا رہے ہیں جس پر گھی، شہد اور آٹا تھا، تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے حکم دیا کہ ”اونٹنی کو بٹھاؤ۔“ انہوں نے اسے بٹھا دیا، پھر ایک ہنڈیا منگوائی اور اس میں ان تینوں چیزوں سے کچھ ڈالا، پھر حکم دیا تو اس کے نیچے آگ جلائی گئی، جب ہنڈیا پک گئی تو فرمایا: ”اسے کھاؤ“، اور خود بھی اس سے کھایا، پھر فرمایا: ”یہ ایک ایسی چیز ہے جسے اہلِ فارس ”خبیص“ یعنی حلوا کہتے ہیں۔“[معجم صغير للطبراني/كِتَابُ الْأَطْعِمَة وَ الْأَشْرِبَة/حدیث: 638]
تخریج الحدیث: «إسناده صحيح، وأخرجه الحاكم فى «مستدركه» برقم: 7185، والطبراني فى «الكبير» برقم: 14953، والطبراني فى «الأوسط» برقم: 7688، والطبراني فى «الصغير» برقم: 833 قال الهيثمي: رواه الطبراني في الثلاثة ورجال الصغير والأوسط ثقات، مجمع الزوائد ومنبع الفوائد: (5 / 37)»