سیدنا ابن مسعود رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جس نے چار چیزیں دے دیں اسے بھی چار چیزیں دی جائیں گی۔ اس کی تفسیر قرآن مجید ہے: (1) جس کو ذکر کی توفیق ہوگئی اس کو اللہ تعالیٰ بھی یاد کرتا ہے، کیونکہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: «﴿فَاذْكُرُوْنِيْ أَذْكُرْكُمْ﴾» ”مجھے یاد کرو میں تمہیں یاد کروں گا۔“(2) جس کو دعا کرنے کی توفیق مل گئی اللہ تعالیٰ اس کی دعا کو قبولیت کا شرف بخش دیتا ہے۔ چنانچہ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں: «﴿ادْعُوْنِيْ أَسْتَجِبْ لَكُمْ﴾» ”مجھے پکارو میں تمہاری دعا قبول کروں گا۔“(3) جس کو شکر کرنے کی توفیق مل گئی اسے اللہ تعالیٰ زیادہ عطا فرماتا ہے۔ چنانچہ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں: «﴿لَئِنْ شَكَرْتُمْ لَأَزِيْدَنَّكُمْ﴾» ”اگر تم نے شکر کیا تو میں تمہیں مزید دوں گا۔“(4) جس کو استغفار کی نعمت نصیب ہوگئی اس کو اللہ تعالیٰ بخشش بھی عنایت فرما دیتا ہے۔ چنانچہ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں: «﴿اسْتَغْفِرُوْا رَبَّكُمْ إِنَّهُ كَانَ غَفَّارًا﴾»”اپنے رب سے بخشش مانگو وہ بہت بخشنے والا ہے۔“[معجم صغير للطبراني/کِتَابُ التَّفْسِیْرِ وَ فَضَائِلِ الْقُرْآنِ/حدیث: 1127]
تخریج الحدیث: «إسناده ضعيف، وأخرجه الطبراني فى «الأوسط» برقم: 7023، والطبراني فى «الصغير» برقم: 1022 قال الهيثمي: وفيه محمود بن العباس وهو ضعيف، مجمع الزوائد ومنبع الفوائد: (10 / 149)»