الشيخ الحديث مولانا عبدالعزيز علوي حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث ، صحيح مسلم: 5382
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل: ہر قسم کا حلال اور پاک کھانا، عیب سے مبرا اور پاک ہے، ہاں بعض کھانوں سے انسان کو طبعی مناسبت نہیں ہوتی، اس لیے نفس طعام پر اعتراض کرنا جائز نہیں ہے، ہاں اگر کھانے پکارنے والے نے کھانا درست نہیں پکایا، اس میں نمک، مرچ کم و بیش ڈالا ہے، یا اس کو اچھی طرح پکایا نہیں ہے تو پھر اگر اس کی دل شکنی مقصود نہیں ہے، بلکہ اصلاح مقصود ہے تاکہ وہ آئندہ خیال رکھے، تو پھر پیار و محبت کے ساتھ آگاہ کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے، لیکن اگر یافت کی تحقیر مقصود ہے یا دعوت کرنے والے کی شکر گزاری سے انحراف کے لیے ہے کہ کیا کھانا کھلایا ہے، یا پکانے والے کا مذاق اڑانا مقصود ہے تو پھر جائز نہیں ہے، ہاں انسان اپنی طبعی کراہت کا اظہار کر سکتا ہے کہ میں طبعی طور پر اس کھانے کو پسند نہیں کرتا، اس لیے نہیں کھا رہا۔