مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 1283
1283. حضرت انس بن مالک ؓ سے روایت ہے، انھوں نے فرمایا: ایک دفعہ نبی کریم ﷺ کا ایک عورت کے پاس سے گزر ہوا جو قبر کے پاس بیٹھی رو رہی تھی۔ آپ نے اس سے فرمایا: ”اللہ سے ڈر اور صبر کر۔“ وہ آپ کو پہچان نہ سکی اور کہنے لگی: مجھ سے دور رہو، کیونکہ تمھیں مجھ جیسی مصیبت نہیں پہنچی۔ جب اسے بتایا گیا کہ یہ تو نبی کریم ﷺ تھے تو وہ (معذرت کے لیے) نبی کریم ﷺ کے درِدولت پر حاضر ہوئی۔ اس نے آپ کے دروازے پر کوئی دربان نہ دیکھا، حاضر ہوکر عرض کرنے لگی: میں نے آپ کو پہچانا نہیں تھا۔ (مجھے معاف فرما دیجئے) آپ ﷺ نے فرمایا: ”صبر تو صدمے کے آغاز میں ہوتا ہے۔“ [صحيح بخاري، حديث نمبر:1283]
حدیث حاشیہ:
مسلم کی ایک حدیث میں ہے کہ ”میں نے تمہیں قبر کی زیارت کرنے سے منع کیا تھا‘ لیکن اب کرسکتے ہو۔
“ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ ابتدائے اسلام میں ممانعت تھی اور پھر بعد میں اس کی اجازت مل گئی۔
دیگر احادیث میں یہ بھی ہے کہ قبروں پر جایا کرو کہ اس سے موت یاد آتی ہے، یعنی اس سے آدمی کے دل میں رقت پیدا ہوتی ہے۔
ایک حدیث میں ہے کہ ”اللہ نے ان عورتوں پر لعنت کی ہے جو قبروں کی بہت زیارت کرتی ہیں۔
“ اس کی شرح میں قرطبی نے کہا کہ یہ لعنت ان عورتوں پر ہے جو رات دن قبروں ہی میں پھرتی رہیں اور خاوندوں کے کاموں کا خیال نہ رکھیں، نہ یہ کہ مطلق زیارت عورتوں کو منع ہے۔
کیونکہ موت کو یاد کرنے میں مرد عورت دونوں برابر ہیں۔
لیکن عورتیں اگر قبرستان میں جا کر جزع فزع کریں اور خلاف شرع امور کی مرتکب ہوں تو پھر ان کے لیے قبروں کی زیارت جائز نہیں ہو گی۔
علامہ عینی حنفی فرماتے ہیں:
أن زیارة القبور مکروہ للنساء بل حرام في هذا الزمان ولا سیما نساء مصر۔
یعنی حالات موجودہ میں عورتوں کے لیے زیارت قبور مکروہ بلکہ حرام ہے خاص طور پر مصری عورتوں کے لیے۔
یہ علامہ نے اپنے حالات کے مطابق کہا ہے ورنہ آج کل ہر جگہ عورتوں کا یہی حال ہے۔
مولانا وحید الزماں صاحب مرحوم فرماتے ہیں۔
امام بخاری ؒ نے صاف نہیں بیان کیا کہ قبروں کی زیارت جائز ہے یا نہیں۔
کیونکہ اس میں اختلاف ہے اور جن حدیثوں میں زیارت کی اجازت آئی ہے وہ ان کی شرط پر نہ تھیں، مسلم نے مرفوعاً نکالا ”میں نے تم کو قبروں کی زیارت سے منع کیا تھا اب زیارت کرو کیونکہ اس سے آخرت کی یاد پیدا ہوتی ہے۔
“ (وحیدی)
حضرت امام بخاری ؒ نے جو حدیث یہاں نقل فرمائی ہے اس سے قبروں کی زیارت یوں ثابت ہوئی کہ آپ ﷺ نے اس عورت کو وہاں رونے سے منع فرمایا۔
مطلق زیارت سے آپ ﷺ نے کوئی تعرض نہیں فرمایا۔
اسی سے قبروں کی زیارت ثابت ہوئی۔
مگر آج کل اکثر لوگ قبرستان میں جا کر مردوں کا وسیلہ تلاش کرتے اور بزرگوں سے حاجت طلب کرتے ہیں۔
ان کی قبروں پر چادر چڑھاتے پھول ڈالتے ہیں وہاں جھاڑو بتی کا انتظام کرتے اورفرش فروش بچھاتے ہیں۔
شریعت میں یہ جملہ امور ناجائز ہیں۔
بلکہ ایسی زیارات قعطاً حرام ہیں جن سے اللہ کی حدود کو توڑا جائے اور وہاں خلاف شریعت کام کئے جائیں۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 1283
مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 7154
7154. سیدنا انس ؓ سے روایت ہے انہوں نے اپنے خاندان کی ایک عورت سے کہا: کیا تو فلاں عورت کو جانتی ہے؟ اس نے کہا: جی ہاں،تو انہوں نے بتایا کہ نبی ﷺ ایک دفعہ اس کے پاس گزرے تو وہ ایک قبر کے پاس رو رہی تھی۔آپ ﷺ نے فرمایا: ”اللہ سے ڈر اور صبر کر۔“ اس نے جواب دیا: آپ میرے پاس سے چلے جائیں۔آپ نے مجھ جیسی مصیبت نہیں پڑی،چنانچہ آپ ﷺ وہاں سے آگے بڑھے اور تشریف لے گئے اس دوران میں وہاں سے ایک آدمی گزرا تو اس نے پوچھا: رسول اللہ ﷺ نے تجھ سے کیا فرمایا تھا؟ اس نے کہا: میں نے آپ ﷺ کو نہیں پہچانا۔ اس شخص نے کہا: وہ تو رسول اللہ ﷺ تھے۔ پھر وہ عورت آپ ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئی دیکھا کہ وہاں کوئی دربان نہ تھا،اس نے کہا: اللہ کے رسول! اللہ کی قسم،میں نے آپ کو پہچانا نہیں تھا۔نبی ﷺ نے فرمایا: ”صبر تو صدمے کے آغاز میں ہوتا ہے۔“ [صحيح بخاري، حديث نمبر:7154]
حدیث حاشیہ:
روایت میں آپ کے ہاں دربان نہ ہونا مذکور ہے یہی باب سے مطابقت ہے۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 7154
مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 1302
1302. حضرت انس ؓ سے روایت ہے وہ نبی ﷺ سے بیان کرتے ہیں کہ آپ نے فرمایا:”صبر وہی ہے جو ابتدائے صدمہ میں ہو۔“ [صحيح بخاري، حديث نمبر:1302]
حدیث حاشیہ:
ترجمتہ الباب میں حضرت عمر ؓ کے ارشاد کا مطلب یہ ہے کہ آپ نے مصیبت کے وقت صبر کی فضیلت بیان کی کہ اس سے صابر بندے پر اللہ کی رحمتیں ہوتی ہیں اور سیدھے راستے پر چلنے کی توفیق ملتی ہے۔
حضرت عمر ؓ والے قول کو حاکم نے مستدرک میں وصل کیا ہے حضرت عمر ؓ نے صلوات اور رحمت کو تو جانور کے دونوں طرف کے بوجھے قرار دیا اور بیچ کا بوجھ جو پیٹھ پر رہتا ہے اسے ﴿أُولَئِكَ هُمُ المُهتدونَ﴾ سے تعبیر فرمایا۔
پیچھے بیان ہوا ہے کہ ایک عورت ایک قبر پر بیٹھی ہوئی رو رہی تھی۔
آپ نے اسے منع فرمایا تو وہ خفا ہوگئی۔
پھر جب اس کو آپ کے متعلق علم ہوا تو وہ دوڑی ہوئی معذرت خواہی کے لیے آئی۔
اس وقت آپ ﷺ نے فرمایا کہ اب کیا رکھا ہے صبر تو مصیبت کے شروع ہی میں ہوا کرتا ہے۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 1302
الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:1252
1252. حضرت انس بن مالک ؓ سے روایت ہے،انھوں نے فرمایا: نبی کریم ﷺ ایک عورت کے پاس سے گزرے جوقبر کے پاس رورہی تھی، آپ نے اس سے فرمایا: ”اللہ سے ڈراور صبر سے کام لے۔“ [صحيح بخاري، حديث نمبر:1252]
حدیث حاشیہ:
(1)
یہ حدیث انتہائی مختصر ہے، آگے تفصیل کے ساتھ آ رہی ہے۔
رسول اللہ ﷺ کا قصد یہی تھا کہ اس پر دو مصیبتیں جمع نہ ہوں:
ایک تو اس کا بچہ فوت ہو گیا ہے اور دوسری مصیبت یہ کہ بے صبری سے اس کا ثواب بھی جاتا رہے گا۔
اس حدیث سے یہ بھی معلوم ہوا کہ کوئی بھی مرد کسی بھی عورت کو غلط کام سے روک سکتا ہے جس طرح رسول اللہ ﷺ نے اس عورت کو قبر پر جزع فزع سے منع کیا اور صبر کی تلقین فرمائی۔
(2)
امام بخاری ؒ کے عنوان سے پتہ چلتا ہے کہ ایسا کرنا رسول اللہ ﷺ کی خصوصیت نہ تھی۔
امر بالعمروف اور نہی عن المنکر کا فریضہ کوئی بھی آدمی ادا کر سکتا ہے، نیز وعظ و نصیحت کے لیے عورتوں سے مخاطب ہونا جائز ہے، خواہ وہ بوڑھی ہوں یا جوان۔
رسول اللہ ﷺ نے اس سے پہلی احادیث میں عورتوں کو ثواب کی رغبت کے لیے مخاطب کیا تھا کہ مصیبت پر صبر کرنا چاہیے اور اس حدیث میں برے انجام سے آگاہ کرنے کے لیے خطاب کیا ہے کہ بے صبری سے تقویٰ جاتا رہتا ہے۔
(فتح الباري: 161/3)
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 1252
الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:1283
1283. حضرت انس بن مالک ؓ سے روایت ہے، انھوں نے فرمایا: ایک دفعہ نبی کریم ﷺ کا ایک عورت کے پاس سے گزر ہوا جو قبر کے پاس بیٹھی رو رہی تھی۔ آپ نے اس سے فرمایا: ”اللہ سے ڈر اور صبر کر۔“ وہ آپ کو پہچان نہ سکی اور کہنے لگی: مجھ سے دور رہو، کیونکہ تمھیں مجھ جیسی مصیبت نہیں پہنچی۔ جب اسے بتایا گیا کہ یہ تو نبی کریم ﷺ تھے تو وہ (معذرت کے لیے) نبی کریم ﷺ کے درِدولت پر حاضر ہوئی۔ اس نے آپ کے دروازے پر کوئی دربان نہ دیکھا، حاضر ہوکر عرض کرنے لگی: میں نے آپ کو پہچانا نہیں تھا۔ (مجھے معاف فرما دیجئے) آپ ﷺ نے فرمایا: ”صبر تو صدمے کے آغاز میں ہوتا ہے۔“ [صحيح بخاري، حديث نمبر:1283]
حدیث حاشیہ:
(1)
اس حدیث سے امام بخاری ؒ نے زیارت قبور کو ثابت کیا ہے، کیونکہ رسول اللہ ﷺ نے اس عورت کو قبر کے پاس بیٹھنے سے نہیں روکا اور آپ کا کسی کام کو برقرار رکھنا قابل حجت ہے۔
علاوہ ازیں متعدد احادیث میں صراحت کے ساتھ قبروں کی زیارت کرنا ثابت ہے، چنانچہ صحیح مسلم میں ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:
”میں تمہیں قبروں کی زیارت سے منع کرتا تھا، اب ان کی زیارت کیا کرو۔
“ (صحیح مسلم، الجنائز، حدیث: 2260 (977)
ایک روایت میں ہے:
”مجھے اپنی والدہ کی قبر کے متعلق زیارت کرنے کی اجازت دی گئی ہے، لہذا تم بھی قبروں کی زیارت کیا کرو کیونکہ یہ آخرت کی یاد دلاتی ہیں۔
“ (صحیح مسلم، الجنائز، حدیث: 2259 (976)
مستدرک حاکم کی روایت میں ہے:
”قبروں کی زیارت کرنے سے دل نرم اور آنکھیں اشکبار ہوتی ہیں، اس لیے قبرستان میں فحش یا باطل کلام نہ کرو۔
“ (المستدرك للحاکم: 376/1)
ان احادیث سے مردوں اور عورتوں دونوں کے لیے زیارت قبور کا جواز ثابت ہوتا ہے۔
(فتح الباري: 190/3) (2)
خواتین کے لیے قبروں کی زیارت کے متعلق حسب ذیل دلائل ہیں:
٭ حضرت عائشہ ؓ ایک دن اپنے بھائی حضرت عبدالرحمٰن بن ابی بکر ؓ کی قبر کی زیارت کر کے واپس آئیں تو حضرت عبداللہ بن ابی ملیکہ نے کہا:
اللہ کے رسول ﷺ نے تو قبروں کی زیارت سے منع کیا ہے۔
انہوں نے جواب دیا:
ہاں، لیکن پھر اس کی اجازت دے دی تھی۔
(السنن الکبریٰ للبیهقي: 78/4)
٭ حضرت عائشہ ؓ نے رسول اللہ ﷺ سے دریافت کیا:
اے اللہ کے رسول! جب میں قبروں کی زیارت کروں تو کون سی دعا پڑھوں؟ آپ نے فرمایا:
”تم یہ دعا پڑھو:
(السلام علی أهل الديار) (صحیح مسلم، الجنائز، حدیث: 2256 (974)
لیکن خواتین کے لیے ٹولیوں کی شکل میں اور کثرت کے ساتھ زیارت کرنا جائز نہیں، کیونکہ حدیث میں ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے بہت زیادہ قبروں کی زیارت کرنے والی خواتین پر لعنت فرمائی ہے۔
(سنن ابن ماجة، الجنائز، حدیث: 1576)
جو عورتیں بناؤ سنگھار کر کے نوحہ کرنے کے لیے قبرستان جاتی ہیں، ان کے لیے کسی صورت زیارت قبور جائز نہیں۔
الغرض عورتوں کے لیے قبروں کی زیارت کرنا جائز ہے بشرطیکہ بار بار نہ جائیں، اجتماعی طور پر اس کا اہتمام نہ کریں اور وہاں جا کر خلاف شرع کاموں کا ارتکاب نہ کریں۔
والله أعلم۔
(3)
امام بخاری ؒ نے جنازے سے متعلق دیگر مسائل و احکام سے زیارت قبور کو مقدم کیا ہے، کیونکہ اس سے انسان کا بار بار واسطہ پڑتا ہے، اس لیے امام بخاری نے اس عنوان کو دیگر احکام کے لیے اصل اور بنیاد قرار دیا ہے۔
(فتح الباري: 192/3)
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 1283
الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:1302
1302. حضرت انس ؓ سے روایت ہے وہ نبی ﷺ سے بیان کرتے ہیں کہ آپ نے فرمایا:”صبر وہی ہے جو ابتدائے صدمہ میں ہو۔“ [صحيح بخاري، حديث نمبر:1302]
حدیث حاشیہ:
(1)
قرآن کریم میں صبر کرنے والوں کو جو بشارت دی گئی ہے اس سے وہی صبر کرنے والے مراد ہیں جو ابتدائے صدمہ میں صبرواستقلال کا مظاہرہ کرتے ہیں۔
(2)
امام بخاری ؒ نے صبر کے متعلق آیت کریمہ پیش کی ہے کہ تم صبر اور نماز کے ذریعے سے اللہ کی مدد طلب کرو۔
(سورة البقرة: 153/2)
شاید امام بخاری ؒ کا مقصود ایک واقعے کی طرف اشارہ کرنا ہے کہ حضرت ابن عباس ؒ کو دوران سفر میں ان کے بھائی قثم بن عباس کے فوت ہونے کی خبر ملی تو انہوں نے (إِنَّا لِلَّـهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ)
پڑھا، پھر راستے سے ہٹ کر نماز پڑھنے لگے، دو رکعت پڑھ کر دیر تک بیٹھے رہے۔
جب اٹھے تو آیت ﴿وَاسْتَعِينُوا بِالصَّبْرِ﴾ پڑھنے لگے۔
اس سے معلوم ہوتا ہے کہ مصائب و آلام کو برداشت کرنے میں نماز کا بہت تعلق ہے۔
(فتح الباري: 220/3)
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 1302
الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:7154
7154. سیدنا انس ؓ سے روایت ہے انہوں نے اپنے خاندان کی ایک عورت سے کہا: کیا تو فلاں عورت کو جانتی ہے؟ اس نے کہا: جی ہاں،تو انہوں نے بتایا کہ نبی ﷺ ایک دفعہ اس کے پاس گزرے تو وہ ایک قبر کے پاس رو رہی تھی۔آپ ﷺ نے فرمایا: ”اللہ سے ڈر اور صبر کر۔“ اس نے جواب دیا: آپ میرے پاس سے چلے جائیں۔آپ نے مجھ جیسی مصیبت نہیں پڑی،چنانچہ آپ ﷺ وہاں سے آگے بڑھے اور تشریف لے گئے اس دوران میں وہاں سے ایک آدمی گزرا تو اس نے پوچھا: رسول اللہ ﷺ نے تجھ سے کیا فرمایا تھا؟ اس نے کہا: میں نے آپ ﷺ کو نہیں پہچانا۔ اس شخص نے کہا: وہ تو رسول اللہ ﷺ تھے۔ پھر وہ عورت آپ ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئی دیکھا کہ وہاں کوئی دربان نہ تھا،اس نے کہا: اللہ کے رسول! اللہ کی قسم،میں نے آپ کو پہچانا نہیں تھا۔نبی ﷺ نے فرمایا: ”صبر تو صدمے کے آغاز میں ہوتا ہے۔“ [صحيح بخاري، حديث نمبر:7154]
حدیث حاشیہ:
1۔
اس حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنا کوئی دربان نہیں رکھا تھا جو لوگوں کی ضروریات کو آپ صلی اللہ علیہ وسلم تک پہنچاتا بلکہ لوگ براہ راست آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے سامنے اپنی حاجات پیش کرتے تھے لیکن جب خوارج کی طرف سے خفیہ حملوں کا آغاز ہوااور حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ ان کے ہاتھوں شہید ہوئے اور حضرت معاویہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ پر بھی قاتلانہ حملہ ہوا تو حضرت معاویہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے لوگوں کی آمدو رفت پر پابندی لگادی۔
اگرچہ انھوں نے یہ کام احتیاط کے پیش نظر کیا لیکن اس کے باوجود حضرت عمرو بن مرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ ارشاد سنایا:
\"جو حاکم وقت ضرورت مندوں اور کمزور بندوں کے سامنے اپنا دروازہ بند کرے گا۔
تو اللہ تعالیٰ اس کی حاجت و ضرورت اور اس کی مسکینی کے وقت آسمان کے دروازے بندے کردےگا۔
یعنی اللہ تعالیٰ کی طرف سے اس کی کوئی مدد نہیں ہوگی۔
\"یہ حدیث سن کر حضرت معاویہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے دروازے پر ایک خاص آدمی مقرر کر دیا جو لوگوں کی حاجات و ضروریات معلوم کرکے ان تک پہنچاتا تھا۔
(جامع الترمذی الاحکام حدیث: 1332)
2۔
بہر حال موجودہ حالات کے پیش نظر کسی بااخلاق سمجھ دار اور تجربہ کار شخص کو دربان رکھنے میں کوئی حرج نہیں۔
واللہ اعلم۔w
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 7154