(اسماعیل) ابن ابی خالد، مسعر اور بختری بن مختار نےیہ روایت ابو بکر بن عمارہ بن رویبہ سے سنی، انھوں نے اپنے والد (حضرت عمارہ بن رویبہ ثقفی رضی اللہ عنہ) سے روایت کی، انھوں نے کہا: میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کویہ فرماتے ہوئے سنا: ” وہ شخص ہرگز آگ میں داخل نہیں ہو گا جو سورج نکلنے اور اس کے غروب ہونے سے پہلے نماز پڑھتا ہے۔“ یعنی فجر اور عصر کی نمازیں۔ اس پر بصرہ کے ایک آدمی نے ان سے کہا: کیا آپ نے یہ روایت رسول للہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنی تھی؟ انھوں نے کہا: ہا ں۔ اس آدمی نے کہا: میں شہادت دیتا ہوں کہ میں نے بھی یہ روایت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنی۔ میرے دونوں کانوں نے اسے سنا اور میرے دل نے اسے یاد رکھا۔
ابو بکر بن عمارہ بن رویبہ رحمتہ اللہ علیہ اپنے باپ سے بیان کرتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ فرماتے ہوئے سنا: ”جو سورج نکلنے سے پہلے اور اس کے غروب سے پہلے نماز پڑھتا ہے وہ ہرگز آگ میں داخل نہیں ہو گا، یعنی جو عصر اور مغرب پڑھتا ہے“ تو ان سے ایک بصری آدمی نے پوچھا: کیا تو نے یہ روایت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنی ہے؟ انہوں نے کہا، ہاں، تو اس آدمی نے کہا: میں شہادت دیتا ہوں میں نے بھی یہ روایت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنی ہے، میرے کانوں نے اسے سنا اور میرے دل نے اس کو سمجھ کر یاد رکھا۔