۔ (جریر بن عبد الحمید کے بجائے) ابو عوانہ نے موسیٰ بن ابی عائشہ سے، انہوں نے سعید بن جبیر سے اور انہوں حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ سے اللہ کے فرمان: ”آپ اس (وحی کو پڑھنے) کے لیے اپنی زبان کو نہ ہلائیں کہ آپ اسے جلد سیکھ لیں“ کے بارے میں روایت کی کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم وحی کے نزول کی وجہ سے بہت مشقت برداشت کرتے، آپ (ساتھ ساتھ) اپنے ہونٹ ہلاتے تھے (ابن عباس رضی اللہ عنہ نے مجھے کہا: میں تمہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی طرح ہونٹ ہلا کر دکھاتا ہوں، تو انہوں نے اپنے ہونٹوں کو حرکت دی اور سعید بن جبیر نے (اپنے شاگرد سے) کہا: میں اپنے ہونٹوں کو اسی طرح ہلاتا ہوں جس طرح ابن عباس رضی اللہ عنہ انہیں ہلاتے تھے، پھر اپنے ہونٹ ہلائے) اس پر اللہ تعالیٰ یہ آیت اتاری: ” آپ اس (وحی کو پڑھنے) کے لیے اپنی زبان کو نہ ہلائیں کہ آپ اسے جلد سیکھ لیں۔ بےشک ہمارا ذمہ ہے اس کو (آپ کے دل میں) سمیٹ کر رکھنا اور (آپ کی زبان سے) اس کی قراءت۔“ کہا: آپ کے سینے میں اسے جمع کرنا، پھر یہ کہ آپ اسے پڑھیں۔ ” پھر جب ہم پڑھیں (فرشتہ ہماری طرف سے تلاوت کرے) تو آپ اس کے پڑھنے کی اتباع کریں۔“ ابن عباس رضی اللہ عنہما نے کہا: یعنی اس کو غور سےسنیں اور خاموش رہیں، پھر ہمارے ذمے ہے کہ آپ اس کی قراءت کریں۔ ابن عباس رضی اللہ عنہما نے کہا: اس کے بعد جب آپ کے پاس جبرائیل رضی اللہ عنہ (وحی لے کر) آتے تو آپ غور سے سنتے اور جب جبرائیل رضی اللہ عنہ چلے جاتے تواسے آپ اسی طرح پڑھتے جس طرح انہوں نے آپ کو پڑھایا ہوتا۔
حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالی عنہما سے اللہ تعالیٰ کے فرمان: اس کو جلدی جلدی لینے کے لیے اپنی زبان نہ ہلائیں۔ کے بارے میں روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم وحی کے نزول سے بہت مشقت برداشت کرتے تھے، آپصلی اللہ علیہ وسلم (وحی کے اخذ کے لیے) اپنے ہونٹ ہلاتے تھے، ابن عباس رضی اللہ تعالی عنہما نے مجھے کہا، میں تمہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی طرح ہونٹ ہلا کر دکھاتا ہوں، اور سعید نے اپنے شاگرد کو کہا، میں اپنے ہونٹوں کو ابن عباس رضی اللہ تعالی عنہما کی طرح تمہیں ہلا کر دکھاتا ہوں، پھر اپنے ہونٹ ہلائے، اس پر اللہ تعالیٰ نے یہ آیات اتاریں، ”اس کو جلدی جلدی لینے کے لیے اپنی زبان کو نہ ہلائیں، بے شک اس کو جمع کردینا اور اس کا پڑھوا دینا ہمارے ذمہ ہے۔“ یعنی اس کو آپصلی اللہ علیہ وسلم کے سینے میں جما دینا، اور پڑھا دینا ہمارے ذمہ ہے پھر جب ہم اس کو (جبریل عَلیہِ السَّلام کی زبان سے) پڑھیں تو آپصلی اللہ علیہ وسلم اس کو اس کے پیچھے پڑھیں یعنی اس کو غور سے سنیں اور خاموش رہیں، پھر اس کو آپ کو پڑھانا ہمارے ذمہ ہے۔ (اس کے بعد) جب آپصلی اللہ علیہ وسلم کے پاس جبریل عَلیہِ السَّلام وحی لے کر آتے آپصلی اللہ علیہ وسلم غور سے سنتے اور جب جبریل عَلیہِ السَّلام چلے جاتے تو آپصلی اللہ علیہ وسلم اس کی قرأت پڑھتے۔