تخریج: «أخرجه ابن ماجه، العتق، باب أمهات الأولاد، حديث:2517، والنسائي في الكبرٰي:3 /199، حديث:5039، والدارقطني:4 /135، وابن حبان(الإحسان):6 /265، حديث:4308.»
تشریح:
یہ حدیث ام ولد کی بیع کے جواز کی مقتضی ہے لیکن اکثر علماء اس کی حرمت کے قائل ہیں‘ یہاں تک کہ متأخرین کی ایک جماعت نے تو اس پر اجماع کا دعویٰ کیا ہے اور کہا ہے کہ حضرت عمر رضی اللہ عنہ کا اسے فروخت کرنے سے منع کرنا اور صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم کا مخالفت نہ کرنا اس کی دلیل ہے کہ وہ اس کی ممانعت پر متفق تھے اور ان کی تائید نبی ٔاکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے اس فرمان سے ہوتی ہے:
«أَیُّمَا امْرَأَۃٍ وَلَدَتْ مِنْ سَیِّدِھَا فَھِيَ مُعْتَقَۃٌ عَنْ دُبُرٍ مِنْہُ» ”جو لونڈی اپنے مالک سے بچے کو جنم دے وہ اس کی وفات کے بعد آزاد ہو جاتی ہے۔
“ (مسند أحمد: ۱ /۳۰۳‘ ۳۱۷‘ ۳۲۰‘ وسنن ابن ماجہ‘ العتق‘ باب أمھات الأولاد‘ حدیث:۲۵۱۵) اس حدیث کے اور بھی بہت سے طرق اور الفاظ ہیں۔
ملاحظہ ہو:
(عون المعبود:۴ /۴۷) اس حدیث سے استدلال کی وجہ یہ ہے کہ یہ اصل عام اور ضابطۂکلیہ پر دلالت کرتی ہے اور وہ یہ ہے کہ لونڈی جو ام ولد ہو‘ مالک کی موت کے بعد آزاد ہو جاتی ہے۔
اس اصل پر عمل اسی صورت میں ممکن ہے جب ام ولد لونڈی کی بیع ممنوع ہو۔
اور رہی حضرت جابر رضی اللہ عنہ کی روایت تو وہ بہت سے احتمالات رکھتی ہے۔
کسی وقت کسی فعل پر مجرد خاموشی ایسی تحدید کی معرفت فراہم نہیں کرتی جو اصل عام اور ضابطۂکلیہ کا مقابلہ کر سکے۔