فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث2034
´قبروں کی زیارت کا بیان۔`
بریدہ رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”میں نے تمہیں قبروں کی زیارت سے منع کیا تھا تو اب تم اس کی زیارت کیا کرو ۱؎، اور میں نے قربانی کے گوشت کو تین دن سے زیادہ رکھنے سے منع کیا تھا تو اب جب تک جی چاہے رکھو، اور میں نے تمہیں مشک کے علاوہ کسی اور برتن میں نبیذ (پینے) سے منع کیا تھا، تو سارے برتنوں میں پیو (مگر) کسی نشہ آور چیز کو مت پینا۔“ [سنن نسائي/كتاب الجنائز/حدیث: 2034]
اردو حاشہ:
(1) بعض کام ہمیشہ کے لیے حرام ہوتے ہیں۔ ان کے جواز کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا، مگر کچھ کام بذات خود جائز ہوتے ہیں لیکن کسی وقتی مصلحت کی خاطر انھیں ممنوع قرار دے دیا جاتا ہے۔ مصلحت گزر جانے کے بعد وہ اپنے اصلی حکم پر آ جاتے ہیں۔ حدیث میں مذکور تینوں کام اسی نوعیت کے ہیں۔ قبروں پر جانا، تین دن سے اوپر قربانی کا گوشت کھانا اور نبیذ پینا جائز کام ہیں، مگر بعض نقصانات سے بچنے کے لیے ان سے روکا گیا جب نقصان کا خطرہ نہ رہا تو جواز کا اعلان فرما دیا گیا۔
(2) رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی بعثت کے ابتدائی دور میں شرک عام تھا۔ بتوں اور قبروں کی پوجا کھلے عام تھی، اس لیے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مسلمانوں کو قبروں پر جانے سے روک دیا تاکہ شرک کی طرف ذہن متوجہ ہی نہ ہو۔ جب توحید عام ہوگئی اور ذہن پختہ ہوگئے، شرک کا امکان نہ رہا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے قبروں پر جانے کی اجازت دے دی تاکہ موت یاد رہے۔ افسوس کا مقام ہے کہ اب پھر قبروں پر دعا و پکار ہوتی ہے۔ موت کی یاد کی بجائے شرک کی یاد تازہ ہوتی ہے، لہٰذا اس حدیث کی روشنی میں ایسی قبروں پر جانا منع ہے جن کی پوجا ہوتی ہے اور جنھیں آج کی اصطلاح میں ”مزار“ کہا جاتا ہے۔
(3) ”قربانی کا گوشت“ ابتدا میں اکثر صحابہ فقیر تھے۔ خال خال لوگ قربانی کرسکتے تھے، زیادہ تر مسلمان غریب اور مسکین تھے، اس لیے آپ نے تین دن سے اوپر قربانی کا گوشت رکھنے سے روک دیا تھا، پھر جب غنائم کی کثرت ہوگئی اور قربانیاں عام ہوگئیں اور لوگوں کو حاجت نہ رہی تو آپ نے اصلی حکم بحال فرما دیا کہ جب تک چاہو، کھاؤ، البتہ کسی سائل کو محروم نہ رکھا جائے اور نہ پڑوسی ہی محروم رہے۔
(4) ”نبیذ“ ابتدائی دور میں لوگ مے نوشی کے عادی تھے۔ تھوڑا بہت نشہ تو انھیں محسوس ہی نہ ہوتا تھا، اس لیے جب شراب حرام ہوئی تو آپ نے ان برتنوں میں نبیذ بنانے سے روک دیا جو شراب بنانے کے لیے استعمال ہوتے تھے کیونکہ ان کی ساخت ایسی تھی کہ ان میں جلد نشہ پیدا ہوتا تھا، امکان تھا کہ اگر ان برتنوں میں نبیذ کی اجازت دی گئی تو اولاً شراب کی یاد باقی رہے گی، ثانیاً نبیذ میں نشہ پیدا ہو جائے گا اور انھیں پتا نہیں چلے گا، اس لیے شراب کے برتنوں سے مستقل روک دیا گیا لیکن جب شراب ذہنوں سے محو ہوگئی اور طبائع میں نشے کی اثرات نہ رہے تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اصلی حکم بحال فرما دیا کہ کسی بھی برتن میں نبیذ بنائی جا سکتی ہے کیونکہ برتن کسی چیز کو حرام نہیں کرتا۔ حرام کرنے والی چیز تو نشہ ہے، اگر نشہ پیدا نہ ہو تو کسی بھی برتن میں نبیذ بنانے میں کوئی حرج نہیں۔
(5) اس حدیث سے معلوم ہوا کہ حاکم وقت یا مفتی اور قاضی کسی چیز کو جائز ہونے کے باوجود وقتی طور پر ممنوع کرسکتے ہیں جب کسی مفسدے اور خرابی کا حقیقی خطرہ ہو، مگر یہ پابندی عارضی ہوگی۔ جوں ہی خرابی کا خطرہ ختم ہو تو وہ چیز دوبارہ جائز ہو جائے گی۔ شرعاً جائز امر کو مستقل طور پر ممنوع قرار نہیں دیا جا سکتا، ہاں جزوی یا عارضی طور پر پابندی ممکن ہے بشرطیکہ کوی ٹھوس وجہ موجود ہو۔
سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 2034
فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث2035
´قبروں کی زیارت کا بیان۔`
بریدہ رضی الله عنہ سے روایت ہے کہ وہ ایک مجلس میں تھے جس میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم (موجود) تھے، تو آپ نے فرمایا: ”میں نے تمہیں قربانی کا گوشت تین دن سے زیادہ کھانے سے منع کیا تھا (تو اب تم) کھاؤ، کھلاؤ اور جب تک جی چاہے رکھ چھوڑو، اور میں نے تم سے ذکر کیا تھا کہ کدو کی تمبی، تار کول ملے ہوئے، اور لکڑی کے اور سبز اونچے گھڑے کے برتنوں میں نبیذ نہ بناؤ، (مگر اب) جس میں مناسب سمجھو بناؤ، اور ہر نشہ آور چیز سے پرہیز کرو، اور میں نے تمہیں قبروں ک [سنن نسائي/كتاب الجنائز/حدیث: 2035]
اردو حاشہ:
”غلط بات“ مثلاً: شرکیہ بات، نوحہ، رونا دھونا وغیرہ۔ عورتیں اتنا ضبط نہیں رکھتیں، لہٰذا وہ کبھی کبھار ہی جا سکتی ہیں، تاہم جن عورتوں سے یہ خطرہ نہ ہو، ان کے لیے قبرستان جانے کی اجازت ہے۔
سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 2035
فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث4435
´قربانی کا گوشت تین دن سے زیادہ کھانے کی اجازت کا بیان۔`
بریدہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”میں نے تمہیں تین دن بعد قربانی کا گوشت کھانے سے، مشکیزے کے علاوہ کسی برتن میں نبیذ بنانے سے اور قبروں کی زیارت کرنے سے روکا تھا۔ لیکن اب تم جب تک چاہو قربانی کا گوشت کھاؤ اور سفر کے لیے توشہ بناؤ اور ذخیرہ کرو، اور جو قبروں کی زیارت کرنا چاہے (تو کرے) اس لیے کہ یہ آخرت کی یاد دلاتی ہے اور ہر مشروب پیو لیکن نشہ لانے والی چیز سے بچو۔“ [سنن نسائي/كتاب الضحايا/حدیث: 4435]
اردو حاشہ:
(1) مذکورہ بالا احادیث اس بات پر صریح طور پر دلالت کرتی ہے کہ پہلے قبروں کی زیارت کے لیے جانا ممنوع تھا، بعد ازاں اس کی اجازت دے دی گئی۔ اب عورتیں اور مرد، سب جا سکتے ہیں۔ جن احادیث میں عورتوں پر، قبرستان جانے کی صورت میں، لعنت کی گئی ہے ان کا مفہوم یہ ہے کہ جو عورتیں شرعی تقاضے پامال کریں اور ان کا لحاظ نہ رکھتے ہوئے قبروں کی زیارت کے لیے جائیں، نیز اسی طرح خاوندوں کے حقوق کا خیال کیے بغیر ان کا قبرستان آنا جانا لگا رہے تو وہ لعنت کی حق دار ٹھہریں گی۔ حدیث میں اجازت کے الفاظ اگرچہ مذکر کے صیغے سے مروی ہیں، تاہم عام احکام میں عورتیں بھی مردوں کے تابع ہوتی ہیں جیسا کہ قرآن و حدیث کے دیگر بہت سے احکام میں ایسے ہے۔
(2) یہ حدیث مبارکہ اس اہم مسئلے کی طرف بھی واضح راہنمائی کرتی ہے کہ احکام میں نسخ ہوتا ہے جیسا کہ زیارتِ قبور کی ممانعت کا حکم منسوخ کر دیا گیا اور قبرستان جانے کی رخصت دے دی گئی، اسی طرح پہلے چند مخصوص قسم کے برتنوں میں مشروبات پینے سے روکا گیا تھا، پھر بعد میں اس ممانعت والے حکم کو مکمل طور پر منسوخ کر کے ان برتنوں میں مشروبات پینے کی اجازت دے دی گئی اور وہ اجازت تاحال باقی ہے۔ ہاں، البتہ نشہ آور مشروب، خواہ تھوڑی مقدار میں استعمال کیا جائے یا زیادہ مقدار میں، ہر دو صورت میں اس کا پینا حرام اور ناجائز ہے اور یہ حرمت ہمیشہ ہمیشہ کے لیے ہے۔
سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 4435
فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث5655
´ہر برتن کے استعمال کی اجازت کا بیان۔`
بریدہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”میں نے تمہیں قبروں کی زیارت سے منع کیا تھا، اب تم زیارت کرو، میں نے تین دن سے زیادہ تک قربانی کے گوشت (جمع کرنے) سے منع کیا تھا، لیکن اب جب تک تمہارا جی چاہے رکھ چھوڑو، میں نے تمہیں مشکیزے کے علاوہ (برتنوں) کی نبیذ سے منع کیا تھا، لیکن اب تم تمام قسم کے برتنوں میں پیو البتہ نشہ لانے والی چیز مت پیو۔“ [سنن نسائي/كتاب الأشربة/حدیث: 5655]
اردو حاشہ:
یہ حدیث سابقہ حدیث سے زیادہ واضح ہے اور یہ حدیث اس بات میں صریح ہے کہ مذکورہ برتنوں میں نبیذ بنانےسے روکنے کا حکم ابتدا میں دیا گیا تھا، بعد میں یہ حکم منسوخ کر دیا گیا۔ جس طرح زیارت قبور اور قربانی کے گوشت کی پابندی منسوخ ہو چکی ہے اورا س پر سب اہل علم کا اتفاق ہے، اسی طرح برتنوں کی پابندی بھی منسوخ ہے۔ جمہور اہل علم کا یہی مسلک ہے اور یہی درست ہے۔ تفصیل پیچھے گزر چکی ہے۔ دیکھیے، حدیث: 5646، نیز یہ نسخ کی سب سے بہترین صورت ہے کہ خود رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنا سابقہ حکم منسوخ ہونے کی صراحت فرما دی اور نیا حکم جاری کر دیا۔ ایسے نسخ میں کوئی شک نہیں رہتا۔ یہ حدیث سندا بھی اعلیٰ درجے کی صحیح ہے کیو نکہ صحیح مسلم میں مذکور ہے۔
سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 5655
فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث5656
´ہر برتن کے استعمال کی اجازت کا بیان۔`
بریدہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”میں نے تمہیں تین چیزوں سے روکا تھا: قبروں کی زیارت سے تو اب تم (قبروں کی زیارت) کرو، اس کی زیارت سے تمہاری بہتری ہو گی، میں نے تمہیں تین دن سے زائد قربانی کے گوشت (ذخیرہ کرنے) سے روکا تھا، لیکن اب تم جب تک چاہو اس میں سے کھاؤ، میں نے تمہیں کچھ برتنوں کے مشروب سے روکا تھا، لیکن اب تم جس برتن میں چاہو پیو اور کوئی نشہ لانے والی چیز نہ پیو۔“ [سنن نسائي/كتاب الأشربة/حدیث: 5656]
اردو حاشہ:
”لیکن قبروں کی زیارت“ یعنی قبروں کی زیارت کا مقصد صرف تبرک نہیں جیسا کہ عموما ہوتا ہے کہ صالحین کی قبور کی زیارت صرف تبرک کے لیے کی جاتی ہے بلکہ قبروں کی زیارت آخرت کو یاد کرنے، مو ت اور قبر کی طرف متوجہ ہونے اور اصلاح اعمال کے لیے ہو نی چاہیے۔
سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 5656