تخریج: «أخرجه مسلم، المساجد، باب استحباب الذكر بعد الصلاة....، حديث:591.»
تشریح:
1. اس حدیث سے نماز کے اذکار کا استحباب ثابت ہوتا ہے۔
نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا استغفار بطور شکر اور تعلیم کے تھا اور اہل ایمان کا استغفار نماز میں کمی بیشی کے ازالے کے لیے ہے‘ نیز یہ استغفار وسواس اور خیالات کے پیدا ہونے کی وجہ سے بھی ہوتا ہے۔
2. بہ تقاضائے بشریت جو کمی و زیادتی اور خیالات کی بنا پر نماز میں نقص واقع ہوگیا‘ہم اس کی مغفرت اور درگزر کی درخواست کرتے ہیں۔
یہی عبدیت کا تقاضا ہے کہ بندہ اپنے معبود سے معافی کا طلب گار رہے۔
3.نبی صلی اللہ علیہ وسلم استغفار کس طرح کرتے تھے؟ امام نووی رحمہ اللہ نے اذکار میں بیان کیا ہے کہ امام اوزاعی سے استفسار کیا گیا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا استغفار کون سا تھا؟ تو انھوں نے بتایا کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم
«أَسْتَغْفِرُ اللّٰہَ ‘ أَسْتَغْفِرُ اللّٰہَ ‘ أَسْتَغْفِرُاللّٰہَ» پڑھا کرتے تھے۔
4.اس حدیث میں دعا کے جتنے فقرات مذکور ہیں وہی پڑھنے مسنون ہیں۔
بعض لوگوں نے اس پر صبر نہیں کیا بلکہ اپنی جانب سے اضافہ کر کے کچھ کا کچھ بنا دیا‘ مثلاً: اسی دعا میں اس طرح اضافہ کر دیا: اَللّٰھُمَّ! أَنْتَ السَّلَامُ وَ مِنْکَ السَّلَامُ وَ إِلَـیْکَ یَرْجِعُ السَّلَامُ حَیِّنَا رَبَّنَا بِالسَّلَامِ تَبَارَکْتَ یَا ذَا الْجَلَالِ وَاْلإِکْرَامِ وغیرہ۔
5.حدیث میں یہ اضافہ کہیں بھی منقول نہیں بلکہ یہ اپنی طرف سے
”ریشم میں ٹاٹ کا پیوند
“ کا مصداق ہے۔