مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 2660
2660. حضرت عقبہ بن حارث ؓ سے روایت ہے، انھوں نے کہا: میں نے ایک عورت سے شادی کی، ایک عورت آئی اور کہنے لگی: میں نے تم دونوں کو دودھ پلایاہے۔ میں نبی کریم ﷺ کی خدمت میں حاضر ہواتو آپ نے فرمایا: ”جب یہ بات کہہ دی گئی ہے تواب کیا ہوسکتا ہے؟اس عورت کو اپنے سے علیحدہ کردو۔“ یا اس جیسا کوئی کلمہ ارشاد فرمایا۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:2660]
حدیث حاشیہ:
معلوم ہوا کہ رضاع کے بارے میں ایک ہی عورت مرضعہ کی شہادت کافی ہے جیسا کہ اس حدیث سے ظاہر ہے، اس سے مرضعہ کی شہادت کا بھی اثبات ہوا۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 2660
مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 5104
5104. سیدنا عقبہ بن حارث ؓ سے روایت ہے، انہوں نے کہا: میں نے ایک عورت سے نکاح کیا تو ایک سیاپ فام عورت آئی اور کہنے لگی کہ میں نے تم دونوں کو دودھ پلایا ہے۔ میں اس وقت نبی ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا اور عرض کی: میں نے فلاں عورت سے نکاح کیا تو ایک عورت نے آکر کہا ہے کہ میں نے تم دونوں کو دودھ پلایا ہے، حالانکہ وہ جھوٹ بولتی ہے۔ آپ ﷺ نے میری طرف سے منہ پھیر لیا۔ میں نے آپ کے چہرہ انور کی طرف آکر عرض کی: وہ عورت جھوٹ کہتی ہے نبی ﷺ نے فرمایا: ”اب اس بیوی سے کیے نکاح رہ سکے گا جبکہ اس عورت نے تمہیں دودھ پلانے کی شہادت دی ہے؟ اس عورت کو اپنے سے الگ کردو۔“ (راوی حدیث) اسماعیل بن علیہ نے اپنی شہادت اور درمیان والی انگلی سے اشارہ کر کے بتایا کہ شیخ محترم نے اس طرح اشارہ کیا تھا۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:5104]
حدیث حاشیہ:
اس موقع پر آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے اشارہ کو بتایا تھا۔
انہوں نے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا اشارہ نقل کیا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے انگلیوں سے بھی اشارہ کیا اور زبان سے بھی فرمایا کہ اس عورت کو چھوڑ دے جو لوگ کہتے ہیں کہ رضاعت صرف مرضعہ کی شہادت سے ثابت نہیں ہوتی وہ یہ کہتے ہیں کہ آپ نے احتیاطاً یہ حکم فرمایا تھا۔
مگر ایسا کہنا ٹھیک نہیں، حلال و حرام کا معاملہ ہے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس شہادت کو تسلیم کر کے عورت کو جدا کرا دیا یہی صحیح ہے۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 5104
مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 2052
2052. حضرت عقبہ بن حارث ؓ سے روایت ہے کہ ایک سیاہ فام عورت آئی اور کہنے لگی کہ میں نے تم دونوں (میاں بیوی) کو دودھ پلایا ہے۔ اس نے نبی کریم ﷺ سے ذکر کیا تو آپ نے اس سے منہ پھیر لیا اور مسکراتے ہوئے فرمایا: ”تم اس عورت کو (بطور بیوی) کیسے رکھ سکتے ہوجبکہ تمہارے بارے میں ایسا کہا گیا ہے؟“ حضرت عقبہ بن حارث ؓ کی بیوی ابو اہاب تمیمی کی بیٹی تھی۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:2052]
حدیث حاشیہ:
ترمذی کی روایت میں ہے میں نے عرض کیا یا رسول اللہ! وہ جھوٹی ہے، آپ نے منہ پھیر لیا، پھر آپ کے منہ کے سامنے آیا اور عرض کی یا رسول اللہ! وہ جھوٹی ہے۔
آپ ﷺ نے فرمایا، اب تو اس عورت کو کیسے رکھ سکتا ہے جب یہ کہا جاتا ہے کہ ایک عورت نے تم دونوں کو دودھ پلایا ہے۔
یہ حدیث اوپر کتاب العلم میں گزر چکی ہے۔
یہاں حضرت امام بخاری ؒ اس لیے لائے کہ گو اکثر علماء کے نزدیک رضاع ایک عورت کی شہادت سے ثابت نہیں ہوسکتا مگر شبہ تو ہو جاتا ہے اور آنحضرت ﷺ نے شبہ کی بنا پر عقبہ ؓ کو یہ صلاح دی کہ اس عورت کو چھوڑ دے۔
معلوم ہوا کہ اگر شہادت کامل نہ ہو یا شہاد ت کے شرائط میں نقص ہو تو معاملہ مشتبہ رہتا ہے لیکن مشتبہ سے بچے رہنا تقویٰ اور پرہیزگاری ہے۔
ہمارے امام احمد بن حنبل ؒ کے نزدیک تو رضاع صرف مرضعہ کی شہادت سے ثابت ہو جاتا ہے۔
(وحیدی)
حافظ ابن حجر ؒ فرماتے ہیں:
و وجه الدلالة منه قوله کیف و قد قیل یشعر بأن أمرہ بفراق امرأته إنما کان لأجل قول المرأة إنها رضعتهما فاحتمل أن یکون صحیحاً فیرتکب الحرام فأمرہ بفراقها احتیاطا علی قول الأکثر و قیل بل قبل شهادة المراة وحدها علی ذلك۔
یعنی ارشاد نبوی کیف قیل سے مقصد باب ثابت ہوتاہے جس سے ظاہرہے کہ آپ ﷺ نے عقبہ ؓ کو اس عورت سے جدائی کا حکم صادر فرمایا۔
دودھ پلانے کی دعوے دار عورت کے اس بیان پر کہ میں نے ان دونوں کو دودھ پلایا ہے۔
احتمال ہے کہ اس عورت کا بیان صحیح ہو اور عقبہ حرام کا مرتکب ہو۔
اس لیے احتیاطاً جدائی کا حکم دے دیا۔
یہ بھی کہا گیا ہے کہ آپ نے اس عورت کی شہادت کو قبول فرما لیا، اور اس بارے میں ایک ہی شہادت کو کافی سمجھا۔
حضرت امام ؒنے اس واقعہ سے بھی یہ ثابت فرمایا ہے کہ مشتبہ امور میں ان سے پرہیز ہی کا راستہ سلامتی اور احتیاط کا راستہ ہے۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 2052
مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 2640
2640. حضرت عقبہ بن حارث ؓ سے روایت ہے، انھوں نے ابو اہاب بن عزیز کی دختر سے نکاح کیا تو اس کے پاس ایک عورت آئی اور کہنے لگی۔ میں نے عقبہ اور اس کی منکوحہ (دونوں)کو دودھ پلایا ہے۔ حضرت عقبہ ؓ نے کہا: مجھے معلوم نہیں کہ تونے مجھے دودھ پلایا ہے اور نہ تم نے (اس سے پہلے) مجھے خبر دی ہے، پھر انھوں نے ابو اہاب کے خاندان کی طرف صورت حال کی وضاحت کے لیے پیغام بھیجا تو انھوں نے لا علمی کا اظہار کیا کہ اس عورت نے ہماری بیٹی کو دودھ پلایا ہو۔ حضرت عقبہ ؓ سوار ہو کر مدینہ طیبہ میں نبی ﷺ سے مسئلہ دریافت کرنے کے لیے حاضر ہوئے تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”اب تم اسے کیسے رکھ سکتے ہو، جبکہ (رضاعت کی) بات کہی جا چکی ہے۔“ چنانچہ حضرت عقبہ ؓ نے اس خاتون سے علیحدگی اختیار کر لی اور اس نے کسی اور سے نکاح کر لیا۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:2640]
حدیث حاشیہ:
ترجمہ باب اس طرح ثابت ہوا کہ عقبہ اور اس کی اہلیہ کے عزیز کا بیان نفی میں تھا اور دودھ پلانے والی عورت کا بیان اثبات میں تھا۔
آنحضرت ﷺ نے اسی عورت کی گواہی قبول فرمائی۔
معلوم ہوا کہ گواہی میں اثبات نفی پر مقدم ہے۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 2640
مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 2659
2659. حضرت عقبہ بن حارث ؓ سے روایت ہے کہ انھوں نے ام یحییٰ بنت ابواہاب سے شادی کرلی تو ایک سیاہ فام لونڈی آئی اور کہنے لگی: میں نے تم دونوں کو دودھ پلایا ہے۔ میں نے جب نبی کریم ﷺ سے اس بات کا تذکرہ کیا تو آپ نے اپنا رخ دوسری طرف پھیرلیا، چنانچہ میں بھی اس طرف سے ہٹ گیا۔ پھر میں نے دوبارہ آپ سے اسی بات کاذکر کیا تو آپ نے فرمایا: ”اب یہ کیسے ہوسکتاہے جبکہ اس عورت کا دعویٰ ہے کہ اس نے تم دونوں کو دودھ پلایاہے؟“ پھرآپ نے حضرت عقبہ ؓ کو اس رشتے سے روک دیا۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:2659]
حدیث حاشیہ:
اس حدیث میں ذکر ہے کہ ایک لونڈی کی شہادت آنحضرت ﷺ نے قبول فرمائی اور اس کی بنا پر ایک صحابی عقبہ بن حارث ؓ اور ان کی عورت میں جدائی کرادی، معلوم ہوا کہ لونڈی غلاموں کی شہادت قبول کی جاسکتی ہے، جو لوگ اس کے خلاف کہتے ہیں ان کا قول درست نہیں۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 2659
الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:2052
2052. حضرت عقبہ بن حارث ؓ سے روایت ہے کہ ایک سیاہ فام عورت آئی اور کہنے لگی کہ میں نے تم دونوں (میاں بیوی) کو دودھ پلایا ہے۔ اس نے نبی کریم ﷺ سے ذکر کیا تو آپ نے اس سے منہ پھیر لیا اور مسکراتے ہوئے فرمایا: ”تم اس عورت کو (بطور بیوی) کیسے رکھ سکتے ہوجبکہ تمہارے بارے میں ایسا کہا گیا ہے؟“ حضرت عقبہ بن حارث ؓ کی بیوی ابو اہاب تمیمی کی بیٹی تھی۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:2052]
حدیث حاشیہ:
(1)
اس عنوان سے مقصود شبہ اور وسوسے کے درمیان فرق کی وضاحت کرتا ہے کہ شبہ کو چھوڑ دینا مستحب ہے جبکہ وسوسے کا اعتبار نہیں کرنا چاہیے۔
(2)
شبہ کسی قوی یا کمزور دلیل سے پیدا ہوتا ہے جیسا کہ حدیث مذکور سے پتہ چلتا ہے کہ دودھ پلانے کے سلسلے میں اگر کسی عورت نے گواہی دی تو اسے تسلیم کیا جائے گا کیونکہ خبر دینے والی مسلمان ہے اور مسلمان ہمیشہ سچ بولتا ہے،چنانچہ رسول اللہ ﷺ نے حضرت عقبہ بن حارث ؓ کو شبہ سے بچنے کے لیے فرمایا:
”تم اپنی بیوی سے علیحدگی اختیار کرلو۔
“ اگرچہ ایک عورت کے کہنے سے حتمی حکم ثابت نہیں ہوتا، تاہم شبہ کے لیے ایک عورت کی شہادت ہی کافی ہے،اس لیے تقوے کے طور پر اس عورت کو نکاح میں رکھنے سے پرہیز کرنا اچھا ہے۔
وسوسے کی مثال یہ ہے کہ ایک شخص خراسان کا رہنے والا ہے وہ بغداد جائے جبکہ اس کا والد بغداد میں رہ چکا ہوتو وہ بغداد میں شادی کرنے سے اس لیے پرہیز کرے کہ شاید اس کے باپ نے بغداد میں شادی کی ہو اور جس عورت سے یہ خراسانی شادی کرنا چاہتا ہے وہ اس کے باپ کی بیٹی اور اس کی بہن ہو۔
شریعت میں اس طرح کے وسوسوں کی کوئی حیثیت نہیں۔
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 2052
الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:2640
2640. حضرت عقبہ بن حارث ؓ سے روایت ہے، انھوں نے ابو اہاب بن عزیز کی دختر سے نکاح کیا تو اس کے پاس ایک عورت آئی اور کہنے لگی۔ میں نے عقبہ اور اس کی منکوحہ (دونوں)کو دودھ پلایا ہے۔ حضرت عقبہ ؓ نے کہا: مجھے معلوم نہیں کہ تونے مجھے دودھ پلایا ہے اور نہ تم نے (اس سے پہلے) مجھے خبر دی ہے، پھر انھوں نے ابو اہاب کے خاندان کی طرف صورت حال کی وضاحت کے لیے پیغام بھیجا تو انھوں نے لا علمی کا اظہار کیا کہ اس عورت نے ہماری بیٹی کو دودھ پلایا ہو۔ حضرت عقبہ ؓ سوار ہو کر مدینہ طیبہ میں نبی ﷺ سے مسئلہ دریافت کرنے کے لیے حاضر ہوئے تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”اب تم اسے کیسے رکھ سکتے ہو، جبکہ (رضاعت کی) بات کہی جا چکی ہے۔“ چنانچہ حضرت عقبہ ؓ نے اس خاتون سے علیحدگی اختیار کر لی اور اس نے کسی اور سے نکاح کر لیا۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:2640]
حدیث حاشیہ:
(1)
اس حدیث کے مطابق دودھ پلانے والی عورت نے رضاعت کو ثابت کیا، لیکن حضرت عقبہ بن حارث ؓ اور ان کی بیوی کے اہل خانہ نے اس کی نفی کی۔
رسول اللہ ﷺ کے پاس جب معاملہ گیا تو آپ نے اس عورت کی بات کا اعتبار کیا اور حضرت عقبہ بن حارث ؓ کو بیوی سے علیحدہ ہو جانے کا حکم دیا۔
(2)
یہ حکم وجوب کے لیے تھا یا احتیاط اور تقویٰ کے اعتبار سے، بہرحال رسول اللہ ﷺ نے اس عورت کی گواہی قبول فرمائی۔
معلوم ہوا کہ گواہی کے موقع پر اثبات نفی پر مقدم ہے۔
(3)
دودھ کے متعلق دیگر مسائل و احکام ہم آئندہ کتاب النکاح میں بیان کریں گے، نیز معلوم ہوا کہ جہاں حلت و حرمت کا مسئلہ ہو وہاں احتیاط کا تقاضا ہے کہ وہ چیز اختیار کی جائے جو شک و شبہ سے بالا ہو اور جو چیز شک پیدا کرتی ہو اسے ترک کر دیا جائے۔
مذکورہ واقعہ میں احتیاط کا تقاضا یہی تھا کہ حضرت عقبہ بن حارث ؓ اپنی بیوی کو چھوڑ دیتے۔
واللہ أعلم
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 2640
الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:2659
2659. حضرت عقبہ بن حارث ؓ سے روایت ہے کہ انھوں نے ام یحییٰ بنت ابواہاب سے شادی کرلی تو ایک سیاہ فام لونڈی آئی اور کہنے لگی: میں نے تم دونوں کو دودھ پلایا ہے۔ میں نے جب نبی کریم ﷺ سے اس بات کا تذکرہ کیا تو آپ نے اپنا رخ دوسری طرف پھیرلیا، چنانچہ میں بھی اس طرف سے ہٹ گیا۔ پھر میں نے دوبارہ آپ سے اسی بات کاذکر کیا تو آپ نے فرمایا: ”اب یہ کیسے ہوسکتاہے جبکہ اس عورت کا دعویٰ ہے کہ اس نے تم دونوں کو دودھ پلایاہے؟“ پھرآپ نے حضرت عقبہ ؓ کو اس رشتے سے روک دیا۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:2659]
حدیث حاشیہ:
اس حدیث کے مطابق رسول اللہ ﷺ نے ایک لونڈی کی گواہی قبول فرمائی، پھر اس گواہی کی بنیاد پر حضرت عقبہ بن حارث ؓ اور اس کی بیوی ام یحییٰ کے درمیان علیحدگی کرا دی۔
معلوم ہوا کہ اگر لونڈی کی گواہی قابل قبول نہ ہوتی تو اس پر عمل نہ کیا جاتا۔
واللہ أعلم
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 2659
الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:2660
2660. حضرت عقبہ بن حارث ؓ سے روایت ہے، انھوں نے کہا: میں نے ایک عورت سے شادی کی، ایک عورت آئی اور کہنے لگی: میں نے تم دونوں کو دودھ پلایاہے۔ میں نبی کریم ﷺ کی خدمت میں حاضر ہواتو آپ نے فرمایا: ”جب یہ بات کہہ دی گئی ہے تواب کیا ہوسکتا ہے؟اس عورت کو اپنے سے علیحدہ کردو۔“ یا اس جیسا کوئی کلمہ ارشاد فرمایا۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:2660]
حدیث حاشیہ:
اس حدیث کے مطابق دودھ کے سلسلے میں ایک ہی دودھ پلانے والی کی گواہی کافی ہے۔
رسول اللہ ﷺ نے اس گواہی کو کافی سمجھتے ہوئے میاں بیوی کے درمیان علیحدگی کرا دی، چنانچہ اس گواہی کی بنیاد پر حضرت عقبہ بن حارث ؓ کو رشتۂ ازدواج ختم کرنا پڑا۔
سنن دارقطنی کی روایت میں ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:
”اس عورت سے علیحدگی اختیار کر لو کیونکہ اس میں تمہارے لیے کوئی خیر و برکت نہیں ہے۔
“ (سنن الدارقطني: 162/2)
ایک دوسری روایت میں ہے:
حضرت عقبہ بن حارث ؓ نے جب اسے علیحدہ کر دیا تو اس نے کسی اور شخص سے شادی کر لی۔
(صحیح البخاري، الشھادات، حدیث: 2640، وفتح الباري: 332/5)
واللہ أعلم
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 2660
الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:5104
5104. سیدنا عقبہ بن حارث ؓ سے روایت ہے، انہوں نے کہا: میں نے ایک عورت سے نکاح کیا تو ایک سیاپ فام عورت آئی اور کہنے لگی کہ میں نے تم دونوں کو دودھ پلایا ہے۔ میں اس وقت نبی ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا اور عرض کی: میں نے فلاں عورت سے نکاح کیا تو ایک عورت نے آکر کہا ہے کہ میں نے تم دونوں کو دودھ پلایا ہے، حالانکہ وہ جھوٹ بولتی ہے۔ آپ ﷺ نے میری طرف سے منہ پھیر لیا۔ میں نے آپ کے چہرہ انور کی طرف آکر عرض کی: وہ عورت جھوٹ کہتی ہے نبی ﷺ نے فرمایا: ”اب اس بیوی سے کیے نکاح رہ سکے گا جبکہ اس عورت نے تمہیں دودھ پلانے کی شہادت دی ہے؟ اس عورت کو اپنے سے الگ کردو۔“ (راوی حدیث) اسماعیل بن علیہ نے اپنی شہادت اور درمیان والی انگلی سے اشارہ کر کے بتایا کہ شیخ محترم نے اس طرح اشارہ کیا تھا۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:5104]
حدیث حاشیہ:
(1)
اس موقع پر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے زبان سے بھی فرمایا:
اس عورت سے علیحدگی اختیار کر لو اور فراق کے متعلق انگلیوں سے اشارہ بھی فرمایا۔
(2)
کچھ حضرات کا خیال ہے کہ رضاعت کے سلسلے میں ایک عورت کی گواہی قبول نہیں ہوگی۔
وہ اس حدیث کا یہ جواب دیتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے احتیاط کے طور پر یہ حکم دیا مگر ایسا کہنا درست نہیں۔
حلال و حرام کے معاملے میں آپ نے ایک عورت کی شہادت کو قبول کر کے یہ حکم دیا تھا۔
بہرحال امام بخاری رحمہ اللہ کا موقف ہے کہ رضاعت کے متعلق صرف ایک عورت کی گواہی معتبر ہے جیسا کہ اس حدیث سے واضح طور پر معلوم ہوتا ہے۔
والله اعلم (3)
وہ عورت جس سے حضرت عقبہ بن حارث نے نکاح کیا تھا وہ ابو اہاب بن عزیز تمیمی کی بیٹی تھی۔
جب سیاہ فام عورت نے دودھ پلانے کی خبر دی تو حضرت عقبہ رضی اللہ عنہ نے کہا:
ہمیں تو اس کا علم نہیں ہے اور نہ تونے اس سے پہلے ہمیں بتایا ہے، پھر انھوں نے سسرال والوں سے دریافت کیا تو انھوں نے بھی بتایا کہ ہم قطعی طور پر اس معاملے سے بے خبر ہیں، پھر انھوں نے مدینہ طیبہ کا سفر اختیار کیا تاکہ اس کے متعلق رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے دریافت کریں۔
آخر کار انھوں نے اسے چھوڑ دیا تو اس نے کسی دوسرے آدمی سے نکاح کرلیا۔
(صحیح البخاري، الشھادات، حدیث: 2640)
واضح رہے کہ امام بخاری رحمہ اللہ نے انھی الفاظ کے ساتھ ایک عنوان كتاب الشهادات میں بھی قائم کیا ہے۔
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 5104