الحمدللہ ! احادیث کتب الستہ آف لائن ایپ ریلیز کر دی گئی ہے۔    

1- حدیث نمبر سے حدیث تلاش کیجئے:



صحيح البخاري
كِتَاب الِاعْتِصَامِ بِالْكِتَابِ وَالسُّنَّةِ
کتاب: اللہ اور سنت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو مضبوطی سے تھامے رہنا
16. بَابُ مَا ذَكَرَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ وَحَضَّ عَلَى اتِّفَاقِ أَهْلِ الْعِلْمِ:
16. باب: نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے عالموں کے اتفاق کرنے کا جو ذکر فرمایا ہے اس کی ترغیب دی ہے اور مکہ اور مدینہ کے عالموں کے اجماع کا بیان۔
حدیث نمبر: 7330
حَدَّثَنَا عَمْرُو بْنُ زُرَارَةَ، حَدَّثَنَا الْقَاسِمُ بْنُ مَالِكٍ، عَنْ الْجُعَيْدِ، سَمِعْتُ السَّائِبَ بْنَ يَزِيدَ، يَقُولُ:" كَانَ الصَّاعُ عَلَى عَهْدِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ مُدًّا وَثُلُثًا بِمُدِّكُمُ الْيَوْمَ"، وَقَدْ زِيدَ فِيهِ سَمِعَ الْقَاسِمُ بْنُ مَالِكٍ الْجُعَيْدَ.
ہم سے عمرو بن زرارہ نے بیان کیا، کہا ہم سے قاسم بن مالک نے بیان کیا، ان سے جعید نے، انہوں نے سائب بن یزید سے سنا، انہوں نے بیان کیا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانے میں صاع تمہارے وقت کی مد سے ایک مد اور ایک تہائی مد کا ہوتا تھا، پھر صاع کی مقدار بڑھ گئی یعنی عمر بن عبدالعزیز کے زمانہ میں وہ چار مد کا ہو گیا۔ [صحيح البخاري/كِتَاب الِاعْتِصَامِ بِالْكِتَابِ وَالسُّنَّةِ/حدیث: 7330]
تخریج الحدیث: «أحاديث صحيح البخاريّ كلّها صحيحة»

حكم: أحاديث صحيح البخاريّ كلّها صحيحة

   صحيح البخاريالصاع على عهد النبي مدا وثلثا بمدكم اليوم
   صحيح البخاريالصاع على عهد النبي مدا وثلثا بمدكم اليوم
   سنن النسائى الصغرىالصاع على عهد رسول الله مدا وثلثا بمدكم اليوم وقد زيد فيه

صحیح بخاری کی حدیث نمبر 7330 کے فوائد و مسائل
  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 7330  
حدیث حاشیہ:
باب سے اس حدیث کی مطابقت اس طرح سے ہے کہ خواہ عمر بن عبد العزیز کے زمانے میں اس مد کی مقدار بڑھ گئی ہو لیکن احکام شرعیہ میں جیسے صدقہ فطر وغیرہ ہے اسی صاع کا اعتبار رہا جو اہل مدینہ اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا تھا۔
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 7330   

  الشيخ محمد حسين ميمن حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري 7330  
صحیح بخاری کی حدیث نمبر: 7330کا باب: «بَابُ مَا ذَكَرَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ وَحَضَّ عَلَى اتِّفَاقِ أَهْلِ الْعِلْمِ:»
باب اور حدیث میں مناسبت:
امام بخاری رحمہ اللہ نے ترجمۃ الباب کئی ایک مسائل کو ثابت کرنے کے لیے قائم فرمایا ہے جس کے کئی اجزاء ہیں۔ مثلا مکہ اور مدینہ کے علماء کے اجماع کا بیان، مہاجرین اور انصار کے متبرک مقامات کا بیان، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی نماز پڑھنے کی جگہ اور اس کا متبرک ہونا، اسی طرح آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی قبر مبارک کا بیان، آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے منبر کا بیان وغیرہ۔

اس ایک باب کے ذریعے امام بخاری رحمہ اللہ کئی ایک مسائل کو حل فرمانے کا قصد رکھتے ہیں جن کی طرف اشارہ امام بخاری رحمہ اللہ نے تحت الباب پیش کی گئی احادیث کے ذریعے فرمایا ہے، آپ نے تحت الباب تقریبا چوبیس احادیث پیش فرمائی ہیں جن کا باب سے تعلق جزء یا چند اجزاء کے ساتھ قائم ہے لیکن کوئی ایک حدیث مکمل طور پر باب کے ساتھ مناسبت نہیں رکھتی، دراصل امام بخاری رحمہ اللہ جو بات ثابت کرنا چاہتے ہیں وہ یہ ہے کہ اہل مدینہ کی خبر معتبر ہے کیوں کہ انہوں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا مشاہدہ کیا ہے، جیسے مہاجرین اور انصار اور جیسے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا منبر اور قبر کا مشاہدہ کرنے والے حضرات جن کا ذکر امام بخاری رحمہ اللہ نے باب میں فرمایا ہے، وہ تمام چیزیں مراد ہیں۔ سیدنا جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہ کی حدیث سے باب کی مناسبت اس جہت سے ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے مدینہ کی فضیلت بیان فرمائی ہے کہ مدینہ تمام شہروں میں افضل ہے جہاں برے لوگ نہیں ٹھہر سکتے، وہاں کے لوگ حتی کہ علماء بھی اچھے ہی ہوں گے، مگر یہ فضیلت حیات نبوی کے ساتھ خاص تھی۔

حافظ ابن حجر رحمہ اللہ لکھتے ہیں:
«قال ابن بطال عن المهلب: فيه تفضيل المدينة على غيرها بما خصها الله به من أنها تنفي الخبث، و رتب على ذالك القول بحجية إجماع أهل المدينة، و تعقب بقول ابن عبدالبر أن الحديث دال على فضل المدينة، و لكن ليس الوصف المذكور لها فى جميع الأزمنه، بل هو خاص بزمن النبى صلى الله عليه وسلم لأنه لم يكن يخرج منها رغبة من الإقامة معه إلا من لا خير فيه.» [فتح الباري لابن حجر: 261/14]
ابن بطال رحمہ اللہ مہلب رحمہ اللہ سے نقل کرتے ہیں کہ اس حدیث سے مدینہ کی دیگر علاقوں پر تفضیل ظاہر ہوتی ہے اس امر کے ساتھ جو اللہ تعالی نے اسے خاص فرمایا کہ وہ مدینہ خبث کی نفی کرتا ہے اس پر اہل مدینہ کی حجیت کا قول مترتب ہے۔ اس کا جواب ابن عبدالبر رحمہ اللہ کے قول سے تعاقب کیا جائے گا کہ حدیث مدینہ کی فضیلت پر دال تو ہے لیکن یہ اس کی صفت مذکور تمام زمانے میں عام نہیں ہے بلکہ یہ صفت عہد نبوی کے ساتھ خاص ہے کیوں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ہوتے ہوئے اس میں اقامت اختیار کرنے سے وہی شخص اعراض کر سکتا ہے جس میں بھلائی نہ ہو۔
علامہ مہلب رحمہ اللہ کے ان اقتباسات سے باب اور حدیث میں مناسبت بھی معلوم ہوئی اور ساتھ ہی ایک مسئلے کی وضاحت بھی۔ باب سے حدیث کا تعلق یہی ہے کہ مذکورہ بالا حدیث میں مدینہ منورہ کو فضیلت دی گئی ہے، یہی مطابقت باب کے ایک جزء سے ہے۔
اب جہاں تک اہل مدینہ کے عمل کا تعلق ہے تو اس پر تفصیلی گفتگو ہم ان شاء اللہ اس باب کے اختتام پر فائدے میں درج کریں گے۔ دوسری حدیث جو سائب بن یزید سے مروی ہے اس کا باب سے مناسبت کچھ اس طرح سے ہے کہ فتح الباری میں موجود ہے:
«ومناسة هذا الحديث للترجمة أن قدر الصاع مما اجتمع عليه أهل الحرمين بعد العهد النبوي و استمر، فلما ذار بنو أمية فى الصاع لم يتركوا اعتبار الصاع النبوي.» [فتح الباري لابن حجر: 263/14]
حدیث کی ترجمۃ الباب سے مناسبت یہ ہے کہ صاع کی مقدار وہی رہی جس پر عہد نبوی کے اہل حرمین متفق ہو گئے تھے، تو جب بنو امیہ نے صاع میں زیادتی کی تو (اس کے باوجود بھی) عہد نبوی والے صاع کا اعتبار کرنا چھوڑا نہ گیا (بلکہ باقی رہا)۔
لہذا باب اور حدیث میں مناسبت کی جہت ان تفصیلات کی روشنی میں یہ قرار پائی کہ عمر بن عبدالعزیز رحمہ اللہ کے دور میں اس (صاع) کی مقدار بڑھ گئی ہو گی مگر احکام شرعیہ میں جیسے صدقہ فطر وغیرہ ہے اسی صاع کے اعتبار سے ہو گا جو اہل مدینہ اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے دور میں تھا۔

جو حدیث سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما سے مروی ہے اس کا باب سے مناسبت اس طرح سے ہے کہ مسجد کے قریب یہ مقام جہاں انہیں رجم کیا گیا تھا تاریخی طور پر متبرک ہے کیوں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم اکثر نماز جنازہ بھی اسی جگہ ادا کیا کرتے تھے، لہٰذا یہاں سے اس جگہ کا متبرک ہونا ثابت ہوتا ہے اور یہیں سے باب کے جزء کے ساتھ مناسبت بھی قائم ہوتی ہے۔ [ارشاد الساري: 89/12]، [عمدة القاري للعيني: 88/25]
فائدہ:
کیا اہل مدینہ کا ہر عمل حجت ہے؟
بعض حضرات کا کہنا ہے کہ اہل مدینہ کا عمل مطلق حجت ہے حالانکہ یہ بات محل نظر ہے بلکہ خود امام مالک رحمہ اللہ کے نزدیک بھی یہ بات معتمد نہ تھی، امام مالک رحمہ اللہ کے نزدیک بھی اصل اہمیت قرآن و حدیث ہی کو حاصل تھی، ایک واقعہ اس بات کا واضح ثبوت فراہم کرتا ہے، ہارون رشید نے جب امام مالک رحمہ اللہ کو پیش کش کی تھی کہ آپ کی مؤطا کو قانون قرار دیا جائے، چنانچہ لکھا گیا ہے:
«انه شاور مالكا فى أن يعلق الموطأ فى الكعبة، و يحمل الناس على ما فيه، فقال: لا تفعل، فان أصحاب رسول الله صلى الله عليه وسلم اختلفوا فى الفروع، و تفرقوا فى البلدان، و كل سنة مضت، قال: وفقك الله يا أبا عبدالله.» [حجة الله البالغه: 116/1]، [مفتاح السعادة 87/2]
خلیفہ ہارون رشید نے امام مالک رحمہ اللہ سے مشورہ کیا کہ مؤطا کو ملک کا قانون قرار دے کر کعبہ میں لٹکا دیا جائے تاکہ لوگ اس کی اتباع پر مجبور ہوں، امام مالک رحمہ اللہ نے فرمایا: صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کا فروع میں اختلاف تھا اور وہ مختلف ممالک میں پھیل گئے، جو کچھ ان سے منقول ہے سب سنت ہے، ہارون نے معاملہ سمجھ کر فرمایا: اللہ تعالی آپ کو خیر کی توفیق عطا کرے۔
اس حوالے سے یہ واضح ہوا کہ امام مالک رحمہ اللہ مطلق مدینے کے عمل کو حجت قرار نہیں دیتے تھے، بلکہ ہر صحابی کی حدیث کو دین سمجھتے تھے۔

امام ابن حزم رحمہ اللہ نے اپنی کتاب «الأحكام فى أصول الأحكام» میں اس مسئلے پر بھی تفصیلی بحث فرمائی ہے جس کا خلاصہ یہ ہے کہ صرف اہل مدینہ کو سنت کا علم رکھنے والا قرار دینا ناجائز ہے، چنانچہ علامہ ابن حزم رحمہ اللہ لکھتے ہیں:
«و أما قولهم: إن أهل المدينة أعلم بأحكام رسول الله صلى الله عليه وسلم ممن سواهم، فهو كزب و باطل، و إنما الحق أن أصحاب رسول الله صلى الله عليه وسلم و هم العالمون بأحكامه سواء بقي منهم من بقي بالمدينة أو خرج منهم من خرج.» [الاحكام فى اصول الاحكام: 684/4]
اور ان کا کہنا ہے کہ اہل مدینہ احکام رسول صلی اللہ علیہ وسلم کو زیادہ جانتے تھے اپنے سے علاوہ کے، تو یہ جھوٹ ہے اور باطل ہے، لہٰذا جو صحیح اور حق بات ہے تو وہ یہ ہے کہ تمام صحابہ کرام رضی اللہ عنہم دین کے احکامات کو جانتے تھے چاہے وہ مدینے میں باقی رہے یا وہ وہاں سے کوچ کر گئے ہوں۔

علامہ ابن قیم رحمہ اللہ موطا کی سرکاری حیثیت کو شمولیت کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے رقمطراز ہیں:
«وهذا يدل على أن عمل أهل المدينة ليس عنده حجة لازمة لجميع الأمة . . . . .» [اعلام الموقعين: 297/2]
یہ اس بات پر دال ہے کہ اہل مدینہ کا عمل حجت نہیں ہے اور نہ ہی جمیع امت پر اسے قبول کرنا ضروری ہے، اور یہ بات کہ (اہل مدینہ کا عمل حجت ہے) امام مالک رحمہ اللہ نے نہ ہی مؤطا میں یہ بات کی ہے اور نہ کسی اور جگہ، بلکہ مطلب صرف ایک واقع کا اظہار ہے۔
لہٰذا یہ کہنا کہ عمل اہل مدینہ تمام امت پر مطلق حجت ہے سراسر غلط اور باطل ہے بلکہ جمہور اس کے مخالف ہیں، صاحب فقہ الاسلام نے بڑی عمدہ بات کہی، آپ رقمطراز ہیں:
جمہور کا خیال ہے کہ مدینہ کو عمل میں باقی شہروں پر کوئی مرتبہ حاصل نہیں ہے، اختلاف کے وقت سنت ہی کی اتباع اصل شئی ہے، کسی عالم کا قول دوسرے پر حجت نہیں، صحابہ کرام رضی اللہ عنہم مختلف ممالک میں پھیل گئے تھے، سب صاحب علم تھے، اصل چیز سنت ہے، کسی شہر کا علم تشریع کی بنیاد قرار نہیں دیا جا سکتا۔ [فقه الاسلام از شيخ احمد: ص 170]
بلکہ اگر غور کیا جائے تو امام مالک رحمہ اللہ کے نزدیک بھی اہل مدینہ کا عمل حجت نہیں تھا، کیونکہ آپ رحمہ اللہ نے اپنی مؤطا میں ایسی روایات پیش کی ہیں جو اہل مدینہ کے عمل کے خلاف ہیں، دوسری مضبوط دلیل یہ بھی ہے کہ آپ رحمہ اللہ سے پوچھا گیا:
«عمن أخذ بحديث حدثه ثقة عن أصحاب رسول الله صلى الله عليه وسلم أتراه من ذالك فى سعة؟ فقال: لا والله يصيب الحق، و ما الحق الا واحد، قولان مختلفان يكونان صوابًا جميعًا؟ و ما الحق و الصواب الا واحد.» [جامع بيان العلم وفضله عن اشهب: 102/2]
حدیث کسی سے لی جائے؟ آپ رحمہ اللہ نے فرمایا: جو ثقہ ہو اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے اصحاب سے روایت کرتا ہو، پھر پوچھا گیا کہ کیا اس بارے میں آپ کے نزدیک کوئی وسعت ہے؟ آپ رحمہ اللہ نے انکار کرتے ہوئے فرمایا: نہیں! اللہ کی قسم نہیں ہے حتی کہ حق تک رسائی نہ ہو جائے، اور حق تو صرف ایک ہی ہوتا ہے، بھلا دو مختلف اقوال بھی باہم درست ہو سکتے ہیں؟ نہیں، حق اور صواب تو صرف ایک ہی ہو سکتا ہے۔

علامہ ابن قیم رحمہ اللہ اس مسئلے پر روشنی ڈالتے ہوئے کہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اور خلفائے راشدین کے بعد اہل مدینہ کے کیا معاملات تھے، اس پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھتے ہیں:
اہل مدینہ کا عمل مفتیوں، امراء اور بازاروں پر «محتسبين» کے حکم کے مطابق تھا، رعیت ان لوگوں کی مخالفت نہیں کر سکتی تھی، پس اگر مفتی فتوی دیتے تو والی اسے نافذ کرتا اور محتسب اس کے مطابق عمل کرتا، اسی طرح وہ فتوی معمول بہ ہو جاتا، لیکن یہ چیز قابل التفات نہیں ہے بلکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اور آپ کے خلفاء اور صحابہ رضی اللہ عنہم کے اعمال سنت ہیں، لہٰذا ان دونوں میں سے ایک چیز کو دوسری چیز کے ساتھ خلط ملط نہیں کیا جائے گا، پس ہمارے نزدیک اس عمل پر تحکیما زیادہ شدید ہے اور اس کے مقابلے میں دوسری چیز (متاخرین اہل مدینہ ان کا عمل) اگر خلاف سنت ہو تو ترک کیے جانے کے شدید مستحق ہے۔

نواب صدیق حسن خان بھوپالی رحمہ اللہ اس مسئلے پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھتے ہیں:
امام مالک رحمہ اللہ اور ان کے متعین کے برخلاف اہل مدینہ کا عمل بھی کسی صحیح حدیث کے خلاف حجت نہیں ہوتا، کیوں کہ وہ بھی امت میں سے بعض ہیں (یعنی کل نہیں ہیں)، لہٰذا اس بات کا جواز موجود ہے کہ وہ صحیح خبر ان تک نہ پہنچی ہو۔ [حصول المامول من علم الاصول: ص 59]
ان تمام گفتگو کا حاصل یہ ہے کہ کسوٹی صرف سنت نبوی ہی ہو گی، اس کے خلاف اہل مدینہ کا عمل، کوفہ، بصرہ، شام، یمن، مصر، دمشق، بالفرض کوئی بھی معروف یا غیر معروف علمی شہر یا غیر علمی شہر ہو، کسوٹی ہرگز نہیں بن سکتا۔

امام شافعی رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
«كيف أترك الخبر لأقوال أقوام لو عامرتهم لما حجتهم بالحديث .» [الاحكام فى اصول الاحكام للامدی: 165/2]
میں خبر (یعنی حدیث رسول صلی اللہ علیہ وسلم) کو اقوال سے کس طرح ترک کر سکتا ہوں، اگر میں ان لوگوں کے مابین موجود ہوتا تو ان سے حدیث کی حجت پر بحث کرتا۔
بس کسوٹی صرف قرآن و حدیث ہی ہے یہی گفتگو کا حاصل ہے۔
   عون الباری فی مناسبات تراجم البخاری ، جلد دوئم، حدیث/صفحہ نمبر: 303   

تخریج الحدیث کے تحت دیگر کتب سے حدیث کے فوائد و مسائل
  فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث2521  
´صاع کتنے مد کا ہوتا ہے۔`
سائب بن یزید رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانہ میں ایک صاع تمہارے آج کے مد سے ایک مد اور ایک تہائی مد اور کچھ زائد کا تھا۔ اور ابوعبدالرحمٰن فرماتے ہیں: اس حدیث کو مجھ سے زیاد بن ایوب نے بیان کیا ہے۔ [سنن نسائي/كتاب الزكاة/حدیث: 2521]
اردو حاشہ:
پیمانے اور وزن ہمیشہ بدلتے رہتے ہیں، ایک جیسے نہیں رہتے، مد، صاع، درہم اور مثقال بھی چھوٹے بڑے ہوتے رہے ہیں۔ ظاہر ہے شریعت میں معتبر پیمانہ اور وزن تو وہی ہے جو رسول اللہﷺ کے دور میں تھا۔ آپ کے دور میں صاع چار مد کا تھا اور ایک مد وزن کے لحاظ سے ایک اور تہائی رطل 11/3 کا تھا۔ اسی طرح صاع پانچ رطل اور تہائی رطل کا تھا، یعنی 51/3 رطل۔ اور رطل 90 مثقال کا۔ اس لحاظ سے صاع کے وزن کی تفصیل حدیث 2515 میں گزر چکی ہے جو تقریباً ڈھائی کلو بنتا ہے۔ بعد میں مد اور صاع بڑا بنا دیا گیا۔ مد بجائے 11/3 رطل کے 23 رطل کا کر دیا گیا۔ اسی طرح صاع آٹھ رطل کا ہوگیا۔ احناف نے اس صاع کو اختیار کیا ہے، حالانکہ وہ صاع نبوی نہیں۔ یہی وجہ ہے کہ امام ابو یوسف رحمہ اللہ جب مدینہ منورہ گئے اور ان کا امام مالک رحمہ اللہ سے اس سلسلے میں مباحثہ ہوا تو انھوں نے اپنے مسلک سے رجوع کر لیا کیونکہ امام مالک رحمہ اللہ نے ان کو مدینہ منورہ کے مختلف گھروں سے رسول اللہﷺ کے دور کے صاع منگوا کر دکھائے جو ایک دوسرے کے برابر تھے۔ اور یہ صاع اہل مدینہ نے وراثتاً اپنے آباؤ اجداد سے حاصل کیے تھے۔ اور یہی صاع صحیح ہے۔ جمہور اہل علم اسی کے قائل ہیں۔ امام ابو یوسف نے فرمایا تھا کہ اگر میرے استاد امام ابوحنیفہ رحمہ اللہ یہ صاع دیکھ لیتے تو وہ بھی اس کے قائل ہو جاتے۔ گویا حنفیہ کا صاع شرعی صاع نہیں ہے، لہٰذا عشر اور صدقۃ الفطر میں مدنی صاع ہی معتبر ہوگا نہ کہ حنفیہ والا صاع جو بعد میں بنایا گیا۔
   سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 2521   

  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 6712  
6712. حضرت سائب بن یزید ؓ سے روایت ہے انہوں نے کہا: نبی ﷺ کے عہد مبارک میں ایک صاع تمہارے ہاں رائج الوقت 1/1/3 (ایک مد اور تہائی) مد کے برابر ہوتا تھا پھر حضرت عمر بن عبدالعزیز ؓ کے دور حکومت میں اس کے اندر اضافہ کر دیا گیا۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:6712]
حدیث حاشیہ:
مگر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانہ کا صاع ہی لیا جائے گا۔
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 6712   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:6712  
6712. حضرت سائب بن یزید ؓ سے روایت ہے انہوں نے کہا: نبی ﷺ کے عہد مبارک میں ایک صاع تمہارے ہاں رائج الوقت 1/1/3 (ایک مد اور تہائی) مد کے برابر ہوتا تھا پھر حضرت عمر بن عبدالعزیز ؓ کے دور حکومت میں اس کے اندر اضافہ کر دیا گیا۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:6712]
حدیث حاشیہ:
(1)
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے عہد مبارک میں مد کی مقدار دو رطل سے کم تھی۔
ہشام کے دور میں کمی کو پورا کر کے مد کی مقدار دو رطل کے برابر کر دی گئی، پھر حضرت عمر بن عبدالعزیز رحمہ اللہ کے عہد خلافت میں دو گنا اضافہ کر کے مد کی مقدار چار رطل کر دی گئی۔
اگر اس میں ایک تہائی جمع کیا جائے تو عہد نبوی کے صاع کے برابر ہو جاتا ہے، یعنی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے دور میں صاع کی مقدار 51/3 رطل تھی۔
جب عمر بن عبدالعزیز رحمہ اللہ کے دور میں رائج مد، یعنی چار رطل میں مزید ایک تہائی مد، یعنی 1/1/3 رطل کا اضافہ کیا جائے تو صاع نبوی کی مقدار کے برابر ہو جاتا ہے۔
اگر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے دور میں صاع آٹھ رطل کا ہو تو حضرت سائب بن یزید رضی اللہ عنہ کو یوں کہنا چاہیے تھا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے عہد میں ایک صاع تمہارے آج کے مد کے حساب سے دو مد کا تھا پھر عمر بن عبدالعزیز رحمہ اللہ کے دور میں اضافہ ہو گیا لیکن انہوں نے ایسا نہیں کہا بلکہ یوں کہا ہے کہ عہد نبوی میں جو صاع تھا وہ تمہارے آج کے مد کے حساب سے ایک مد اور تہائی مد، یعنی 1/1/3(ایک مد اور تہائی)
مد کے برابر تھا۔
(2)
بہرحال رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے عہد مبارک میں ایک صاع 51/3 رطل کا تھا، آٹھ رطل کا نہیں تھا بصورت دیگر مذکورہ حدیث میں حضرت سائب بن یزید رضی اللہ عنہ کا بیان صحیح نہیں ہو گا۔
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 6712