17. باب: اللہ تعالیٰ کا سورۃ آل عمران میں فرمانا ”جو لوگ اللہ کا نام لے کر عہد کر کے قسمیں کھا کر اپنی قسموں کے بدلہ میں تھوڑی پونجی (دنیا کی مول لیتے ہیں) یہی وہ لوگ ہیں، جن کا آخرت میں کوئی حصہ نیک نہیں ہو گا“۔
عبداللہ یہ حدیث بیان کر چکے تھے، اتنے میں اشعث بن قیس آئے اور پوچھا کہ ابوعبدالرحمٰن نے تم لوگوں سے کیا حدیث بیان کی ہے؟ لوگوں نے کہا اس اس مضمون کی۔ انہوں نے کہا اجی یہ آیت تو میرے ہی بارے میں نازل ہوئی تھی میرے ایک چچازاد بھائی کی زمین میں میرا ایک کنواں تھا اس کے جھگڑے کے سلسلہ میں میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آیا تو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ تم اپنے گواہ لاؤ ورنہ مدعاعلیہ سے قسم لی جائے گی۔ میں نے عرض کیا: یا رسول اللہ! پھر وہ تو جھوٹی قسم کھا لے گا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جس نے جھوٹی قسم بدنیتی کے ساتھ اس لیے کھائی کہ اس کے ذریعہ کسی مسلمان کا مال ہڑپ کر جائے تو قیامت کے دن اللہ سے اس حال میں ملے گا کہ وہ اللہ اس پر انتہائی غضب ناک ہو گا۔ [صحيح البخاري/كتاب الْأَيْمَانِ وَالنُّذُورِ/حدیث: 6677]
الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:6677
حدیث حاشیہ: ایک دوسری حدیث میں مذکورہ آیت کی شان نزول کا اس طرح ذکر ہوا ہے جس کی تفصیل حضرت عبداللہ بن ابی اوفی رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ ایک شخص نے بازار میں اپنا مال رکھا اور ایک مسلمان کو پھانسنے کے لیے جھوٹی قسم کھا کر کہنے لگا: مجھے اس مال کی اتنی قیمت ملتی تھی، حالانکہ یہ بات غلط تھی، تب اللہ تعالیٰ نے یہ آیت نازل فرمائی۔ (صحیح البخاري، التفسیر، حدیث: 4551) ممکن ہے کہ دونوں مواقع پر یہ آیت نازل ہوئی ہو کیونکہ اس کے لفظ عام ہیں جو دونوں مواقع کو شامل ہیں۔ یہ بھی ہو سکتا ہے کہ یہ آیت پہلے نازل ہو چکی ہو لیکن حضرت ابن ابی اوفی رضی اللہ عنہ کو اس کا علم مذکورہ واقعے کے بعد ہوا ہو، اس لیے انہوں نے خیال کیا کہ یہ آیت اسی واقعے کے متعلق نازل ہوئی ہے۔ (فتح الباري: 682/1) بہرحال حقوق العباد کا معاملہ انتہای سنگین اور حساس ہے، انسان کو چاہیے کہ اس سلسلے میں محتاط رہے۔
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 6677