ہم سے یحییٰ بن بکیر نے بیان کیا، ان سے امام لیث بن سعد نے بیان کیا، ان سے عقیل نے، ان سے ابن شہاب نے بیان کیا، انہیں محمود بن ربیع انصاری نے خبر دی کہ عتبان بن مالک رضی اللہ عنہ جو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابہ میں سے تھے اور قبیلہ انصار کے ان لوگوں میں سے تھے جنہوں نے بدر کی لڑائی میں شرکت کی تھی۔ آپ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوئے اور عرض کیا کہ یا رسول اللہ! میری بصارت کمزور ہے اور میں اپنی قوم کو نماز پڑھاتا ہوں۔ برسات میں وادی جو میرے اور ان کے درمیان حائل ہے۔ بہنے لگتی ہے اور میرے لیے ان کی مسجد میں جانا اور ان میں نماز پڑھنا ممکن نہیں رہتا۔ اس لیے یا رسول اللہ! میری یہ خواہش ہے کہ آپ میرے گھر تشریف لے چلیں اور میرے گھر میں آپ نماز پڑھیں تاکہ میں اسی جگہ کو نماز پڑھنے کی جگہ بنا لوں۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ ان شاءاللہ میں جلد ہی ایسا کروں گا۔ عتبان رضی اللہ عنہ نے بیان کیا کہ پھر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم ابوبکر رضی اللہ عنہ کے ساتھ چاشت کے وقت جب سورج کچھ بلند ہو گیا تشریف لائے اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اندر آنے کی اجازت چاہی۔ میں نے آپ کو اجازت دے دی۔ آپ بیٹھے نہیں بلکہ گھر میں داخل ہو گئے اور دریافت فرمایا کہ اپنے گھر میں کس جگہ تم پسند کرتے ہو کہ میں نماز پڑھوں؟ میں نے گھر کے ایک کونے کی طرف اشارہ کیا۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم وہاں کھڑے ہو گئے اور (نماز کے لیے) تکبیر کہی۔ ہم نے بھی (آپ کے پیچھے) صف بنا لی۔ اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے دو رکعت نماز پڑھائی اور سلام پھیر دیا۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو خزیرہ (حریرہ کی ایک قسم) کے لیے جو آپ کے لیے ہم نے بنایا تھا روک لیا۔ گھر میں قبیلہ کے بہت سے لوگ آ آ کر جمع ہو گئے۔ ان میں سے ایک صاحب نے کہا مالک بن دخشن کہاں ہیں؟ اس پر کسی نے کہا کہ وہ تو منافق ہے اللہ اور اس کے رسول سے اسے محبت نہیں ہے۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ یہ نہ کہو، کیا تم نہیں دیکھتے کہ انہوں نے اقرار کیا ہے کہ «لا إله إلا الله» یعنی اللہ کے سوا اور کوئی معبود نہیں اور اس سے ان کا مقصد صرف اللہ کی خوشنودی حاصل کرنا ہے۔ ان صحابی نے کہا کہ اللہ اور اس کے رسول ہی زیادہ جانتے ہیں۔ راوی نے بیان کیا کہ ہم نے عرض کیا (یا رسول اللہ!) لیکن ہم ان کی توجہ اور ان کا لگاؤ منافقین کے ساتھ ہی دیکھتے ہیں۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: لیکن اللہ نے دوزخ کی آگ کو اس شخص پر حرام کر دیا ہے جس نے کلمہ «لا إله إلا الله» کا اقرار کر لیا ہو اور اس سے اس کا مقصد اللہ کی خوشنودی ہو۔ ابن شہاب نے بیان کیا کہ پھر میں نے حصین بن محمد انصاری سے جو بنی سالم کے ایک فرد اور ان کے سردار تھے۔ محمود کی حدیث کے متعلق پوچھا تو انہوں نے اس کی تصدیق کی۔ [صحيح البخاري/كِتَاب الْأَطْعِمَةِ/حدیث: 5401]
مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 5401
حدیث حاشیہ: یہ حدیث پہلے بھی گزر چکی ہے۔ دوزخ حرام ہونے کا یہ مطلب ہے کہ وہ طبقہ مومن پر حرام ہے جس میں کافر اور منافق رہیں گے یا دوزخ میں ہمیشہ کے لیے رہنا مسلمان پر حرام ہے۔ اس حدیث سے صاف ظاہر ہے کہ کسی کلمہ گو مسلمان کو کسی معقول شرعی وجہ کے بغیر کافر قرار دینا جائز نہیں ہے۔ اس صورت میں وہ کفر خود کہنے والے کی طرف لوٹ جاتا ہے۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 5401
الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:5401
حدیث حاشیہ: (1) اس حدیث میں ہے کہ حضرت عتبان بن مالک رضی اللہ عنہ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اور دیگر مہمانوں کو خزیرہ پیش کیا جو خصوصی طور پر تیار کیا گیا تھا۔ یہ ایک بہترین، زود ہضم اور لذیذ پکوان ہے۔ گوشت کا باریک قیمہ کر کے دیگ میں ڈال دیا جاتا ہے، پھر اس میں پانی ڈال کر نیچے آگ جلاتے ہیں، جب قیمہ پک جاتا ہے تو اس پر جو کا آٹا ڈالتے ہیں، اس طرح وہ لذت میں بے مثال ہوتا ہے۔ (2) امام بخاری رحمہ اللہ کا مقصد یہ ہے کہ اس طرح کے پکوان مہمانوں کو پیش کیے جا سکتے ہیں، اس میں کسی قسم کی فضول خرچی یا اسراف نہیں ہے۔ واللہ أعلم
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 5401
تخریج الحدیث کے تحت دیگر کتب سے حدیث کے فوائد و مسائل
مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 6938
6938. حضرت عتبان بن مالک ؓ سے روایت ہے انہوں نے کہا: ایک دن رسول اللہ ﷺ میرے پاس صبح صبح تشریف لائے تو ایک آدمی نے کہا: مالک بن دخشن کہاں ہے؟ ہم میں سے ایک آدمی نے کہا: وہ منافق ہے۔ وہ اللہ اور اس کے رسول ﷺ سے محبت نہیں کرتا۔ نبی ﷺ نے فرمایا: ”اسے تم یوں کیوں نہیں کہتے کہ وہ لا إله إلا اللہ پڑھتا ہے اور اس کا مقصد صرف اللہ کی رضا جوئی ہے؟“ اس نے کہا: کیوں نہیں۔ آپ ﷺ نے فرمایا: ”بے شک جو بندہ بھی قیامت کے دن اس کلمے کو لے کر آئے گا اللہ تعالیٰ اس پر جہنم کی آگ حرام کر دے گا۔“[صحيح بخاري، حديث نمبر:6938]
حدیث حاشیہ: باب کی مناسبت یہ ہے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے ان لوگوں پر مواخذہ نہیں کیا جنہوں نے مالک کو منافق کہا تھا اس لیے کہ وہ تاویل کرنے والے تھے یعنی مالک کے حالات کو دیکھ کر اسے منافق سمجھتے تھے تو ان کا گمان غلط ہوا۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 6938
مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 425
425. حضرت محمود بن ربیع انصاری سے روایت ہے کہ حضرت عتبان بن مالک ؓ رسول اللہ ﷺ کے ان انصاری صحابہ میں سے ہیں جو شریک بدر تھے۔ وہ رسول اللہ ﷺ کے پاس حاضر ہوئے اور عرض کیا: اللہ کے رسول! میری بینائی جاتی رہی ہے اور میں اپنی قوم کو نماز پڑھاتا ہوں، لیکن بارش کی وجہ سے جب وہ نالہ بہنے لگتا ہے جو میرے اور ان کے درمیان ہے تو میں نماز پڑھانے کے لیے مسجد میں نہیں آ سکتا، اس لیے میں چاہتا ہوں کہ آپ میرے ہاں تشریف لائیں اور میرے گھر میں کسی جگہ نماز پڑھیں تاکہ میں اس جگہ کو جائے نماز قرار دے لوں۔ راوی کہتا ہے کہ ان سے رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:”میں إن شاءاللہ جلد ہی ایسا کروں گا۔“ حضرت عتبان ؓ کہتے ہیں: رسول اللہ ﷺ اور حضرت ابوبکر ؓ دوسرے روز دن چڑھے میرے گھر تشریف لائے اور رسول اللہ ﷺ نے اندر آنے کی اجازت طلب کی تو میرے اجازت دینے پر آپ گھر میں داخل ہوئے اور بیٹھنے سے پہلے فرمایا: "تم۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔)[صحيح بخاري، حديث نمبر:425]
حدیث حاشیہ: علامہ حافظ ابن حجرؒ نے اس حدیث سے بہت سے مسائل کو ثابت فرمایاہے، مثلا: (1) اندھے کی امامت کا جائز ہونا۔ جیسا کہ حضرت عتبان ؓ نابینا ہونے کے باوجود اپنی قوم کو نماز پڑھاتے تھے۔ (2) اپنی بیماری کا بیان کرنا شکایت میں داخل نہیں۔ (3) یہ بھی ثابت ہوا کہ مدینہ میں مسجد نبوی کے علاوہ دیگر مساجد میں بھی نماز باجماعت ادا کی جاتی تھی۔ (4) عتبان جیسے معذوروں کے لیے اندھیرے اوربارش میں جماعت کا معاف ہونا۔ (5) بوقت ضرورت نماز گھر میں پڑھنے کے لیے ایک جگہ مقرر کرلینا۔ (6) صفوں کا برابر کرنا۔ (7) ملاقات کے لیے آنے والے بڑے آدمی کی امامت کا جائز ہونا بشرطیکہ صاحب خانہ اسے اجازت دے۔ (8) آنحضرت ﷺ نے جہاں نماز پڑھی اس جگہ کا متبرک ہونا۔ (9) اگرکسی صالح نیک انسان کو گھرمیں برکت کے لیے بلایا جائے تواس کا جائز ہونا۔ (10) بڑے لوگوں کا چھوٹے بھائیوں کی دعوت قبول کرنا۔ (11) وعدہ پورا کرنا اور اس کے لیے إن شاءاللہ کہنا اگر میزبان پر بھروسا ہے توبغیر بلائے ہوئے بھی اپنے ساتھ دوسرے احباب کو دعوت کے لیے لے جانا۔ (12) گھر میں داخل ہونے سے پہلے صاحب خانہ سے اجازت حاصل کرنا۔ (13) اہل محلہ کا عالم یاامام کے پاس برکت حاصل کرنے کے لیے جمع ہونا۔ (14) جس سے دین میں نقصان کا ڈر ہواس کا حال امام کے سامنے بیان کردینا۔ (15) ایمان میں صرف زبانی اقرار کافی نہیں جب تک کہ دل میں یقین اور ظاہر میں عمل صالح نہ ہو۔ (16) توحید پر مرنے والے کا ہمیشہ دوزخ میں نہ رہنا۔ (17) برسات میں گھر میں نماز پڑھ لینا۔ (18) نوافل جماعت سے ادا کرنا۔ قسطلانی ؒ نے کہا کہ عتبان بن مالک انصاری سالمی مدنی ؓ تھے جونابینا ہوگئے تھے۔ آنحضرت ﷺ ہفتہ کے دن آپ کے گھر تشریف لائے اور حضرت ابوبکر اور عمررضی اللہ عنہم بھی ساتھ تھے۔ حلیم خزیرہ کا ترجمہ ہے، جوگوشت کے ٹکڑوں کو پانی میں پکاکر بنایا جاتا تھا اوراس میں آٹا بھی ملایا کرتے تھے۔ مالک بن دخیشن جس پر نفاق کا شبہ ظاہر کیا گیاتھا، بعض لوگوں نے اسے مالک بن دخشم صحیح کہاہے۔ یہ بلااختلاف بدرکی لڑائی میں شریک تھے اورسہیل بن عمرو کافرکو انھوں نے ہی پکڑا تھا۔ ابن اسحاق نے مغازی میں بیان کیا ہے کہ مسجد ضرار کو جلانے والوں میں آنحضرت ﷺ نے ان کو بھی بھیجا تھا توظاہر ہوا کہ یہ منافق نہ تھے مگر کچھ لوگوں کو بعض حالات کی بناپر ان کے بارے میں ایسا ہی شبہ ہوا، جیسا کہ حاطب بن بلتعہ ؓ کے بارے میں شبہ پیدا ہوگیا تھا، جب کہ انھوں نے اپنی بیوی اوربچوں کی محبت میں آنحضرت ﷺ کے ارادہ لشکر کشی کی جاسوسی مکہ والوں سے کرنے کی کوشش کی تھی جو ان کی غلطی تھی، مگرآنحضرت ﷺ نے ان کا عذر قبول فرماکر اس غلطی کو معاف کردیاتھا۔ ایسا ہی مالک بن دخشم کے بارے میں آپ نے لوگوں کو منافق کہنے سے منع فرمایا، اس لیے بھی کہ وہ مجاہدین بدرسے ہیں جن کی ساری غلطیوں کو اللہ نے معاف کردیاہے۔ امام بخاری ؒ نے اس حدیث کو بیس سے بھی زیادہ مقامات پر روایت کیا ہے اور اس سے بہت سے مسائل نکالے ہیں، جیسا کہ اوپر گزر چکاہے۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 425
الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:425
425. حضرت محمود بن ربیع انصاری سے روایت ہے کہ حضرت عتبان بن مالک ؓ رسول اللہ ﷺ کے ان انصاری صحابہ میں سے ہیں جو شریک بدر تھے۔ وہ رسول اللہ ﷺ کے پاس حاضر ہوئے اور عرض کیا: اللہ کے رسول! میری بینائی جاتی رہی ہے اور میں اپنی قوم کو نماز پڑھاتا ہوں، لیکن بارش کی وجہ سے جب وہ نالہ بہنے لگتا ہے جو میرے اور ان کے درمیان ہے تو میں نماز پڑھانے کے لیے مسجد میں نہیں آ سکتا، اس لیے میں چاہتا ہوں کہ آپ میرے ہاں تشریف لائیں اور میرے گھر میں کسی جگہ نماز پڑھیں تاکہ میں اس جگہ کو جائے نماز قرار دے لوں۔ راوی کہتا ہے کہ ان سے رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:”میں إن شاءاللہ جلد ہی ایسا کروں گا۔“ حضرت عتبان ؓ کہتے ہیں: رسول اللہ ﷺ اور حضرت ابوبکر ؓ دوسرے روز دن چڑھے میرے گھر تشریف لائے اور رسول اللہ ﷺ نے اندر آنے کی اجازت طلب کی تو میرے اجازت دینے پر آپ گھر میں داخل ہوئے اور بیٹھنے سے پہلے فرمایا: "تم۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔)[صحيح بخاري، حديث نمبر:425]
حدیث حاشیہ: 1۔ یہاں مسجد میں مراد یہ ہے کہ گھر میں نماز پڑھنے کے لیے کوئی جگہ مخصوص کر لی جائے۔ اس پر عام مساجد کے احکام نافذ نہیں ہوں گے، کیونکہ عام مساجد کسی کی ملک نہیں ہوتیں۔ ان کی خریدوفروخت نہیں کی جا سکتی، ان میں وراثت جاری نہیں ہوتی۔ بحالت جنابت و حیض ان میں آمدورفت جائز نہیں، جبکہ گھر کی مسجد صاحب خانہ ملکیت ہوتی ہے۔ اس کی خریدو فرخت جائز ہے۔ اس کا میراث میں تقسیم کیا جا نا بھی جائز ہے۔ جنابت اور حیض کی حالت میں وہاں آمدو رفت رکھنا بھی جائز ہے۔ اگر گھر کی مسجد میں جماعت کے ساتھ نماز پڑھی جائے تو صرف جماعت کا ثواب حاصل ہو گا۔ مسجد کی جماعت کا ثواب نہیں ملے گا۔ روایت سے معلوم ہوتا ہے کہ معذور کے لیے اس طرح کی گھریلو مساجد میں فرائض کی ادائیگی درست ہے۔ اگر نماز باجماعت ادا کرنے کے لیے گھر میں کوئی جگہ مقرر کر لی جائے جہاں معذوری کی صورت میں نماز باجماعت کا اہتمام ہوتو جماعت کا ثواب مل جائے گا اور اس پر مسجد شرعی سے غیر حاضر ہونے کا الزام عائد نہیں ہو گا۔ واضح رہے کہ گھروں میں نماز باجماعت کا ثبوت ظالم حکمرانوں کے زمانے میں اور دوسرے اعذار کے وقت ہوا ہے۔ 2۔ حافظ ابن حجر ؒ نے اس حدیث سے بہت سے مسائل کا استنباط فرمایا ہے، مثلاً: نابینے کی امامت کا جائز ہونا، کیونکہ حضرت عتبان ؓ نابینا ہونے کے باوجود اپنی قوم کو نماز پڑھاتے تھے۔ اپنی بیماری کو بیان کرنا اللہ تعالیٰ کے شکوہ و شکایت میں داخل نہیں۔ مدینہ منورہ میں مسجد نبوی کے علاوہ دیگر مساجد میں بھی نماز با جماعت کا اہتمام تھا۔ معذوروں کے لیے بارش اور سخت تاریکی میں جماعت کی پابندی ضروری نہیں۔ ضرورت کے وقت گھر میں نماز پڑھنے کے لیے کوئی بھی جگہ مقرر کی جاسکتی ہے۔ ملاقات کے لیے آنے والے بڑے آدمی کی امامت کا جائز ہونا بشرطیکہ صاحب خانہ اسے اجازت دے۔ کسی نیک آدمی کو گھر میں خیروبرکت کے لیے دعوت دی جائے تو ایساکرنا جائز ہے۔ بڑے لوگوں کو چاہیے کہ وہ چھوٹے لوگوں کی دعوت قبول کریں اور اس میں حاضر ہوں۔ وعدہ پورا کرنا چاہیے اور اس کے لیے"إن شاء اللہ" کہنا چاہیے۔ اگرمیزبان پر اعتماد ہو تو دعوتی حضرات کے علاوہ دوسرے کو ساتھ لے جانے میں کوئی حرج نہیں۔ گھر میں داخل ہونے سے پہلے اہل خانہ سے اجازت لینا شریعت کا اہم تقاضا ہے۔ اہل محلہ کا کسی عالم یا امام کے پاس حصول برکت کے لیے جمع ہونا بھی جائز ہے۔ امام کے سامنے اس شخص کا تذکرہ کرنا جس سے دن اسلام کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہو۔ ایمان میں صرف زبانی اقرار کافی نہیں جب تک دل میں یقین اور ظاہر میں عمل صالح نہ ہو۔ توحید پر مرنے والا ہمیشہ دوزخ میں نہیں رہے گا۔ موسم برسات میں (جبکہ آمد و رفت میں مشقت ہو) نماز گھروں میں پڈھنا جائز ہے۔ نوافل با جماعت ادا ہو سکتے ہیں، بشرطیکہ تداعی (ایک دوسرے کو اس کے لیے دعوت دینا) نہ ہو۔ واضح رہے کہ امام بخاری ؒ نے اس حدیث کو د س زیادہ مقامات پر بیان کیا ہے اور اس سے بہت سے مسائل کا استنباط کیا ہے۔ جیسا کہ تفصیل بالا سے واضح ہے۔ (فتح الباري: 677/1) 3۔ چونکہ حضرت محمود بن ربیع ؓ ایک کم سن صحابی ہیں، نیز اس حدیث سے بظاہر یہ معلوم ہوتا ہے کہ نجات کے لیے صرف ایمان ہی کافی ہے، اعمال کی ضرورت نہیں، اس لیے ابن شہاب نے اطمینان قلب کے لیے حضرت حصین بن محمد انصاری سے پوچھنے کی ضرورت محسوس کی، چنانچہ جب ان سے پوچھا تو انھوں نے اس کی تصدیق کی۔ جیسے امام بخاری ؒ نے آخر میں بیان کیا ہے۔ 4۔ ممکن ہے کہ امام بخاری نے اس عنوان سے حدیث عائشہ ؓ کی طرف اشارہ فرمایا ہو جس میں ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے گھروں میں مساجد بنانے اور انھیں صاف ستھرا اور معطر رکھنے کا حکم دیا ہے۔ (سنن أبي داود، الصلاة، حدیث: 455) نیز حضرت سمرہ بن جندب ؓ نے اپنے بیٹوں کو خط لکھا تھا کہ رسول اللہ ﷺ ہمیں گھروں میں مساجد بنانے، ان کی اصلاح کرنے اور انھیں پاکیزہ رکھنے کا حکم دیتے تھے۔ (سنن أبي داود، الصلاة، حدیث: 456)
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 425
الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:6938
6938. حضرت عتبان بن مالک ؓ سے روایت ہے انہوں نے کہا: ایک دن رسول اللہ ﷺ میرے پاس صبح صبح تشریف لائے تو ایک آدمی نے کہا: مالک بن دخشن کہاں ہے؟ ہم میں سے ایک آدمی نے کہا: وہ منافق ہے۔ وہ اللہ اور اس کے رسول ﷺ سے محبت نہیں کرتا۔ نبی ﷺ نے فرمایا: ”اسے تم یوں کیوں نہیں کہتے کہ وہ لا إله إلا اللہ پڑھتا ہے اور اس کا مقصد صرف اللہ کی رضا جوئی ہے؟“ اس نے کہا: کیوں نہیں۔ آپ ﷺ نے فرمایا: ”بے شک جو بندہ بھی قیامت کے دن اس کلمے کو لے کر آئے گا اللہ تعالیٰ اس پر جہنم کی آگ حرام کر دے گا۔“[صحيح بخاري، حديث نمبر:6938]
حدیث حاشیہ: حضرت عتبان بن مالک رضی اللہ عنہ کے پاس آنے والے مہمانوں نے حضرت مالک بن دخشن رضی اللہ عنہ کو منافق کہا اور اس کے متعلق تبصرہ کیا کہ اسے اللہ اور اس کے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت نہیں ہے۔ یہ بہت بڑی بات تھی لیکن رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان لوگوں کا مؤاخذہ نہیں فرمایا بلکہ انھیں معذور خیال فرمایا کیونکہ ان کے پاس معقول وجہ تھی کہ ان کا اٹھنا بیٹھنا منافقین کے ساتھ تھا، نیز وہ اس مبارک مجلس میں حاضر بھی نہیں ہوئے تھے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کی اصلاح فرمائی کہ اسلام کے احکام تو ظاہری حالات پر لاگو ہوتے ہیں، باطن کا حال اللہ تعالیٰ کے سپرد ہے،پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کے باطن کی بھی خبر دی کہ وہ کلمہ پڑھنے سے اللہ تعالیٰ کی رضا کا طالب ہے۔ (فتح الباري: 381/12)
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 6938