4922. حضرت یحییٰ بن ابی کثیر سے مروی ہے کہ میں نے ابوسلمہ بن عبدالرحمٰن سے پوچھا کہ قرآن مجید کی کون سی آیت سب سے پہلے نازل ہوئی؟ انہوں نے کہا: ﴿يَـٰٓأَيُّهَا ٱلْمُدَّثِّرُ ﴿١﴾ ، میں نے کہا: لوگ کہتے ہیں کہ ﴿ٱقْرَأْ بِاسْمِ رَبِّكَ ٱلَّذِى خَلَقَ ﴿١﴾ سب سے پہلے نازل ہوئی۔ حضرت ابوسلمہ نے فرمایا: میں نے حضرت جابر ؓ سے پوچھا تھا اور جو بات ابھی تم نے مجھ سے کہی ہے وہی میں نے ان سے کہی تھی، لیکن حضرت جابر ؓ نے فرمایا: میں تم سے وہی حدیث بیان کرتا ہوں جو ہم سے رسول اللہ ﷺ نے بیان فرمائی تھی۔ آپ نے فرمایا تھا: ”میں غار حراء میں ایک مدت کے لیے خلوت نشین تھا۔ جب میں وہ دن پورے کر کے پہاڑ سے اترا تو مجھے آواز دی گئی۔ میں نے اس آواز پر اپنی دائیں طرف دیکھا تو کوئی چیز دکھائی نہ دی، پھر بائیں طرف دیکھا تو بھی کوئی چیز نظر نہ آئی۔ سامنے دیکھا، ادھر بھی کوئی چیز دکھائی نہ دی۔ پیچھے کی طرف دیکھا تو ادھر بھی کوئی چیز۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [صحيح بخاري، حديث نمبر:4922]
حدیث حاشیہ: قرآن مجید کی سب سے پہلے کون سی آیات نازل ہوئیں اس کے متعلق دو مشہور قول حسب ذیل ہیں۔
۔
جمہور اہل علم کا قول ہے کہ سورہ علق کی ابتدائی پانچ آیات سب سے پہلے نازل ہوئیں۔
۔
سب سے پہلے سورہ مدثر کا نزول ہوا جیسا کہ حضرت جابر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا موقف ہے۔
ان دونوں اقوال میں تطبیق کی حسب ذیل صورتیں بیان کی گئی ہیں۔
۔
علی الاطلاق پہلے سورہ علق کی آیات نازل ہوئیں لیکن پوری کامل سورت پہلے مدثر نازل ہوئی۔
۔
زمانہ فترت سے پہلےسورہ علق کی آیات نازل ہوئیں اور زمانہ فترت کے بعد سب سے پہلے سورہ مدثر نازل ہوئی۔
۔
سورہ علق کی آیات کے نزول کے لیے کوئی سبب پیش نہیں آیا جبکہ سبب کے پیش آنے کے بعد سب سے پہلے سورہ مدثر نازل ہوئی۔
ویسے ترجیح پہلے موقف کو ہے کیونکہ حدیث جابر میں ہے کہ جب میں نے سر اٹھایا تو وہی فرشتہ دیکھا جو مجھے حراء میں نظر آیا تھا جو زمین و آسمان کے درمیان کرسی پر بیٹھا ہوا تھا۔
اس سے معلوم ہوتا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پہلے فرشتہ وحی کو دیکھ چکے تھے اور اس کی آپ سے ملاقات ہو چکی تھی۔
واللہ اعلم۔