حدیث حاشیہ: 1۔
امام بخاری ؒ نے یکے بعد دیگرے دوباب قائم کیے ہیں
مسجد میں عورت کا سونا
مسجدمیں مرد کا سونا۔
اس سے مقصود جواز کا بیان ہے، جیسا کہ روایات سے معلوم ہوتا ہے، لیکن امام بخاری ؒ نے
”عورت کے سونے
“ کومقدم کیا، کیونکہ عورت محل فتنہ ہے، اس لیے بعض آئمہ کرام کے ہاں مطلق طور پر عورت کا مسجد میں سونا ممنوع ہے، اگرچہ وہ بوڑھی ہی کیوں نہ ہو، جیسا کہ امام مالک ؒ سے منقول ہے اس وہم کے پیش نظر اسے مقدم کر کے جواز کو واضح فرمایا۔
اور یہ اجازت کسی ہنگامی ضرورت کی وجہ سے ہے شاہ ولی اللہ محدث دہلوی ؒ فرماتے ہیں:
”عورت کا مسجد میں سونا جائز ہے، اگرچہ اسے حیض آنے کا احتمال ہو، لیکن جب اسے حیض آجائے تو مسجد سے باہر چلی جائے۔
اس سے پہلے اس کا مسجد میں سونا حرام نہیں۔
“ (شرح تراجم بخاری:
) 2۔
حافظ ابن حجرؒ نے اس حدیث سے مندرجہ ذیل مسائل کا استنباط کیا ہے:
مسلمانوں میں سے جس مرد یا عورت کا کوئی ٹھکانا نہ ہو وہ مسجد میں پڑاؤ کر سکتا ہے، بشرطیکہ وہاں کوئی خوف اور خطرہ نہ ہو
مسجد میں خیمہ یا سایہ کرنے کے لیے کسی اور چیز کا انتظام کیا جا سکتا ہے۔
جس ملک میں کسی کو اخلاقی یا دینی گراوٹ کا اندیشہ ہو وہاں سے دوسرے ملک میں منتقل ہونا جائز ہے۔
دارالکفر سے ہجرت کرنے کی فضیلت کا پتہ چلتا ہے۔
مظلوم کی دعا ضرور قبول ہوتی ہے، خواہ وہ کافر ہی کیوں نہ ہو۔
(فتح الباری: 692/1) 3۔
واضح رہے کہ اس نو مسلمہ لونڈی کا خیمہ مسجد نبوی کے شمالی حصے میں لگوایا گیا تھا جس کا ایک حصہ اصحاب صفہ کے لیے مخصوص تھا جو تحویل قبلہ کے بعد مسجد کے صحن کے طور پر استعمال ہوتا تھا زیادہ سے زیادہ اس قسم کے واقعات کو رخصت کے درجے میں رکھا جاسکتا ہے۔
واللہ أعلم۔