الحمدللہ ! احادیث کتب الستہ آف لائن ایپ ریلیز کر دی گئی ہے۔    

1- حدیث نمبر سے حدیث تلاش کیجئے:



صحيح البخاري
كِتَاب الصَّلَاةِ
کتاب: نماز کے احکام و مسائل
48. بَابُ هَلْ تُنْبَشُ قُبُورُ مُشْرِكِي الْجَاهِلِيَّةِ، وَيُتَّخَذُ مَكَانَهَا مَسَاجِدَ:
48. باب: کیا دور جاہلیت کے مشرکوں کی قبروں کو کھود ڈالنا اور ان کی جگہ مسجد بنانا درست ہے؟
حدیث نمبر: Q427
وَرَأَى عُمَرُ بْنُ الْخَطَّابِ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ أَنَسَ بْنَ مَالِكٍ يُصَلِّي عِنْدَ قَبْرٍ، فَقَالَ: الْقَبْرَ، الْقَبْرَ، وَلَمْ يَأْمُرْهُ بِالْإِعَادَةِ.
‏‏‏‏ کیونکہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اللہ یہودیوں پر لعنت کرے کہ انہوں نے اپنے انبیاء کی قبروں کو مسجد بنا لیا اور قبروں میں نماز مکروہ ہونے کا بیان۔ عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ نے انس بن مالک رضی اللہ عنہ کو ایک قبر کے قریب نماز پڑھتے دیکھا تو فرمایا کہ قبر ہے قبر! اور آپ نے ان کو نماز لوٹانے کا حکم نہیں دیا۔ [صحيح البخاري/كِتَاب الصَّلَاةِ/حدیث: Q427]
حدیث نمبر: 427
حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ الْمُثَنَّى، قَالَ: حَدَّثَنَا يَحْيَى، عَنْ هِشَامٍ، قَالَ: أَخْبَرَنِي أَبِي، عَنْ عَائِشَةَ، أَنَّ أُمَّ حَبِيبَةَ، وَأُمَّ سَلَمَةَ ذَكَرَتَا كَنِيسَةً رَأَيْنَهَا بِالْحَبَشَةِ فِيهَا تَصَاوِيرُ، فَذَكَرَتَا لِلنَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، فَقَالَ:" إِنَّ أُولَئِكَ إِذَا كَانَ فِيهِمُ الرَّجُلُ الصَّالِحُ فَمَاتَ، بَنَوْا عَلَى قَبْرِهِ مَسْجِدًا وَصَوَّرُوا فِيهِ تِلْكَ الصُّوَرَ، فَأُولَئِكَ شِرَارُ الْخَلْقِ عِنْدَ اللَّهِ يَوْمَ الْقِيَامَةِ".
ہم سے محمد بن مثنی نے بیان کیا، کہا ہم سے یحییٰ بن سعید قطان نے ہشام بن عروہ کے واسطہ سے بیان کیا، کہا کہ مجھے میرے باپ نے عائشہ رضی اللہ عنہا سے یہ خبر پہنچائی کہ ام حبیبہ اور ام سلمہ رضی اللہ عنہما دونوں نے ایک کلیسا کا ذکر کیا جسے انہوں نے حبشہ میں دیکھا تو اس میں مورتیں (تصویریں) تھیں۔ انہوں نے اس کا تذکرہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے بھی کیا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ ان کا یہ قاعدہ تھا کہ اگر ان میں کوئی نیکوکار (نیک) شخص مر جاتا تو وہ لوگ اس کی قبر پر مسجد بناتے اور اس میں یہی مورتیں (تصویریں) بنا دیتے پس یہ لوگ اللہ کی درگاہ میں قیامت کے دن تمام مخلوق میں برے ہوں گے۔ [صحيح البخاري/كِتَاب الصَّلَاةِ/حدیث: 427]
تخریج الحدیث: «أحاديث صحيح البخاريّ كلّها صحيحة»

حكم: أحاديث صحيح البخاريّ كلّها صحيحة

   صحيح البخاريأولئك إذا كان فيهم الرجل الصالح فمات بنوا على قبره مسجدا وصوروا فيه تلك الصور فأولئك شرار الخلق عند الله يوم القيامة
   صحيح البخاريأولئك إذا كان فيهم الرجل الصالح فمات بنوا على قبره مسجدا وصوروا فيه تيك الصور أولئك شرار الخلق عند الله يوم القيامة
   صحيح البخاريأولئك قوم إذا مات فيهم العبد الصالح أو الرجل الصالح بنوا على قبره مسجدا وصوروا فيه تلك الصور أولئك شرار الخلق عند الله
   صحيح البخاريأولئك إذا مات منهم الرجل الصالح بنوا على قبره مسجدا ثم صوروا فيه تلك الصورة أولئك شرار الخلق عند الله
   صحيح مسلمأولئك إذا كان فيهم الرجل الصالح فمات بنوا على قبره مسجدا وصوروا فيه تلك الصور أولئك شرار الخلق عند الله يوم القيامة
   سنن النسائى الصغرىأولئك إذا كان فيهم الرجل الصالح فمات بنوا على قبره مسجدا وصوروا تيك الصور أولئك شرار الخلق عند الله يوم القيامة

صحیح بخاری کی حدیث نمبر 427 کے فوائد و مسائل
  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 427  
حدیث حاشیہ:
یہ اثر موصولاً ابونعیم نے کتاب الصلوٰة میں نکالا ہے جو حضرت امام بخاری ؒ کے شیوخ میں سے ہیں۔
تفصیل یہ ہے کہ حضرت عمرؓب نے حضرت انس ؓ کو ایک قبر کے پاس نماز پڑھتے دیکھا تو قبرقبر کہہ کر ان کواطلاع فرمائی، مگر وہ قمر سمجھے بعد میں سمجھ جانے پر وہ قبر سے دور ہو گئے اور نماز ادا کی۔
اس سے امام بخاری ؒ نے یہ نکالا کہ نماز جائز ہوگی اگرفاسد ہوتی تو دوبارہ شروع کرتے۔
(فتح)
آج کے زمانہ میں جب قبر پرستی عام ہے بلکہ چلہ پرستی اور شدہ پرستی اورتعزیہ پرستی سب زوروں پر ہے، توان حالات میں رسول اللہ ﷺ کی حدیث کے مطابق قبروں کے پاس مسجد بنانے سے منع کرنا چاہیے اور اگر کوئی کسی قبر کو سجدہ کرے یا قبر کی طرف منہ کر کے نماز پڑھے تواس کے مشرک ہونے میں کیا شک ہو سکتا ہے؟
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 427   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:427  
حدیث حاشیہ:

امام بخاری ؒ کا دعویٰ ہے کہ مشرکین کے قبرستان میں قبریں ختم کرکے مسجد تعمیر کرنادرست ہے اور جو دلیل ذکر کی ہے وہ یہ ہے کہ قبرستان کو مسجد بنانے کی اجازت نہیں، اس لیے امام بخاری کے دعویٰ اوردلیل میں تقریب تام نہیں ہے۔
اس کی وضاحت کرتے ہوئے حافظ ابن حجر ؒ لکھتے ہیں کہ یہودونصاریٰ کے حق میں وعید اور لعنت جس طرح ان لوگوں کے لیے ہے جنھوں نے انبیاء علیہم السلام کی قبروں کی تعظیم میں غلو کرتے ہوئے انھیں سجدہ گاہ بنالیا اور نتیجتاً و ہ انبیاء علیہم السلام کو معبود سمجھنے لگے، اسی طرح یہ وعید ان لوگوں کے لیے بھی ہے جو ان قبروں کی جگہ اس طرح مسجد تعمیر کریں کہ ان کے جسد اطہر کو قبر سے نکال دیں اور ہڈیاں پھینک دیں۔
وہ فرماتے ہیں یہ دونوں باتیں حضرات انبیاء علیہم السلام اور ان کے متبعین ہی کے ساتھ خاص ہیں، جہاں تک کفار کا تعلق ہے تو ان میں یہ باتیں نہیں پائی جاتیں، اس لیے اگرکفار کی قبروں سے ہڈیاں نکال کر پھینک دی جائیں اور ان کی جگہ مسجد تعمیر کرلی جائے تو اس میں کوئی حرج نہیں، کیونکہ ان کی تعظیم تو مقصود نہیں اور ان کی اہانت میں بھی کوئی حرج نہیں۔
(فتح الباري: 679/1)

یہود ونصاریٰ پر لعنت کا سبب یہ تھا کہ انھوں نے انبیاء کرام علیہم السلام کی قبروں کو باقی رکھتے ہوئے انھیں مساجد بنالیا تھا۔
جب انبیاء علیہم السلام کی قبروں کو باقی رکھے ہوئے وہاں مسجد بنانا باعث لعنت ہے، توقبور مشرکین کو باقی رکھتے ہوئے وہاں مسجد تعمیر کرنابدرجہ اولیٰ موجب لعنت ہوگا۔
اس طرح امام بخاری ؒ کے دعویٰ اور دلیل میں مطابقت ظاہر ہوگئی۔
ہاں! یہ ضروری ہے کہ انبیاء علیہم السلام کی قبروں کو کھودنا سخت حرام اور ان کی توہین کاباعث ہے۔
اس لیے ان کی قبروں کی جگہ پر مسجد تعمیرکرنا کسی صورت میں جائز نہیں۔
اس کے برعکس مشرکین کی قبروں کا کوئی احترام نہیں، اس لیےان کی جگہ پرمساجد تعمیر کرنے کے لیے ضروری ہے کہ انھیں اکھاڑ کر ہڈیاں الگ کردی جائیں۔
اور جب زمین ان کے ناپاک جسم سے پاک ہوجائے تو وہاں مسجد بنا لی جائے۔

اس حدیث سے معلوم ہواکہ بزرگوں کی قبروں پر مسجدیں بنانا یہودونصاریٰ کی علامت ہے۔
جسے رسول اللہ ﷺ نے حرام قراردیا ہے اور آپ نے یہ باتیں مرض وفات میں ارشادفرمائیں جن کا مفہوم یہ تھا کہ آپ کے بعد آپ کی قبر مبارک کے ساتھ یہ سلوک نہ کیا جائے، چنانچہ اللہ تعالیٰ حکومت سعودیہ کو جزاے خیر دے جس کی مخلصانہ کوششوں سے امت ابھی تک ان ہدایات پر قائم ہے اور آپ کی قبر سجدہ گاہ بننے سے محفوظ ہے۔
الحمدلله على ذلك۔
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 427   

تخریج الحدیث کے تحت دیگر کتب سے حدیث کے فوائد و مسائل
  فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث 705  
´قبروں کو مساجد بنانے کی ممانعت کا بیان۔`
ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ ام المؤمنین ام حبیبہ اور ام سلمہ رضی اللہ عنہم دونوں نے ایک کنیسہ (گرجا گھر) کا ذکر کیا جسے ان دونوں نے حبشہ میں دیکھا تھا، اس میں تصویریں تھیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: یہ لوگ ایسے تھے کہ جب ان میں کا کوئی صالح آدمی مرتا تو یہ اس کی قبر کو سجدہ گاہ بنا لیتے، اور اس کی مورتیاں بنا کر رکھ لیتے، یہ لوگ قیامت کے دن اللہ تعالیٰ کے نزدیک بدترین مخلوق ہوں گے۔‏‏‏‏ [سنن نسائي/كتاب المساجد/حدیث: 705]
705 ۔ اردو حاشیہ:
➊ حضرت ام سلمہ اور ام حبیبہ رضی اللہ عنہا اپنے اپنے خاوندوں کے ساتھ حبشہ کی طرف ہجرت کرنے والوں میں شامل تھیں۔ وہ عیسائیوں کا ملک تھا۔
➋ نیک آدمی کی قبر پر مسجد بنا کر اس میں اس نیک آدمی اور دوسرے صالحین کی تصویریں بناتے تھے۔ مقصد تو تعظیم اور ان کی یاد ہوتی تھی مگر آہستہ آہستہ ان تصویروں کی پوجا شروع ہو جاتی تھی، اس لیے شریعت نے قبروں پر مسجدوں سے مطلقاً منع کر دیا کہ یہ شرک کا ذریعہ بن سکتی ہیں۔ اور واقعتاً جن قبروں پر یا ان کے قریب مساجد بنی ہوئی ہیں، ان قبروں کی پوجا ہوتی ہے، اسی لیے انہیں بدترین مخلوق کہا گیا۔
➌ صالحین سے مراد انبیاء کے حواری (اولین پیروکار) یا علماء و رہبان ہیں کیونکہ عیسائی انہیں نبیوں کی طرح سمجھتے اور ان کی غیر مشروط اطاعت کرتے تھے۔
   سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 705   

  الشيخ الحديث مولانا عبدالعزيز علوي حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث ، صحيح مسلم: 1181  
حضرت عائشہ ؓ کی روایت ہے کہ ام حبیبہ اور ام سلمہ رضی اللہ تعالیٰ عنہما نے رسول اللہ ﷺ کے پاس اس گرجا کا تذکرہ کیا جو انہوں نے حبشہ میں دیکھا تھا، جس میں تصویریں آویزاں تھیں تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: وہ لوگ، جب ان میں سے کوئی نیک آدمی فوت ہو جاتا تو وہ اس کی قبر پر مسجد بناتے اور اس میں یہ تصویریں بنا دیتے یہ لوگ اللہ عزوجل کے نزدیک قیامت کے روز بدترین لوگ ہوں گے۔ [صحيح مسلم، حديث نمبر:1181]
حدیث حاشیہ:
مفردات الحدیث:
(1)
كَنِيْسَة:
گرجا،
عیسائیوں کی عبادت گاہ۔
(2)
تَصَاوِيْر:
تصويرکی جمع ہے اور صور،
صورة کی جمع ہے۔
   تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 1181   

  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 1341  
1341. حضرت عائشہ ؓ سے روایت ہے،انھوں نے فرمایا:جب نبی ﷺ بیمار ہوئے تو آپ کی بعض بیویوں نے ایک گرجے کا تذکرہ کیا جسے انھوں نے حبشہ کی سرزمین میں دیکھا تھا اور اسےماریہ کہا جا تا تھا۔حضرت اُم سلمہ ؓ اور حضرت اُم حبیبہ ؓ حبشہ گئی تھیں۔انھوں نے گرجے کی خوبصورتی اور اس میں رکھی ہوئی تصویر کا بھی آپ سے ذکر کیا۔ تو آپ نے سر مبارک اٹھایا اور فرمایا:یہ وہ لوگ ہیں جب ان میں کوئی نیک شخص مرجاتا تو اس کی قبر پر مسجد بنا لیتے، پھر اس میں یہ تصاویر بنا کر لگا دیتے۔ اللہ تعالیٰ کے نزدیک یہ لوگ تمام مخلوق سے بد ترین ہیں۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:1341]
حدیث حاشیہ:
امام قسطلانی فرماتے ہیں:
قال القرطبي:
وإنما صوّر أوائلهم الصور ليتأنسوا بها، ويتذكروا أفعالهم الصالحة، فيجتهدون كاجتهادهم، ويعبدون الله عند قبورهم، ثم خلفهم قوم جهلوا مرادهم، ووسوس لهم الشيطان أن أسلافهم كانوا يعبدون هذه الصور، يعظمونها، فحذر النبي -صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ- عن مثل ذلك، سدًّا للذريعة المؤدية إلى ذلك بقوله:
(أولئك)
بكسر الكاف وفتحها، ولأبي ذر:
وأولئك (شرار الخلق عند الله)
. وموضع الترجمة قوله:
بنوا على قبره مسجدًا، وهو مؤول على مذمة من اتخذ القبر مسجدًا، ومقتضاه التحريم. لا سيما وقد ثبت اللعن عليه۔
یعنی قرطبی نے کہا کہ بنواسرائیل نے شروع میں اپنے بزرگوں کے بت بنائے تاکہ ان سے انس حاصل کریں اور ان کے نیک کاموں کو یاد کر کرکے خود بھی ایسے ہی نیک کام کریں اور ان کی قبروں کے پاس بیٹھ کر عبادت الٰہی کریں۔
پیچھے اور بھی زیادہ جاہل لوگ پیدا ہوئے۔
جنہوں نے اس مقصد کو فراموش کردیا اور ان کو شیطان نے وسوسوں میں ڈالا کہ تمہارے اسلاف ان ہی مورتوں کو پوجتے تھے اور انہی کی تعظیم کرتے تھے۔
پس نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اسی شرک کا سدباب کرنے کے لیے سختی کے ساتھ ڈرایا اور فرمایا کہ اللہ کے نزدیک یہی لوگ بدترین مخلوق ہیں۔
اور ترجمۃ الباب لفظ حدیث بنو ا علی قبرہ مسجدا سے ثابت ہوتا ہے یعنی آنحضرت ﷺ نے اس شخص کی مذمت کی جو قبر کو مسجد بنالے۔
اس سے اس فعل کی حرمت بھی ثابت ہوتی ہے اور ایسا کرنے پر لعنت بھی دارد ہوئی ہے۔
حضرت نوع ؑ کی قوم نے بھی شروع شروع میں اسی طرح اپنے بزرگوں کے بت بنائے‘ بعد میں پھر ان بتوں ہی کو خدا کا درجہ دے دیاگیا۔
عموماً جملہ بت پرست اقوام کا یہی حال ہے۔
جب کہ وہ خود کہتے بھی ہیں کہ ﴿مَانَعبُدُهُم اِلاَّ لِیُقَرِّبُونَا إِلَی اللّٰہِ رُلفٰی﴾ (الزمر: 3)
یعنی ہم ان بتوں کو محض اس لیے پوجتے ہیں کہ یہ ہم کو اللہ سے قریب کردیں۔
باقی یہ معبود نہیں ہیں یہ تو ہمارے لیے وسیلہ ہیں۔
اللہ پاک نے مشرکین کے اس خیال باطل کی تردید میں قرآن کریم کا بیشتر حصہ نازل فرمایا۔
صد افسوس! کہ کسی نہ کسی شکل میں بہت سے مدعیان اسلام میں بھی اس قسم کا شرک داخل ہوگیا ہے۔
حالانکہ شرک اکبر ہویا اصغر اس کے مرتکب پر جنت ہمیشہ کے لیے حرام ہے۔
مگر اس صورت میں کہ وہ مرنے سے پہلے اس سے تائب ہوکر خالص خدا پرست بن جائے۔
اللہ پاک ہر قسم کے شرک سے بچائے۔
آمین
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 1341   

  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 3873  
3873. حضرت عائشہ‬ ؓ س‬ے روایت ہے کہ حضرت ام حبیبہ اور حضرت ام سلمہ ؓن نے ایک گرجے کا ذکر آیا جسے انہوں نے حبشہ میں دیکھا تھا اور اس کے اندر تصویریں تھیں۔ انہوں نے اس کا ذکر نبی ﷺ سے کیا تو آپ نے فرمایا: جب ان میں کوئی نیک مرد ہوتا اور اس کی وفات ہو جاتی تو اس کی قبر کو وہ لوگ مسجد بنا لیتے اور پھر اس میں ان کی تصویریں رکھ دیتے۔ قیامت کے دن یہ لوگ اللہ کے نزدیک بدترین مخلوق ہوں گے [صحيح بخاري، حديث نمبر:3873]
حدیث حاشیہ:
یہ حدیث باب الجنائز میں گزر چکی ہے یہاں امام بخاری ؒ اس کو لائے کہ اس میں حبش کی ہجرت کا ذکر ہے۔
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 3873   

  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 434  
434. حضرت عائشہ‬ ؓ ب‬یان کرتی ہیں کہ حضرت ام سلمہ‬ ؓ ن‬ے رسول اللہ ﷺ سے اس گرجا گھر کا ذکر کیا جسے انھوں نے سرزمین حبشہ میں دیکھا تھا، جس کا نام ماریہ تھا۔ حضرت ام سلمہ‬ ؓ ن‬ے اس میں جو تصاویر دیکھیں تھیں انہیں بیان کیا تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: یہ وہ لوگ تھے جب ان میں کوئی نیک انسان فوت ہو جاتا تو یہ اس کی قبر پر مسجد تعمیر کر دیتے، پھر وہاں یہ تصویریں بنا دیتے تھے۔ یہی لوگ اللہ کے ہاں بدترین مخلوق ہیں۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:434]
حدیث حاشیہ:
حافظ ابن حجر ؒ فرماتے ہیں کہ ترجمہ اورباب میں مطابقت یہ ہے کہ اس میں یہ ذکر ہے کہ وہ لوگ اس کی قبر پر مسجد بنالیتے، اس میں یہ اشارہ ہے کہ مسلمان کو گرجا میں نماز پڑھنا منع ہے۔
کیونکہ احتمال ہے کہ گرجا کی جگہ پہلے قبر ہو اورمسلمان کے نماز پڑھنے سے وہ مسجد ہوجائے۔
ان عیسائیوں سے بدترآج ان مسلمانوں کا حال ہے جو مزاروں کو مسجدوں سے بھی زیادہ زینت دے کر وہاں بزرگوں سے حاجات طلب کرتے ہیں۔
بلکہ ان مزاروں پر سجدہ کرنے سے بھی باز نہیں آتے، یہ لوگ بھی اللہ کے نزدیک بدترین خلائق ہیں۔
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 434   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:434  
434. حضرت عائشہ‬ ؓ ب‬یان کرتی ہیں کہ حضرت ام سلمہ‬ ؓ ن‬ے رسول اللہ ﷺ سے اس گرجا گھر کا ذکر کیا جسے انھوں نے سرزمین حبشہ میں دیکھا تھا، جس کا نام ماریہ تھا۔ حضرت ام سلمہ‬ ؓ ن‬ے اس میں جو تصاویر دیکھیں تھیں انہیں بیان کیا تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: یہ وہ لوگ تھے جب ان میں کوئی نیک انسان فوت ہو جاتا تو یہ اس کی قبر پر مسجد تعمیر کر دیتے، پھر وہاں یہ تصویریں بنا دیتے تھے۔ یہی لوگ اللہ کے ہاں بدترین مخلوق ہیں۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:434]
حدیث حاشیہ:

یہ حدیث پہلے 427 کے تحت بیان ہو چکی ہے۔
اس کی تشریح وہاں دیکھی جا سکتی ہے۔
اس مقام پر امام بخاری ؒ کا مقصد یہ وضاحت کرنا ہے کہ یہود ونصاری کے عبادت خانوں میں تصاویر کب اور کیوں داخل ہوئیں، کیونکہ پہلے بیان ہو چکا ہےکہ ان کے عبادت خانوں میں نماز پڑھنے کی وجہ صرف تصاویر تماثیل کا موجودہونا ہے۔

حافظ ابن حجر ؒ کہتے ہیں امام بخاری ؒ اس حدیث سے یہ بتانا چاہتے ہیں کہ ایک مسلمان کو گرجے میں نماز پڑھنا جائز ہے، کیونکہ احتمال ہے کہ گرجے کی جگہ پہلے قبر ہو اور مسلمان کے نماز پڑھنے کی وجہ سے اسے مسجد کا مقام دے دیا جائے۔
(فتح الباری: 668/1)
ان عیسائیوں سے بدترآج ان نام نہاد مسلمانوں کا حال ہے جو مزارات کو مساجد کا مقام دے کر وہاں نمازیں پڑھتے ہیں اور وہاں صاحب قبر کے حضورجبین نیاز جھکا کر سجدے کرتے اور ان سے حاجات طلب کرتے ہیں۔
یہ لوگ بھی اللہ کے ہاں بدترین خلائق ہیں۔
اللہ تعالیٰ انھیں ہوش کے ناخن لینے کی توفیق دے. 3۔
ابن بطال ؒ نے امام مالک ؒ کے حوالے سے لکھا ہے کہ میں ان کے کنیساؤں میں نماز پڑھنا ناپسند کرتا ہوں، کیونکہ یہ لوگ وہاں خنزیر کا گوشت کھاتے ہیں اور شراب پیتے ہیں جس کی وجہ سے اس کا طاہر ہونا یقینی نہیں۔
ہاں! اگر کوئی جگہ نہ ہو یا باہر کیچڑیا بارش ہو رہی ہو تو بامر مجبوری نماز پڑھنے کی گنجائش ہے۔
(شرح ابن بطال: 89/2)
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 434   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:3873  
3873. حضرت عائشہ‬ ؓ س‬ے روایت ہے کہ حضرت ام حبیبہ اور حضرت ام سلمہ ؓن نے ایک گرجے کا ذکر آیا جسے انہوں نے حبشہ میں دیکھا تھا اور اس کے اندر تصویریں تھیں۔ انہوں نے اس کا ذکر نبی ﷺ سے کیا تو آپ نے فرمایا: جب ان میں کوئی نیک مرد ہوتا اور اس کی وفات ہو جاتی تو اس کی قبر کو وہ لوگ مسجد بنا لیتے اور پھر اس میں ان کی تصویریں رکھ دیتے۔ قیامت کے دن یہ لوگ اللہ کے نزدیک بدترین مخلوق ہوں گے [صحيح بخاري، حديث نمبر:3873]
حدیث حاشیہ:
اس حدیث میں ہجرت حبشہ کا ذکر ہے کہ حضرت ام حبیبہ ؓ اور حضرت ام سلمہ ؓ نے حبشے کی طرف ہجرت کی تھی۔
اس کی تفصیل یہ ہے کہ حضرت ام سلمہ ہند بنت ابوامیہ ؓ نے ا پنے شوہر حضرت ابوسلمہ بن عبدالاسد ؓ کے ساتھ پہلی ہجرت کی۔
اورحضرت ام حبیبہ رملہ بنت ابوسفیان ؓ نے اپنے شوہر عبداللہ بن جحش کے ساتھ حبشے کی طرف دوسری ہجرت میں شمولیت کی۔
ان کا شوہر وہاں جاکر عیسائی ہوگیا اور وہیں مرا۔
اس کے بعد رسول اللہ ﷺ نے ان کے ساتھ نکاح کرلیاتھا۔
شاہ حبشہ نے اپنی سرکردگی میں اس نکاح کو سرانجام دیا۔
اس حدیث سے متعلقہ دیگر مباحث کتاب الجنائز حدیث: 1341۔
کے تحت گزرچکے ہیں، انھیں یہاں ذکر کرنے کی ضرورت نہیں۔
(فتح الباري: 239/7)
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 3873