ہم سے عبدان نے بیان کیا، کہا ہم سے عبداللہ نے بیان کیا، کہا ہم کو شعبہ نے خبر دی، انہیں سعد بن ابراہیم نے، ان سے ان کے والد ابراہیم نے کہ(ان کے والد) عبدالرحمٰن بن عوف رضی اللہ عنہ کے پاس کھانا لایا گیا۔ اور وہ روزے سے تھے تو انہوں نے کہا، مصعب بن عمیر رضی اللہ عنہ (احد کی جنگ میں) شہید کر دیئے گئے، وہ مجھ سے افضل اور بہتر تھے لیکن انہیں جس چادر کا کفن دیا گیا (وہ اتنی چھوٹی تھی کہ) اگر اس سے ان کا سر چھپایا جاتا تو پاؤں کھل جاتے اور پاؤں چھپائے جاتے تو سر کھل جاتا تھا۔ میرا خیال ہے کہ انہوں نے کہا اور حمزہ رضی اللہ عنہ بھی (اسی جنگ میں) شہید کئے گئے، وہ مجھ سے بہتر اور افضل تھے۔ پھر جیسا کہ تم دیکھ رہے ہو، ہمارے لیے دنیا میں کشادگی دی گئی یا انہوں نے یہ کہا کہ پھر جیسا کہ تم دیکھتے ہو، ہمیں دنیا دی گئی، ہمیں تو اس کا ڈر ہے کہ کہیں یہی ہماری نیکیوں کا بدلہ نہ ہو جو اسی دنیا میں ہمیں دیا جا رہا ہے۔ اس کے بعد آپ روے کہ کھانا نہ کھا سکے۔ [صحيح البخاري/كِتَاب الْمَغَازِي/حدیث: 4045]
مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 4045
حدیث حاشیہ: عبدالرحمن بن عوف ؓ عشرہ مبشرہ میں سے تھے پھر بھی انہوں نے حضرت مصعب بن عمیر ؓ کو کسر نفسی کے لیے اپنے سے بہتربتایا۔ مصعب بن عمیر ؓ وہ قریشی نوجوان تھے جو ہجرت سے پہلے ہی مدینہ میں بطور مبلغ کام کر رہے تھے۔ جن کی کوششوں سے مدینہ میں اسلام کو فروغ ہوا۔ صد افسوس کہ شیر اسلام احد میں شہید ہو گیا۔ (رضی اللہ عنه)
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 4045
الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:4045
حدیث حاشیہ: حضرت عبدالرحمٰن بن عوف ؓ عشرہ مبشرہ میں سے ہیں۔ ان کی مذکورہ گفتگو کسر نفسی کے طور پر تھی۔ اور حضرت مصعب بن عمیر ؓ وہ قریشی نوجوان تھے جو ہجرت سے پہلے ہی مدینہ طیبہ آگئے اور یہاں آکر بطور مبلغ کام کرنے لگے۔ ان کی قابل قدر محنت اور کوشش سے مدینہ طیبہ میں اسلام کو فروغ ملا افسوس کہ اسلام کا یہ سپاہی غزوہ احد میں شہید ہوا اور انھیں عمرو بن قمہ لیثی نے قتل کیا۔ اس نے قریش میں اس بات کو مشہور کردیا۔ کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو ختم کردیا ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے انھیں اپنا جھنڈا دیا تھا۔ (فتح الباري: 443/7)
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 4045