ہم سے سلیمان بن حرب نے بیان کیا، کہا ہم سے شعبہ نے بیان کیا، ان سے ابواسحٰق نے، ان سے عبدالرحمٰن بن زید نے بیان کیا کہ ہم نے حذیفہ رضی اللہ عنہ سے پوچھا کہ صحابہ میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے عادات و اخلاق اور طور طریق میں سب سے زیادہ قریب کون سے صحابی تھے؟ تاکہ ہم ان سے سیکھیں، انہوں نے کہا اخلاق، طور طریق اور سیرت و عادت میں ابن ام عبد سے زیادہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے قریب اور کسی کو میں نہیں سمجھتا۔ [صحيح البخاري/كِتَاب فَضَائِلِ الصحابة/حدیث: 3762]
مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 3762
حدیث حاشیہ: ابن ام عبدسے مراد حضرت عبداللہ بن مسعود ؓ ہیں۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 3762
الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:3762
حدیث حاشیہ: حضرت عبداللہ بن مسعود ؓ کی سیرت وعادات میں رسول اللہ ﷺ کے اخلاق وکردار کی جھلک نمایاں تھی۔ آپ رسول اللہ ﷺ کے بہت قریب تھے،چنانچہ جامع ترمذی میں یہ الفاظ زائدہیں کہ رسول اللہ ﷺ کے صحابہ کرام ؓ اس بات کو بخوبی جانتے تھے کہ اللہ کی عبادت کے اعتبار سے حضرت عبداللہ بن مسعود ؓ کو بڑی قرب حاصل ہے۔ (جامع الترمذي، المناقب، حدیث: 3807)
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 3762