مجھ سے محمد بن عبدالرحیم نے بیان کیا، کہا ہم سے ابومعمر اسماعیل بن ابراہیم نے بیان کیا، کہا ہم سے ابواسامہ نے بیان کیا، کہا ہم سے شعبہ نے بیان کیا، ان سے ابوالتیاح نے، ان سے ابوزرعہ نے اور ان سے ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے بیان کیا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ”اس قبیلہ قریش کے بعض آدمی لوگوں کو ہلاک و برباد کر دیں گے۔“ صحابہ نے عرض کیا: ایسے وقت کے لیے آپ ہمیں کیا حکم فرماتے ہیں؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ”کاش لوگ ان سے بس الگ ہی رہتے۔“ محمود بن غیلان نے بیان کیا کہ ہم سے ابوداؤد طیالسی نے بیان کیا، کہا ہم کو شعبہ نے خبر دی، انہیں ابوالتیاح نے، انہوں نے ابوزرعہ سے سنا۔ [صحيح البخاري/كِتَاب الْمَنَاقِبِ/حدیث: 3604]
الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:3604
حدیث حاشیہ: 1۔ یہ حدیث بھی نبوت کی دلیل ہے کیونکہ اس میں رسول اللہ ﷺ نے مستقبل کے متعلق ایک پیش گوئی فرمائی جو حرف بہ حرف پوری ہوئی۔ 2۔ حدیث میں (لَوْ) شرط کے لیے ہے یعنی اگر لوگ ان سے علیحدہ رہیں تو ان کے لیے بہتر ہو گا۔ اس حدیث میں قریش کے ناپختہ کار اور نوخیز مراد ہیں جو اقتدار کے بھوکے ہوں گے اور ہوس ملک گیری کی خاطر قتل و غارت اور خونریزی سے اجتناب نہیں کریں گے ارشاد نبوی کے مطابق ایسے حالات میں حکمران وقت سے الجھنے کے بجائے اپنے دین کو بچانے کی فکر کرنی چاہیےکیونکہ ایمان بچانا انتہائی ضروری ہے۔
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 3604