الحمدللہ ! احادیث کتب الستہ آف لائن ایپ ریلیز کر دی گئی ہے۔    

1- حدیث نمبر سے حدیث تلاش کیجئے:



صحيح البخاري
كِتَاب الْمَظَالِمِ
کتاب: ظلم اور مال غصب کرنے کے بیان میں
32. بَابُ هَلْ تُكْسَرُ الدِّنَانُ الَّتِي فِيهَا الْخَمْرُ أَوْ تُخَرَّقُ الزِّقَاقُ:
32. باب: کیا کوئی ایسا مٹکا توڑا جا سکتا ہے یا ایسی مشک پھاڑی جا سکتی ہے جس میں شراب موجود ہو؟
حدیث نمبر: 2478
حَدَّثَنَا عَلِيُّ بْنُ عَبْدِ اللَّهِ، حَدَّثَنَا سُفْيَانُ، حَدَّثَنَا ابْنُ أَبِي نَجِيحٍ، عَنْ مُجَاهِدٍ، عَنْ أَبِي مَعْمَرٍ، عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ مَسْعُودٍ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ، قَالَ:" دَخَلَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ مَكَّةَ وَحَوْلَ الْكَعْبَةِ ثَلَاثُ مِائَةٍ وَسِتُّونَ نُصُبًا، فَجَعَلَ يَطْعُنُهَا بِعُودٍ فِي يَدِهِ، وَجَعَلَ يَقُولُ: جَاءَ الْحَقُّ وَزَهَقَ الْبَاطِلُ سورة الإسراء آية 81" الْآيَةَ.
ہم سے علی بن عبداللہ نے بیان کیا، انہوں نے کہا ہم سے سفیان نے بیان کیا، انہوں نے کہا ہم سے ابن ابی نجیح نے بیان کیا، ان سے مجاہد نے بیان کیا، ان سے ابومعمر نے بیان کیا، اور ان سے عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ نے بیان کیا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم (فتح مکہ دن جب) مکہ میں داخل ہوئے تو خانہ کعبہ کے چاروں طرف تین سو ساٹھ بت تھے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ہاتھ میں ایک چھڑی تھی جس سے آپ صلی اللہ علیہ وسلم ان بتوں پر مارنے لگے اور فرمانے لگے کہ «جاء الحق وزهق الباطل‏» حق آ گیا اور باطل مٹ گیا۔ [صحيح البخاري/كِتَاب الْمَظَالِمِ/حدیث: 2478]
تخریج الحدیث: «أحاديث صحيح البخاريّ كلّها صحيحة»

حكم: أحاديث صحيح البخاريّ كلّها صحيحة

   صحيح البخاريجاء الحق وزهق الباطل
   صحيح البخاريجاء الحق وزهق الباطل جاء الحق وما يبدئ الباطل وما يعيد
   صحيح البخاريجاء الحق وزهق الباطل إن الباطل كان زهوقا جاء الحق وما يبدئ الباطل وما يعيد
   صحيح مسلمجاء الحق وزهق الباطل إن الباطل كان زهوقا جاء الحق وما يبدئ الباطل وما يعيد
   جامع الترمذيجاء الحق وزهق الباطل إن الباطل كان زهوقا
   المعجم الصغير للطبرانيجاء الحق وزهق الباطل إن الباطل كان زهوقا
   المعجم الصغير للطبراني دخل رسول الله صلى الله عليه وآله وسلم مكة يوم الفتح ، وعلى الكعبة ثلاث مائة وستون صنما قد شد لهم إبليس أقدامها برصاص ، فجاء ومعه قضيب ، فجعل يهوي به إلى كل صنم منها فيخر لوجهه ، فيقول : جاء الحق وزهق الباطل إن الباطل كان زهوقا سورة الإسراء آية 81 حتى مر عليها كلها
   مسندالحميديفجعل يطعنها بعود في يده

صحیح بخاری کی حدیث نمبر 2478 کے فوائد و مسائل
  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 2478  
حدیث حاشیہ:
یہ بت کفار قریش نے مختلف نبیوں اور نیک لوگوں کی طرف منسوب کرکے بنائے تھے۔
حتی کہ کچھ بت حضرت ابراہیم ؑ اور حضرت اسماعیل ؑ کی طر ف بھی منسوب تھے۔
فتح مکہ کے دن اللہ کے رسول ﷺ نے کعبہ شریف کو ان سے پاک کیا اورآج کے دن سے کعبہ شریف ہمیشہ کے لیے بتوں سے پاک ہوگیا۔
الحمد للہ آج چودھویں صدی ختم ہو رہی ہے اسلام بہت سے نشیب و فراز سے گزرا مگر بفضلہ تعالیٰ تطہیر کعبہ اپنی جگہ پر قائم و دائم ہے۔
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 2478   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:2478  
حدیث حاشیہ:
(1)
رسول اللہ ﷺ نے اپنی چھڑی سے مارا اور انہیں زمین پر گرا دیا۔
اس عمل سے بتوں اور ان کے پجاریوں کی رسوائی مقصود تھی، نیز اس بات کا اظہار تھا کہ یہ بت خود اپنے آپ کو نفع یا نقصان پہنچانے کی طاقت نہیں رکھتے تو دوسروں کو کیا فائدہ دے سکتے ہیں۔
یہی وجہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے جہنم کا ایندھن پتھروں کو بھی بنایا ہے تاکہ مشرکین کی مزید رسوائی ہو کہ ان کے معبود بھی ان کے ہمراہ جہنم کا سامان بنے ہوئے ہیں۔
(2)
خلاف شرع آلات ضائع کرنا جائز ہیں۔
اس کے علاوہ آلات موسیقی توڑ کر ان کی شکل و صورت تبدیل کرنا جائز ہے، توڑنے کے بعد ان کی لکڑی استعمال میں لائی جا سکتی ہے۔
اگر بت سونے چاندی کے ہوں تو انہیں توڑنے کے بعد بقیہ ٹکڑوں کی خریدوفروخت کی جا سکتی ہے۔
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 2478   

تخریج الحدیث کے تحت دیگر کتب سے حدیث کے فوائد و مسائل
  الشیخ ڈاکٹر عبد الرحمٰن فریوائی حفظ اللہ، فوائد و مسائل، سنن ترمذی، تحت الحديث 3138  
´سورۃ بنی اسرائیل سے بعض آیات کی تفسیر۔`
عبداللہ بن مسعود رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ جس سال مکہ فتح ہوا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم مکہ میں داخل ہوئے تو خانہ کعبہ کے اردگرد تین سو ساٹھ بت نصب تھے، آپ اپنے ہاتھ میں لی ہوئی چھڑی سے انہیں کچوکے لگانے لگے (عبداللہ نے کبھی ایسا کہا) اور کبھی کہا کہ آپ اپنے ہاتھ میں ایک لکڑی لیے ہوئے تھے، اور انہیں ہاتھ لگاتے ہوئے کہتے جاتے تھے «جاء الحق وزهق الباطل إن الباطل كان زهوقا» حق آ گیا باطل مٹ گیا باطل کو مٹنا اور ختم ہونا ہی تھا (بنی اسرائیل: ۸۱)، «جاء الحق وما يبدئ الباطل وما يعيد» حق غالب آ گیا ہے، اب باطل نہ ابھر سکے گا اور نہ ہی لو۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن ترمذي/كتاب تفسير القرآن/حدیث: 3138]
اردو حاشہ:
وضاحت:
1؎:
حق آ گیا باطل مٹ گیا باطل کو مٹنا اورختم ہونا ہی تھا۔
(بنی اسرائیل: 81)

2؎:
حق غالب آ گیا ہے،
اب باطل نہ ابھر سکے گا اورنہ ہی لوٹ کر آئے گا۔
 (سبا: 49)
   سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 3138   

  الشيخ محمد ابراهيم بن بشير حفظ الله، فوائد و مسائل، مسند الحميدي، تحت الحديث:86  
86- سیدنا عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں: فتح مکہ کے موقع پر نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم جب مکہ میں داخل ہوئے، تو اس وقت خانۂ کعبہ کے اردگرد تین سو ساٹھ (360) بت نصب تھے، تو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے دست مبارک میں موجود چھڑی کے ذریعہ انہیں مارنا شروع کیا، تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم یہ پڑھتے جارہے تھے۔ حق آگیا اور باطل (کسی چیز کا) نہ آغاز کرتا ہے اور نہ ہی دوبارہ کرتا ہے۔ (یہ بھی پڑھا) حق آگیا اور باطل مٹ گیا بے شک باطل مٹنے ہی والا ہے۔ [مسند الحمیدی/حدیث نمبر:86]
فائدہ:
اس حدیث مبارکہ میں فتح مکہ کے موقع پر بیت اللہ کے اردگرد سے بتوں کوختم کرنے کا ذکر ہے۔ اس سے یہ بھی معلوم ہوا کہ اسلام طاقت سے ہی غالب آ تا ہے، کیونکہ یہ اللہ تعالیٰ کا دین ہے، اس کو کوئی بھی مغلوب نہیں کر سکتا۔ بتوں کو توڑنا فرض ہے کیونکہ یہ شرک کے اڈے ہوتے ہیں۔ یہی توحید کی غیرت ہے، اور دین ابراہیم علیہ السلام کی تجدید بھی ہے۔ جو چیز غلط ہو اس کے خلاف ہاتھ، زبان اور قلم استعمال کرنا فرض ہے، تاکہ احقاق حق اور ابطال باطل ثابت کیا جا سکے۔ امت مسلمہ سوئی ہوئی ہے، بزدل بن چکے ہیں، جرٱت ختم ہو چکی ہے، حالانکہ انقلاب کے لیے استقامت، حوصلہ اور جرٱت چاہیے۔
   مسند الحمیدی شرح از محمد ابراهيم بن بشير، حدیث/صفحہ نمبر: 86   

  الشيخ محمد ابراهيم بن بشير حفظ الله، فوائد و مسائل، مسند الحميدي، تحت الحديث:86/2  
فائدہ:
حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے شق القمر کے معجزے پر سب سے بڑا اعتراض یہ کیا جا تا ہے کہ اگر ایسا ہوا بھی ہے تو اس کا مشاہدہ پوری دنیا میں ہونا چاہیے تھا اور تاریخ کی کتابوں میں بھی اس کا تذکرہ ہونا چاہیے تھا۔
«SRتـبـصـرهER» ...... اگر اس معجزے کے وقت کا اندازہ کیا جائے تو یہ واضح ہوتا ہے کہ چاند کا پوری دنیا میں دیکھا جانا ناممکنات میں سے تھا۔ کیونکہ اس وقت چاند صرف عرب اور اس کے مشرقی ممالک میں نکلا ہوا تھا۔ پھر اس معجزے کا وقت بھی طویل نا تھا اور اس روایت کے مطابق کوئی دھماکہ یا تیز روشنی کا اخراج بھی نہیں ہوا اور نا ہی اس کے اثرات زمین پر کسی قسم کے پڑے کہ لوگ خصوصی طور پر گھروں سے نکل آتے اور اس منظر کو دیکھ پاتے۔ ظاہر ہے کہ یہ ایک متوقع معجزہ نہیں تھا کہ تمام دنیا کی نظر میں چاند پر ہوتیں۔ اس لیے میں معجزہ صرف انھی لوگوں نے دیکھا جنھوں نے معجزے کا مطالبہ کیا تھا۔ لیکن پھر بھی بہت سے ایسے آثار موجود ہیں جو اس واقعے کی گواہی دیتے ہیں، ہم چند کا تذکرہ کرتے ہیں۔
? آثار قدیمہ کے ماہرین کو بھی اس قسم کے کچھ ایسے شواہد ملے ہیں جو معجزۂ شق القمر کو بخو بی واضح کرتے ہیں،، کچھ غیر ملکی اخبار نے ایک خبر نشر کی تھی جس کا عربی ترجمہ آستانہ سے نکلنے والے عربی اخبار الانسان میں شائع ہوا تھا۔ اس کا خلاصہ یہ ہے کہ چین کی ایک قدیم عمارت سے کچھ پتھر نکلے ہیں جن پر لکھا ہوا ہے کہ اس مکان کی تعمیر فلاں سال میں ہوئی، جس سال کہ ایک بہت بڑا آسمانی حادثہ اس طور پر رونما ہوا تھا کہ چاند دو حصوں میں بٹ گیا، ماہرین نے اس پتھر پر لکھی ہوئی تاریخ کا جب حساب لگایا تو ٹھیک وہی تاریخ تھی جب مولانا و سیدنا رسول اللہ ﷺ کے انگلیوں کے اشارہ سے معجزہ شق القمر رونما ہوا تھا!! (باكورة الكلام، بحواله محمد ﷺ ص: 383، مطبعه دارالکتب العلميه بيروت، سنه 5791)
? انگریز دور میں پادری فنڈر نے مشہور عالم مولا نا رحمت اللہ کیرانوی کے ساتھ مناظرہ میں بھی یہ سارے اشکالات پیش کیے تھے۔ مولانا کے جوابات سے لا جواب ہوا (یہ جوابات مولا نا کیرانوی کی مشہور زمانہ کتاب اظہار الحق کی اردو شرح بائبل سے قرآن تک از مفتی تقی عثمانی صاحب کی تیسری جلد میں صفحہ 115 پر بھی دیکھے جا سکتے ہیں)۔ اس کے علاوہ مفتی عنایت اللہ رحمہ اللہ نے رسالہ الكلام المبین میں بھی بعض اعتراضات کا جواب دیا ہے۔ یہاں اس کی نقل کی گنجائش نہیں، مفتی صاحب نے بعض راجاؤں کے دیکھنے کے بھی مستند حوالے دیے ہیں۔ اس طرح مولانا رفیع الدین صاحب کا ایک مستقل رسالہ ان عتراضات کے جواب میں ہے۔ (اسلام اور عقلیات صفحہ: 294)
   مسند الحمیدی شرح از محمد ابراهيم بن بشير، حدیث/صفحہ نمبر: 87   

  الشيخ الحديث مولانا عبدالعزيز علوي حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث ، صحيح مسلم: 4625  
حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ تعالی عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم مکہ میں داخل ہوئے اور کعبہ کے اردگرد تین سو ساٹھ بت تھے، آپﷺ اپنے ہاتھ کی چھڑی سے انہیں کچوکا لگانے لگے اور فرمانے لگے: حق آ گیا باطل مٹ گیا، باطل مٹنے ہی والا ہے، [صحيح مسلم، حديث نمبر:4625]
حدیث حاشیہ:
مفردات الحدیث:
(1)
نُصُبٌ يا نُصْبُ:
اس کی جمع انصاب ہے،
بت جن کو اللہ کو چھوڑ کر پوجا جاتا ہے۔
(2)
ذهق الباطل:
باطل تباہ وبربادہوا،
مٹ گیا،
ماند پڑگیا۔
(3)
مَايُبْدِئُ الْبَاطِلُ وَمَايُعِيْدُ:
بقول زمحشری:
لا يبدئي ولايعيد کا جملہ اس وقت استعمال کرتے ہیں،
جب کوئی چیز مٹ جائے یا ختم ہوجائے،
اس لیے معنی ہوا حق آگیا اور اس کی آمد پر یہ باطل مٹ گیا۔
فوائد ومسائل:
فاکہی اور طبرانی کی روایت سے ثابت ہوتا ہے،
آپ صلی اللہ علیہ وسلم جس بت کے سامنے گئے وہ زمین میں مضبوط طور پر پیوست ہونے کے باوجود اپنی گدی کے بل گر گیا۔
   تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 4625   

  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 4287  
4287. حضرت عبداللہ بن مسعود ؓ سے روایت ہے، انہوں نے فرمایا: نبی ﷺ مکہ مکرمہ میں داخل ہوئے تو بیت اللہ کے چاروں طرف تین سو ساٹھ (360) بت تھے۔ انہیں آپ اپنے ہاتھ کی چھڑی سے مارتے اور فرماتے: "حق آ گیا اور باطل مٹ گیا۔ حق آ گیا، باطل سے نہ پہلے کچھ ہوا ہے نہ آئندہ کچھ ہو سکے گا۔" [صحيح بخاري، حديث نمبر:4287]
حدیث حاشیہ:
پہلی آیت سورۃ بنی اسرائیل میں اور دوسری آیت سورۃ سبا میں ہے۔
حق سے مراد دین اسلام اور باطل سے بت اور شیطان مراد ہے۔
باطل کا آغاز اور انجام سب خراب ہی خراب ہے۔
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 4287   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:4287  
4287. حضرت عبداللہ بن مسعود ؓ سے روایت ہے، انہوں نے فرمایا: نبی ﷺ مکہ مکرمہ میں داخل ہوئے تو بیت اللہ کے چاروں طرف تین سو ساٹھ (360) بت تھے۔ انہیں آپ اپنے ہاتھ کی چھڑی سے مارتے اور فرماتے: "حق آ گیا اور باطل مٹ گیا۔ حق آ گیا، باطل سے نہ پہلے کچھ ہوا ہے نہ آئندہ کچھ ہو سکے گا۔" [صحيح بخاري، حديث نمبر:4287]
حدیث حاشیہ:

حق سے مراد، دین اسلام اور باطل سے مراد کفر، بت اور شیطانی حرکات ہیں۔
باطل کاآغاز اور انجام سب خراب ہی خراب ہے۔

ایک روایت میں ہے کہ رسول اللہ ﷺ جس بت اور مورتی کے سامنے جاتے اور اس کی طرف اشارہ کرتے تو وہ گڑپڑتی، حالانکہ انھیں اچھی طرح نسب کیا گیاتھا اورابلیس نے انھیں تانبے کی تاروں سے باندھا ہوا تھا۔
(المعجم الکبیر للطبراني: 339/10۔
رقم الحدیث 10656۔
)


رسول اللہ ﷺ نے یہ اقدا م اس لیے کیا تاکہ بتوں اوران کے پرستاروں کو ذلیل کیا جائے اور اس بات کو ظاہر کرنے کے لیے انھیں گرایا کہ ان کے ہاتھ میں کچھ نہیں ہے۔
یہ تو اپنا دفاع نہیں کرسکتے کسی دوسرے کو نفع یا نقصان کیا پہنچاسکتے ہیں۔
(فتح الباري: 22/8۔
)

   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 4287   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:4720  
4720. حضرت عبداللہ بن مسعود ؓ سے روایت ہے، انہوں نے فرمایا: رسول اللہ ﷺ مکہ میں داخل ہوئے تو اس وقت بیت اللہ کے چاروں طرف تین سو ساٹھ بت نصب تھے۔ آپ ﷺ اپنے دست مبارک میں پکڑی ہوئی ایک چھڑی انہیں مارتے جاتے اور یہ آیات پڑھ رہے تھے۔ حق آ گیا اور باطل نابود ہو گیا۔ بےشک باطل تو ہے ہی نیست و نابود ہونے والا۔ حق آ گیا اور باطل نہ تو کسی چیز کو شروع کر سکتا ہے اور نہ کسی چیز کو لوٹا سکتا ہے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:4720]
حدیث حاشیہ:

ایک روایت میں ہے کہ جب مکہ فتح ہوا تو اس وقت آپ نے یہ کام کیا۔
(صحیح البخاري، المغازي، حدیث: 4287)
حق سے مراد قرآن اوردین حق، باطل سے مراد کفر وشرک ہے۔
مطلب یہ ہے کہ اللہ کی طرف سے اللہ کا دین اور اس کا قرآن آگیا ہے، جس سے باطل ختم ہوگیا ہے، اب وہ سر اٹھانے کے قابل نہیں رہا۔

حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ فتح مکہ کے وقت جب آپ نے کعبہ میں تصویریں دیکھیں تو آپ اس میں داخل نہیں ہوئے یہاں تک کہ آپ کے حکم سے تمام تصویریں مٹا دی گئیں۔
آپ نے حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی تصویریں دیکھیں جن کے ہاتھوں میں قسمت آزمائی کے تیر تھے۔
آپ نے فرمایا:
ان(مشرکوں)
کو اللہ تباہ و برباد کرے! اللہ کی قسم! انھوں (سیدنا ابراہیم علیہ السلام اور اسماعیل علیہ السلام)
نے کبھی تیروں سے فال نہیں لی تھی۔
(صحیح البخاري، أحادیث الأنبیاء، حدیث: 3352)
ایک دوسری روایت میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جب بیت اللہ میں داخل ہوئے تو دیکھا وہاں سیدنا ابراہیم علیہ السلام اور سیدہ مریم علیہ السلام کی تصاویر ہیں۔
آپ نے فرمایا:
وہ تو سن چکے ہیں کہ جس گھر میں تصویریں ہوں وہاں فرشتے داخل نہیں ہوتے۔
یہ حضرت ابراہیم علیہ السلام کی تصویر ہے ان کو کیا ہوا؟ بھلا وہ ان تیروں سے قسمت آزمائی کرتے؟ (صحیح البخاري، أحادیث الأنبیاء، حدیث: 3351)

بہرحال رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جب ان آیات کی تلاوت کرتے ہوئے بیت اللہ میں داخل ہوئے تو یہ آیات ایک واضح حقیقت بن کر قریش مکہ کے سامنے آچکی تھیں۔
واللہ اعلم۔
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 4720