ہم سے عمرو بن علی فلاس نے بیان کیا، کہا کہ ہم سے یحییٰ بن سعید قطان نے بیان کیا، ان سے ہشام بن حسان فردوسی نے بیان کیا، ان سے محمد بن سیرین نے بیان کیا اور ان سے ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے پہلو پر ہاتھ رکھ کر نماز پڑھنے سے منع فرمایا۔ [صحيح البخاري/كتاب العمل في الصلاة/حدیث: 1220]
مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 1220
حدیث حاشیہ: یعنی کوکھ پر ہاتھ رکھنے سے منع فرمایا۔ حکمت اس میں یہ ہے کہ ابلیس اسی حالت میں آسمان سے اتاراگیا اور یہود اکثر ایسا کیا کرتے تھے یا دوزخی اسی طرح راحت لیں گے۔ اس لیے اس سے منع کیا گیا، یہ متکبروں کی بھی علامت ہے۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 1220
تخریج الحدیث کے تحت دیگر کتب سے حدیث کے فوائد و مسائل
علامه صفي الرحمن مبارك پوري رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث بلوغ المرام 187
´نماز میں خشوع و خضوع کی ترغیب کا بیان` «. . . عن أبي هريرة رضي الله عنه قال: نهى رسول الله صلى الله عليه وآله وسلم أن يصلي الرجل مختصرا. متفق عليه . واللفظ لمسلم، ومعناه أن يجعل يده على خاصرته. وفي البخاري عن عائشة رضي الله عنها: «أن ذلك فعل اليهود» . . . .» ”. . . ´سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ` رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے آدمی کو نماز میں اپنے دونوں کولہوں (پہلووں) پر ہاتھ رکھ کر نماز پڑھنے سے منع فرمایا ہے۔ (بخاری و مسلم) الفاظ حدیث مسلم کے ہیں اور بخاری میں سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے مروی ہے کہ یہ یہودیوں کی نماز کا طریقہ ہے۔ . . .“[بلوغ المرام/كتاب الصلاة/باب الحث على الخشوع في الصلاة: 187]
� لغوی تشریح: «بَابُ الْحَثِّ» «حَثَّ يَحُثُّ حَثًّا»، ترغیب دلانا، ہمت دلانا، نشاط اور چستی پیدا کرنا، اُبھارنا۔ «اَلْخُشُوع» ظاہری اور باطنی عاجزی، یعنی تمام اعضائے انسانی آنکھ، دل، ہاتھ اور پاؤں وغیرہ کی ہر قسم کی حرکت صرف اللہ تعالیٰ ہی کے لیے ہو۔ «مُخْتَصِرًا» اختصار سے اسم فاعل ہے۔ اس کی تفسیر خود مصنف نے بیان کی ہے، یعنی کوکھوں (پہلوؤں) پر اپنا ہاتھ رکھنا۔ «خاصرة» انسان کے جسم کے اس حصے کو کہتے ہیں جو سرین کے اوپر اور پسلیوں کے نیچے ہوتا ہے۔
فوائد و مسائل: ➊ نماز چونکہ خالص اللہ کے لیے پوری توجہ اور انہماک کے ساتھ ادا کرنی چاہیے، لہٰذا اس دوران میں ایسی ہیئت، حرکت اور فعل سرزد نہیں ہونا چاہیے جو نماز کے اس وصف کے منافی ہو۔ دست بستہ کھڑا ہونا ہی ادب ہے۔ ➋ پہلو پر ہاتھ رکھ کر کھڑے ہونا متکبرانہ فعل ہے جو عجز و انکسار کے خلاف ہے۔ نماز میں تو عجز و انکسار، فروتنی اور مسکین کی سی صورت وہیئت ہونی چاہیے جو اللہ کو پسند ہے۔ ➌ تکبر و نخوت کی حالت ناپسندیدہ ہے، اس لیے نماز میں ”اختصار“(کوکھوں پر ہاتھ رکھنے) کو ناپسندیدہ قرار دیا گیا ہے، نیز یہ ہیئت یہود کی ہے، اس لیے ان کے ساتھ مشابہت سے اجتناب بھی ضروری ہے۔
بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری، حدیث/صفحہ نمبر: 187
الشيخ عمر فاروق سعيدي حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث سنن ابي داود 947
´کمر پر ہاتھ رکھ کر نماز پڑھنے کے حکم کا بیان۔` ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے نماز میں «الاختصار» سے منع فرمایا ہے۔ ابوداؤد کہتے ہیں: «الاختصار» کا مطلب یہ ہے کہ آدمی اپنا ہاتھ اپنی کمر پر رکھے ۱؎۔ [سنن ابي داود/أبواب تفريع استفتاح الصلاة /حدیث: 947]
947۔ اردو حاشیہ: اہل لغت نے «اختصار» کے دو تین معانی ذکر کیے ہیں۔ ایک یہ کہ لاٹھی کا سہارا لے کر کھڑے ہونا، دوسرے صورت قرآن کو مختصر کرتے ہوئے آخر سے پڑھنا یا نماز کے ارکان کو ازحد مختصر (چھوٹا) کر دینا، تو امام صاحب نے اس کا معنی متعین فرما دیا ہے اور یہی صحیح ہے۔ مذید دیکھیے: [باب۔ 155۔ 156۔ حديث903]
سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعدی، حدیث/صفحہ نمبر: 947
فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث 891
´نماز میں کوکھ (کمر) پر ہاتھ رکھنے کی ممانعت کا بیان۔` ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے اس بات سے منع کیا ہے کہ کوئی شخص کوکھ (کمر) پر ہاتھ رکھ کر نماز پڑھے ۱؎۔ [سنن نسائي/كتاب الافتتاح/حدیث: 891]
891 ۔ اردو حاشیہ: ➊ نماز میں ہر رکن کی ادائیگی کے دوران میں ہاتھوں کی کوئی نہ کوئی جگہ مقرر ہے۔ کوکھ پر ہاتھ رکھنے سے اصلی حالت کی خلاف ورزی ہو گی، اس لیے یہ منع ہے۔ کہا گیا ہے کہ شیطان اس طرح کھڑا ہوتا ہے، یا یہودی اس طرح عبادت کرتے تھے، یا اہل مصائب نوحے کے وقت ایسے کھڑے ہوتے ہیں، یا جہنمی جہنم میں ایسے کھڑے ہوں گے، یا یہ متکبرین کی خصلت ہے۔ یہ تمام تشبیہات ہیں، لہٰذا منع فرمایا۔ واللہ أعلم۔ ➋ «تخصر» کے یہ معنی جمہور اہل علم کے نزدیک ہیں۔ بعض نے اس سے، سہارے کے لیے ہاتھ میں چھڑی پکڑنا، یا سورت کا کچھ حصہ پڑھنا، یا رکوع اور سجدہ مکمل نہ کرنا مراد لیا ہے مگر یہ معانی مرجوح ہیں، نیز یہ آئندہ حدیث کے منافی ہیں۔
سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 891
الشیخ ڈاکٹر عبد الرحمٰن فریوائی حفظ اللہ، فوائد و مسائل، سنن ترمذی، تحت الحديث 383
´نماز میں کوکھ پر ہاتھ رکھنے کی ممانعت کا بیان۔` ابوہریرہ رضی الله عنہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے کوکھ پر ہاتھ رکھ کر نماز پڑھنے سے منع فرمایا ۱؎۔ [سنن ترمذي/كتاب الصلاة/حدیث: 383]
اردو حاشہ: 1؎: یہ ممانعت اس لیے ہے کہ یہ تکبر کی علامت ہے جب کہ نماز اللہ کے حضور عجز و نیاز مندی کے اظہار کا نام ہے۔
سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 383
الشيخ الحديث مولانا عبدالعزيز علوي حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث ، صحيح مسلم: 1218
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم ﷺ نے آدمی کو کوکھ پر ہاتھ رکھ کر نماز پڑھنے سے منع فرمایا، ابوبکر کی روایت میں، نبی کے بجائے رسول اللہ کا لفظ ہے۔ [صحيح مسلم، حديث نمبر:1218]
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل: (اِخْتِصَارُ فِي الصَّلاَة) سے کیا مراد ہے؟ اس کے بارے میں علمائےدین میں اختلاف ہے، اکثر کے نزدیک اور راجح معنی یہی ہے کہ کوکھ پر ہاتھ رکھنا نماز میں جائز نہیں ہے، علامہ ہروی نے کہا، اختصار یہ ہے کہ مکمل سورت نہ پڑھے شروع یا آخر سے دوچار آیات پڑھ لے یا قراءت جلد جلد کرے۔ امام غزالی رحمۃ اللہ علیہ کے بقول قراءت کرتے وقت درمیان سے سجدہ والی آیت چھوڑ دے، علامہ خطابی کے نزدیک، نمازمیں عصا (لاٹھی) کا سہارا لینا مراد ہے اور بعض کے نزدیک ارکان نماز یعنی قیام، رکوع اور سجدہ میں اعتدال نہ کرنا مراد ہے۔ 2۔ اختصار کوکھ پر ہاتھ رکھنے کی حکمت کے بارے میں مختلف اقوال ہیں۔ 1۔ ابلیس کو جنت سے اس حالت میں اتارا گیا۔ 2۔ ابلیس اسی حالت میں چلتا ہے۔ 3۔ یہ یہودیوں کا طرز عمل ہے۔ 4۔ دوزخی اس طرح آرام کرتےہیں۔ 5۔ یہ فخرو گھمنڈ کرنے والوں کا رویہ ہے۔ حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا سے تیسری صورت مروی ہے۔
تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 1218
الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:1219
1219. حضرت ابوہریرہ ؓ سے روایت ہے، انہوں نے فرمایا کہ دوران نماز کوکھ پر ہاتھ رکھنے سے منع کیا گیا ہے۔ حضرت ہشام اور ابو ہلال حضرت ابن سیرین سے، وہ حضرت ابوہریرہ ؓ سے اور وہ نبی ﷺ سے بیان کرتے ہیں کہ آپ ﷺ نے دوران نماز کوکھ پر ہاتھ رکھنے سے منع فرمایا ہے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:1219]
حدیث حاشیہ: احادیث میں اس حکم امتناعی کی چند وجوہات بیان ہوئی ہیں: ٭ ایسا کرنا تکبر کی علامت ہے۔ ٭ یہود اکثر ایسا کرتے ہیں، ان سے مشابہت کی بنا پر روکا گیا ہے۔ ٭ ابلیس کو اس حالت میں آسمان سے اتارا گیا تھا۔ ٭ اہل جہنم آرام کے وقت ایسا کریں گے، اس لیے دوران نماز ایسا کرنے سے منع کیا گیا ہے۔ زیاد بن صبیح کہتے ہیں کہ میں نے ایک مرتبہ حضرت عبداللہ بن عمر ؓ کے پہلو میں کھڑے ہو کر نماز پڑھی۔ میں نے دوران نماز اپنا ہاتھ کوکھ پر رکھ لیا۔ جب نماز سے فارغ ہوا تو آپ نے فرمایا: یہ تو نماز میں صلیب کی وضع اختیار کرنا ہے، رسول اللہ ﷺ اس سے منع فرماتے تھے۔ (سنن أبي داود، الصلاة، حدیث: 903، و فتح الباري: 116/3)
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 1219