سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ گویا کہ میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے سر مبارک کی مانگ میں خوشبو (کستوری) کی چمک کو دیکھ رہی ہوں حالانکہ آپ حالت احرام میں ہیں۔ [صحيح ابن خزيمه/كِتَابُ: الْمَنَاسِكِ/حدیث: 2585]
سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا بیان کرتی ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی مانگ میں خوشبو (کی چمک) دیکھی حالانکہ آپ لبیک پکار رہے تھے۔ [صحيح ابن خزيمه/كِتَابُ: الْمَنَاسِكِ/حدیث: 2586]
حسن بن محمد زعفرانی روح شعبه قلم، حماد، منصور اور سلیمان ابراہیم اسود کے حوالے سے بیان کرتے ہیں کہ سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں، گویا کہ میں اس وقت بھی نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی مانگ میں خوشبو کی چمک دیکھ رہی ہوں آپ اُس وقت احرام باندھے ہوئے تھے۔ سلیمان نامی راوی نے یہ الفاظ بیان کیے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے بالوں میں، جبکہ منصور نامی راوی نے یہ الفاظ بیان کیے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے بالوں کی جڑوں میں (خوشبو) دیکھ رہی ہوں۔ جبکہ حکم اور حماد نامی راوی نے یہ الفاظ بیان کیے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے سر کی مانگ میں۔ [صحيح ابن خزيمه/كِتَابُ: الْمَنَاسِكِ/حدیث: 2587]