اُم المؤمنین سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا بیان کرتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ہمارے کھانے کو پسند فرماتے تھے۔ پس ایک دن آپ صلی اللہ علیہ وسلم تشریف لائے تو فرمایا: ” کیا تمہارے پاس اس کھانے سے کچھ ہے؟“ تو میں نے عرض کیا کہ نہیں۔ تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”(پھر) میں روزے سے ہوں۔“[صحيح ابن خزيمه/حدیث: 2141]
امام ابوبکر رحمه الله فرماتے ہیں کہ ہم نے عاشوراء کے روزے کے ابواب میں عاشوراء کے روزے کے بارے میں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی احادیث بیان کردی ہیں۔ جن میں آپ کا یہ حُکم بھی ہے کہ جس شخص نے رات کو نیت نہیں بھی کی وہ بھی عاشوراء کا روزہ رکھے۔ [صحيح ابن خزيمه/حدیث: 2142]