حضرت ثعلبہ بن زہدم رحمه الله بیان کرتے ہیں کہ ہم سیدنا سعید بن عاص رضی اللہ عنہ کے ساتھ طبرستان میں تھے تو اُنہوں نے پوچھا، تم میں سے کس نے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ نماز خوف پڑھی ہے؟ سیدنا حذیفہ رضی اللہ عنہ نے جواب دیا کہ میں نے پڑھی ہے۔ سیدنا حذیفہ رضی اللہ عنہ (نماز پڑھانے کے لئے) کھڑے ہوئے اور لوگوں نے اُن کے پیچھے دو صفیں بنائیں۔ ایک صف اُن کے پیچھے کھڑی ہوگئی اور دوسری صف دشمن کے سامنے صف آراء ہوگئی۔ تو جو لوگ اُن کے پیچھے کھڑے تھے، سیدنا حذیفہ نے اُنہیں ایک رکعت پڑھائی، پھر یہ لوگ اُن کی جگہ جا کر صف آراء ہو گئے، اور وہ لوگ آئے تو اُنہیں بھی ایک رکعت پڑھائی۔ اور اُنہوں نے (دوسری رکعت) مکمّل نہیں کی۔ جناب ابوالشعثاء کی روایت میں یہ الفاظ موجود نہیں کہ اُنہوں نے (دوسری رکعت) مکمّل نہیں کی۔ [صحيح ابن خزيمه/جُمَّاعُ أَبْوَابِ صَلَاةِ الْخَوْفِ/حدیث: 1343]
سیدنا عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ذی قرد مقام پر نماز (خوف) پڑھائی۔ جناب ابوموسیٰ کی روایت میں ہے کہ سیدنا حذیفہ رضی اللہ عنہ کی نماز جیسی اور جناب بندار نے سیدنا حذیفہ رضی اللہ عنہ کی حدیث جیسی روایت بیان کی اور اس کے آخر میں یہ الفاظ روایت کیے، اور اُنہوں نے (دوسری رکعت) مکمّل نہیں کی۔ [صحيح ابن خزيمه/جُمَّاعُ أَبْوَابِ صَلَاةِ الْخَوْفِ/حدیث: 1344]
جناب قاسم بن حسان رحمه الله نے سیدنا زید بن ثابت رضی اللہ عنہ کے واسطے سے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے سیدنا حذیفہ رضی اللہ عنہ کی نماز جیسی روایت بیان کی ہے۔ [صحيح ابن خزيمه/جُمَّاعُ أَبْوَابِ صَلَاةِ الْخَوْفِ/حدیث: 1345]
سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما بیان کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے تمہارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی زبان سے حضر میں چار رکعات، سفر میں دو رکعات اور خوف کی حالت میں ایک رکعت نماز فرض کی ہے۔ [صحيح ابن خزيمه/جُمَّاعُ أَبْوَابِ صَلَاةِ الْخَوْفِ/حدیث: 1346]