جناب سماک بن حرب کہتے ہیں کہ میں نے سیدنا جابر بن سمرہ رضی اللہ عنہ کو فرماتے ہوئے سنا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ظہر اور عصر میں سورہ «وَاللَّيْلِ إِذَا يَغْشَىٰ» [ سورة الليل ] اور «وَالشَّمْسِ وَضُحَاهَا» [ سورة الشمس ] اور ان جیسی سورتیں پڑھا کرتے تھے۔ [صحيح ابن خزيمه/جُمَّاعُ أَبْوَابِ الْأَذَانِ وَالْإِقَامَةِ/حدیث: 510]
جناب عبداللہ بن بریدہ اسلمی اپنے والد محترم سیدنا بریدہ رضی اللہ عنہ سے روایت کرتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم ظہر کی نماز میں سورہ «إِذَا السَّمَاءُ انشَقَّتْ» [ سورة الإنشقاق ] اور اس جیسی سورتیں پڑھتے تھے اور صبح کی نماز میں اس سے لمبی قرأت کیا کرتے تھے۔ [صحيح ابن خزيمه/جُمَّاعُ أَبْوَابِ الْأَذَانِ وَالْإِقَامَةِ/حدیث: 511]
سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتے ہیں کہ وہ نماز ظہر میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے سورہ «سَبِّحِ اسْمَ رَبِّكَ الْأَعْلَى» [ سورة الأعلى ] اور «هَلْ أَتَاكَ حَدِيثُ الْغَاشِيَةِ» [ سورة الغاشية ] کی قرأت ترنم کے ساتھ سنا کرتے تھے۔ [صحيح ابن خزيمه/جُمَّاعُ أَبْوَابِ الْأَذَانِ وَالْإِقَامَةِ/حدیث: 512]