سیدنا ابن مسعود رضی اللہ عنہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتے ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”بے شک روح القدس نے میرے دل میں پھونکا کہ بے شک کوئی شخص اس وقت تک نہیں مرے گا جب تک اپنا رزق نہ پورا کر لے لہٰذا تم اس سے ڈرو اور عمدہ (جائز) طریقے سے رزق طلب کرو۔“[مسند الشهاب/حدیث: 1151]
تخریج الحدیث: إسناده ضعیف، زبید یامی کو خبر دینے والا مجہول ہے۔
سیدنا جابر رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”لوگو! بے شک تم میں سے کوئی بھی اس وقت تک ہرگز نہ مرے گا جب تک اپنا رزق نہ پورا کر لے، اور رزق کو مؤخر نہ سمجھو، ا اللہ سے ڈرو، اور عمدہ طریقے سے رزق طلب کرو، جو چیز حلال ہو وہ لے لو اور جو حرام ہو اسے چھوڑ دو۔ [مسند الشهاب/حدیث: 1152]
تخریج الحدیث: «إسناده ضعيف، وأخرجه ابن ماجه: 2144، وابن حبان فى «صحيحه» برقم: 3239، 3241، والحاكم فى «مستدركه» برقم: 2144، 2145، 8019، السنة لابن ابي عاصم: 420» ابوز بیر اور ابن جریج مدلس راویوں کا عنعنہ ہے۔
وضاحت: فائده: - سیدنا جابر بن عبد اللہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ بے شک رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”رزق کو مؤخر نہ سمجھو کیونکہ بندہ اس وقت تک ہرگز نہ مرے گا جب تک اپنے حصہ کے رزق کے آخری ٹکڑے کو نہ پہنچ جائے لہٰذا تم عمدہ (جائز) طریقے سے رزق طلب کرو یعنی حلال پکڑ لو اور حرام ترک کر دو۔“[موارد الظلمان: 1984، 1985، وسنده صحيح]