سیدنا ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”بے شک اللہ تعالیٰ ٰ خوبصورت ہے اور خوبصورتی کوپسند کرتا ہے اور اس بات کو بھی پسند کرتا ہے کہ اپنے بندے پر اپنی نعمت (کا اثر) دیکھے اور وہ مصیبت اور محتاجی (دکھانے) سے نفرت کرتا ہے۔“[مسند الشهاب/حدیث: 1067]
تخریج الحدیث: «إسناده ضعيف، وأخرجه ابويعلي: 1055، شعب الايمان: 5790» عطیہ عوفی اور محمد بن ابی لیلیٰ ضعیف ہیں۔
عبيد الله بن سعيد بن کثیر بن عفیر کہتے ہیں کہ مجھے میرے والد سعید نے اپنے والد سے انہوں نے ان کے دادا سے روایت کیا کہ بے شک رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”بے شک اللہ خوبصورت ہے اور خوبصورتی کو پسند کرتا ہے۔“ اسے مسلم نے بھی اپنی سند کے ساتھ سیدنا ابن مسعود رضی اللہ عنہ سے انہوں نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کیا ہے اور انہوں نے اسے مختصر بیان کیا۔ [مسند الشهاب/حدیث: 1068]
تخریج الحدیث: إسناده ضعیف، عبید اللہ بن سعید ضعیف ہے، اس میں اور بھی علتیں ہیں۔
وضاحت: فائدہ: - سیدنا عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتے ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جس کے دل میں ذرہ برابر بھی تکبر ہوا وہ جنت میں داخل نہ ہوگا۔“ ایک آدمی نے عرض کیا: ”ایک شخص اس بات کو پسند کرتا ہے کہ اس کا کپڑا اچھا ہو، اس کا جوتا اچھا ہو؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”بے شک اللہ خوبصورت ہے اور خوبصورتی کو پسند کرتا ہے تکبر تو حق سے بے پرواہی اور لوگوں کو حقیر جاننا ہے۔“[مسلم: 91]