سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے مروی ہے کہ بے شک رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”عائشہ! معمولی سمجھے جانے والے گناہوں سے بھی بچو کیونکہ ان کے لیے بھی اللہ کی طرف سے ایک مطالبہ کرنے والا ہے۔“[مسند الشهاب/حدیث: 955]
وضاحت: تشریح: - مطلب یہ ہے کہ کبیرہ گناہوں کے ساتھ ساتھ صغیرہ سے بھی بچو کیونکہ انسان کا ہر عمل نوٹ ہو رہا ہے اور پھر یہ صغیرہ گناہ کبیرہ گناہوں کا پیش خیمہ ہی تو ہیں، شیطان اولاً چھوٹے گناہ کرواتا ہے اور پھر بڑے گناہوں میں لگا دیتا ہے صغیرہ گناہوں پر اصرار کرنے سے وہ پہاڑ کی شکل اختیار کر جاتے ہیں اور ان کے صغیرہ ہونے کی غلط فہمی میں انسان بخشش کا سامان بھی نہیں کر پاتا۔ ”صغیرہ گناہوں کے لیے اللہ تعالیٰ ٰ کی طرف سے ایک مطالبہ کرنے والا ہے۔“ یعنی روز قیامت یا تو وہ گناہ خود اللہ تعالیٰ ٰ سے عذاب کا مطالبہ کرے گا یا اس امر پر مامور فرشتہ اس کے لیے عذاب کا مطالبہ کرے گا اور یا پھر اس سے مراد جہنم ہے جو گناہ گاروں کی گھات میں ہے۔ واللہ اعلم