سیدنا براء بن عازب رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا۔۔۔۔۔ اور انہوں نے یہ حدیث بیان کی: ”سلام کو عام کرو سلامت رہو گے۔“[مسند الشهاب/حدیث: 718]
وضاحت: تشریح: - ”سلام کو عام کرو سلامت رہو گے۔“ یعنی آپس میں جب ایک دوسرے سے ملو تو سلام علیک کہو اس کا فائدہ ایک تو یہ ہوگا کہ تمہارے دل حسد و بغض، کینہ و نفرت کدورت، عداوت اور دوسرے گناہوں سے سلامت رہیں گے باہمی محبت میں اضافہ ہوگا جس سے معاشرے میں امن وسکون کی فضا پیدا ہوگی۔ حدیث میں ہے: ”تم اس وقت تک جنت میں داخل نہیں ہو سکتے جب تک تم مومن نہیں بن جاتے اور تم اس وقت تک مومن نہیں بن سکتے جب تک باہم محبت نہیں کرتے۔ کیا میں تمہیں ایسی چیز نہ بتاؤں جب تم اسے کرنے لگ جاؤ گے تو تمہاری باہم محبت ہو جائے گی؟ آپس میں سلام پھیلاؤ۔“[مسلم: 54] دوسرا فائدہ یہ ہے کہ تم لوگ قیامت کے دن عذابوں سے بچ کر سلامتی کے ساتھ جنت میں چلے جاؤ گے جیسا کہ آگے حدیث میں آ رہا ہے۔