سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ بے شک رسول الله صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جس شخص سے کسی علم کی بابت پوچھاگیا جسے وہ جانتا تھا لیکن اس نے اسے چھپایا (اور بتایا نہیں) اسے آگ کی لگام ڈالی جائے گی .“[مسند الشهاب/حدیث: 432]
تخریج الحدیث: «إسناده حسن، وأخرجه ابن حبان فى «صحيحه» برقم: 95، والحاكم فى «مستدركه» برقم: 343، 344، 345، وأبو داود فى «سننه» برقم: 3658، والترمذي فى «جامعه» برقم: 2649، وابن ماجه فى «سننه» برقم: 261، 266، وأحمد فى «مسنده» برقم: 7686، والطبراني فى «الصغير» برقم: 160، 315، 452»
قیس بن طلق اپنے والد سے روایت کرتے ہیں۔ اور وہ (قیس کے والد) ان لوگوں میں سے تھے جو وفد کی صورت میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آئے تھے۔ کہتے ہیں کہ رسول الله صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جس شخص سے کسی علم کی بابت پوچھا گیا لیکن اس نے اسے چھپایا اسے قیامت کے دن آگ کی لگام ڈالی جائے گی۔“[مسند الشهاب/حدیث: 433]
تخریج الحدیث: «إسناده ضعيف، وأخرجه المعجم الكبير: 8251» ایوب بن عتبہ ضعیف ہے
وضاحت: تشریح: - اس حدیث میں ایسے شخص کے بارے میں وعید فرمائی گئی ہے جس سے کسی دینی مسئلے کے متعلق سوال ہوا اور سائل کو جواب کی ضرورت بھی تھی لیکن اس نے علم ہونے کے باوجود سائل کو مسئلہ نہیں بتایا، گویا اس نے اپنے منہ میں لگام ڈالی ہو لہٰذا قیامت کے دن سزا بھی گناہ کے مطابق ہی ملے گی کہ منہ میں آگ کی لگام ڈالی جائے گی۔ ہاں اگر کوئی شرعی عذر ہو یا فساد وغیرہ کا خطرہ ہو تو ایسی صورت میں حکمت سے کام لیتے ہوئے بعض باتیں نہ بتانا بھی جائز ہے لیکن اہم موقع اور ضروری بیان کے وقت علم کو چھپانا جائز نہیں بلکہ یہ اتنا بڑا جرم ہے کہ اللہ تعالیٰ نے بنی اسرائیل کے علماء کو اس کی پاداش میں جہنم کے عذاب کی وعید سنائی ہے، قرآن مجید میں اس کا تذکرہ ہماری عبرت کے لیے ہے، فرمایا: ﴿إِنَّ الَّذِينَ يَكْتُمُونَ مَا أَنزَلْنَا مِنَ الْبَيِّنَاتِ وَالْهُدَىٰ مِن بَعْدِ مَا بَيَّنَّاهُ لِلنَّاسِ فِي الْكِتَابِ أُولَٰئِكَ يَلْعَنُهُمُ اللَّهُ وَيَلْعَنُهُمُ اللَّاعِنُونَ ٭ إِلَّا الَّذِينَ تَابُوا وَأَصْلَحُوا وَبَيَّنُوا فَأُولَٰئِكَ أَتُوبُ عَلَيْهِمْ وَأَنَا التَّوَّابُ الرَّحِيمُ ﴾(البقرة: 159- 160) ”بے شک جو لوگ اس کو چھپاتے ہیں جو ہم نے واضح دلیلوں اور ہدایت میں سے اتارا ہے اس کے بعد کہ ہم نے اسے لوگوں کے لیے کتاب میں کھول کر بیان کر دیا ہے ایسے لوگ ہیں کہ ان پر اللہ لعنت کرتا ہے اور سب لعنت کرنے والے ان پر لعنت کرتے ہیں۔ مگر وہ لوگ جنہوں نے توبہ کی اور اصلاح کرلی اور کھول کر بیان کر دیا تو یہ لوگ ہیں جن کی میں توبہ قبول کرتا ہوں اور میں ہی بہت توبہ قبول کرنے والا نہایت رحم والا ہوں۔“ سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ فرمایا کرتے تھے: ”اگر قرآن مجید میں یہ دو آیتیں نہ ہو تیں تو میں کبھی تم سے کوئی حدیث بیان نہ کرتا۔“[بخاري: 2350]