سیدنا ابوموسیٰ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”مومن مومن کے لیے عمارت کی مانند ہے جس کا ایک حصہ دوسرے حصے کو مضبوط کرتا ہے۔“[مسند الشهاب/حدیث: 134]
ابواسامہ سے یہ حدیث ان کی سند کے ساتھ ایک دوسرے طریق سے بھی اسی طرح مروی ہے اور اس میں ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے (سمجھانے کے لیے) اپنے ایک ہاتھ کی انگلیاں دوسرے ہاتھ کی انگلیوں میں ڈال کر دکھا ئیں۔ [مسند الشهاب/حدیث: 135]
تخریج الحدیث: «إسناده صحيح، وأخرجه البخاري 2446، و مسلم 6586، و الترمذي: 1928»
وضاحت: تشریح: اس حدیث مبارک میں مسلمانوں کو ایک عمارت کے ساتھ تشبیہ دے کر اجتماعیت کا درس دیا گیا ہے کہ جس طرح عمارت میں ایک اینٹ دوسری اینٹ کو مضبوط کرتی ہے اور پھر ساری اینٹیں ایک دوسرے کے ساتھ جڑ کر عمارت کو مضبوط بناتی ہیں، اسی طرح مسلمان ہیں جو ایک دوسرے کے معاون اور دست و بازو ہوتے ہیں۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے سمجھانے کے لیے ایک ہاتھ کی انگلیاں دوسرے ہاتھ کی انگلیوں میں داخل کر کے بتایا کہ مسلمان آپس میں ایک دوسرے کے ساتھ اس طرح مربوط و متحد ر ہیں جس طرح یہ انگلیاں ہیں۔