سیدنا عبدالرحمٰن بن شبل رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ میں نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا: ”سوار کو چاہیے کہ پیدل کو سلام کہے، اور چلنے والا بیٹھے ہوئے کو سلام کہے، تعداد میں تھوڑے زیادہ کو سلام کہیں، چنانچہ جس نے سلام کا جواب دیا تو اس کے لیے اس کا اجر ہے اور جس نے جواب نہ دیا اس کے لیے کچھ نہیں۔“[الادب المفرد/كِتَابُ السَّلامِ/حدیث: 992]
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”سوار کو چاہیے کہ پیدل کو سلام کہے، اور چلنے والا بیٹھے ہوئے کو سلام کہے، اور تھوڑے زیادہ کو سلام کہیں۔“[الادب المفرد/كِتَابُ السَّلامِ/حدیث: 993]
تخریج الحدیث: «صحيح: صحيح البخاري، الاستئذان، ح: 6232»
سیدنا جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، وہ فرماتے ہیں: دو پیدل چلنے والے جب اکٹھے ہوں تو ان میں سے جو سلام میں پہل کرے وہ افضل ہے۔ [الادب المفرد/كِتَابُ السَّلامِ/حدیث: 994]
تخریج الحدیث: «صحيح: صحيح ابن حبان (ابن بلبان)، ح: 498.»