2123. اسلام کی حالت میں ملنے والی عمر انتہائی قیمتی ہے
حدیث نمبر: 3152
-" ليس أحد أفضل عند الله من مؤمن يعمر في الإسلام، لتسبيحه وتكبيره وتهليله".
سیدنا عبداللہ بن شداد رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ قبیلہ بنو عذرہ کے چند لوگ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آئے اور اسلام قبول کیا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”کون ان کو کفایت کرے گا؟“ سیدنا طلحہ رضی اللہ عنہ نے کہا: میں۔ وہ طلحہ کے پاس ٹھہرے رہے۔ ایک دن نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک لشکر بھیجا، ان میں سے بھی ایک آدمی شریک ہوا اور شہید ہو گیا۔ (کچھ عرصے کے بعد) آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے دوسرا لشکر بھیجا، ان میں سے بھی ایک دوسرا آدمی شریک ہوا اور وہ بھی شہید ہو گیا، پھر (کچھ عرصے کے بعد) تیسرا آدمی اپنے بستر پر طبعی موت مر گیا. سیدنا طلحہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں: میں نے خواب میں ان تینوں کو جنت میں دیکھا، کیا دیکھتا ہوں کہ اپنے بستر پر طبعی موت مرنے والا سب سے آگے ہے، اس کے پیچھے دوسرے نمبر پر شہید ہونے والا ہے اور آخر میں سب سے پہلے شہید ہونے والا ہے۔ مجھے (ان مراتب سے) بڑی تشویش ہوئی، میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آیا اور یہ خواب بیان کیا۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”تم کو اس سے کیوں تعجب ہوا؟ وہ مومن سب سے افضل ہے، جسے اسلام کی زندگی نصیب ہوتی ہے، کیونکہ وہ (اپنی عمر میں) «سبحان الله، الحمدلله، لا اله الا الله» کہتا رہتا ہے۔“[سلسله احاديث صحيحه/فضائل القرآن والادعية والاذكار والرقي/حدیث: 3152]