4465. لیث نے ابن شہاب سے حدیث بیان کی، انہوں نے سعید بن مسیب اور ابوسلمہ سے، انہوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ سے اور انہوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کی کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”چوپائے کے (لگائے ہوئے) زخم پر تاوان نہیں، کنویں (کے زخم) کا تاوان نہیں، (معدنیات کی) کان (کے زخم) کا تاوان نہیں اور جاہلیت کے دفینے میں (بیت المال کا) پانچواں حصہ ہے۔“
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”حیوان کا زخمی کرنا رائیگاں ہے اور کنویں سے نقصان کا تاوان نہیں ہے اور کان سے پہنچنے والے نقصان کا ڈنڈ نہیں ہے اور جاہلیت کے دفینہ پر پانچواں حصہ ادا کرنا ہو گا۔“
یونس نے ابن شہاب سے، انہوں نے ابن مسیب اور عبیداللہ بن عبداللہ سے، انہوں نے ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے اور انہوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے اسی کے مانند روایت کی
امام صاحب اپنے دو اور اساتذہ کی سند سے مذکورہ بالا حدیث بیان کرتے ہیں۔
اسود بن علاء نے ابوسلمہ بن عبدالرحمان سے، انہوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے اور انہوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کی کہ آپ نے فرمایا: "کنویں کے زخم پر تاوان نہیں، (دھات وغیرہ کی) کان کے زخم پر تاوان نہیں، چوپائے کے زخم (یا نقصان) پا تاوان نہیں اور دفینے میں پانچواں حصہ ہے
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”کنویں کے زخم کا تاوان نہیں، کان کے زخم کا ڈنڈ نہیں ہے، حیوان کے زخم کا معاوضہ نہیں ہے اور رکاز میں پانچواں حصہ ہے۔“